مودی کا ٹوئٹر اکاؤنٹ ہیک بٹ کوائن سے متعلق بڑا اعلان

وزیراعظم مودی کے ٹوئٹر اکاؤنٹ کو بحال کرکے ڈیجیٹل کرنسی سے متعلق ٹوئٹ حذف کردی گئی


ویب ڈیسک December 12, 2021
بٹ کوائن کو سرکاری سطح پر تسلیم کرنے کا اعلان کیا گیا، فوٹو: فائل

LONDON: بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا ٹوئٹر اکاؤنٹ ہیک ہوگیا جس سے ڈیجیٹل کرنسی بٹ کوائن کو تسلیم کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارت کے وزیر اعظم نریندر مودی کے ٹوئٹر پر رات گئے اچانک اور غیر متوقع پر طور پر ملکی پالیسی سے متعلق اہم بیان نے نہ صرف صارفین کے ہوش اُڑا دیئے بلکہ کئی حکومتی اداروں کی بھی دوڑیں لگادیں۔

قصہ کچھ یوں ہے کہ رات دو بجے کے بعد وزیر اعظم مودی کی ٹوئٹ میں ڈیجیٹل کرنسی بٹ کوائن کو سرکاری طور پر تسلیم کرنے اور حکومت کی جانب سے 500 بٹ کوائن خریدکر عوام میں تقسیم کرنے کا اعلان کیا گیا۔

Modi tweet

وزیراعظم نریندر مودی کی اس حیران کن ٹوئٹ میں ڈیجیٹل کرنسی کی خرید و فروخت پر عوام کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا گیا کہ جلدی کیجیے، مستقبل کا آغاز آج سے ہو رہا ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل بھارتی حکومت کی جانب سے بٹ کوائن یا کسی بھی قسم کی کرپٹو کرنسی کے استعمال سے متعلق کوئی سرکاری پالیسی وضع نہیں کی گئی تھی۔



وزیر اعظم کی اس ٹوئٹ سے ڈیجیٹل کرنسی میں کام کرنے والوں کی گویا چاندی ہوگئی تاہم یہ خوشی عارضی ثابت ہوئی کیونکہ ایک گھنٹے بعد ہی وزیر اعظم کے دفتر کے سرکاری ٹوئٹر اکاؤنٹ سے وزیر اعظم نریندر مودی کا ذاتی ٹوئٹر اکاؤنٹ ہیک ہونے کی تصدیق کی گئی۔

وزیر اعظم مودی کے دفتر کے سرکاری ٹوئٹر اکاؤنٹ کی ٹویٹ میں کہا گیا کہ ہیکر نے ڈیجیٹل کرنسی کے بارے میں گمراہ کن ٹوئٹ کی ہے جس کا سرکاری پالیسی سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ اس لیے ان ٹوئٹس کو نظر انداز کیا جائے۔



بعد ازاں نریندر مودی کا ذاتی ٹوئٹر اکاؤنٹ بحال کرکے بٹ کوائن سے متعلق ٹوئٹس کو فوری طور پر ہٹا دیا گیا تاہم صارفین نے بھارتی وزیراعظم پر مزیدار فقرے کسے اور مزاحیہ میمز بھی بنائیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں