کراچی اور لاہور میں ’ڈراپ ان پچز‘ لگائی جائیں گی

آسٹریلیا میں شیڈول ٹی 20 ورلڈ کپ کی تیاریوں کا بہترین موقع میسر آئے گا۔

بڑی ٹیموں کو ہرانا ہے، تو سہولیات بھی ان جیسی ہی ہونا چاہیے، رمیز راجہ۔ فوٹو : فائل

QUETTA:
پاکستان ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی تیاری کیلیے ڈراپ ان پچز کا استعمال کرے گا جب کہ صنعتکار عارف حبیب کی طرف سے پی سی بی کو 37 کروڑ روپے مالیت کی 2پچز کا گفٹ مل گیا۔

پی ایس ایل کی ڈرافٹنگ تقریب میں چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے کہا کہ بڑی ٹیموں کو ان کی سرزمین پر ہرانا ہے تو سہولیات بھی اسی معیار کی لانا ہوں گی، صنعتکار عارف حبیب کی طرف سے پی سی بی کو 37 کروڑ روپے مالیت کی دو ڈراپ ان ٹرف کا گفٹ ملا ہے جو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم اور کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں نصب کی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ اگلا ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ آسٹریلیا میں شیڈول ہے، ان پچز پر کھیل کر ہمارے کھلاڑیوں کو بہترین تیاریوں کا موقع ملے گا، ڈومیسٹک کرکٹ میں کھلاڑی اپنی کارکردگی کا معیار بہتر بنائیں گے، ان پچز پر کھیل کر ہم آسٹریلیا کو اس کی سرزمین میں ہرانے کی صلاحیت حاصل کر سکتے ہیں، مجموعی طور پر انفرااسٹرکچر کے لحاظ سے 10 سال پیچھے ہیں، اسٹیڈیمز کا معیار بہتر بنانا ہوگا، یہ کام بہت پہلے شروع ہوجانا چاہیے تھا، بہرحال اب کرینگے۔


ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ لیگز مقامی کرکٹرز کی کارکردگی سے بنتی ہیں، غیر ملکی صرف تڑکا لگانے آتے ہیں، پی ایس ایل فاسٹ بولنگ کے لحاظ سے دنیا کی سب سے بہتر لیگ ہے، اس کو مالی طور پر مستحکم بنانے سے ہی دنیا کی مزید توجہ حاصل کرینگے، کھلاڑیوں کیلیے نیلامی کا طریقہ کار لانے کا حامی ہوں، اب بال اصل میں فرنچائزز کے کورٹ میں ہے، تھوڑا سا ٹائم دیں سب ٹھیک کروں گا،جونیئر پی ایس ایل بھی شروع کریں گے۔

رمیز راجہ نے کہا کہ وزیر اعظم کا جب موڈ اچھا ہوتو میرے ساتھ کرکٹ پر گپ شپ کرتے ہیں، بنگلہ دیش سیریز پر بات کرتے ہوئے ڈگ آؤٹ میں کوچز کا موازنہ کیا، ان کے پاس ملین ڈالرز کے کوچزز تھے ہمارے پاس نہ بیٹنگ کوچ نہ بولنگ کوچ تھا،سیریز کے نتائج اچھے ہیں تو اس کا مطلب ہوا، قومی سطح پر کوچز اتنے اہم نہیں، ہائی پرفارمنس سینٹر میں میں بڑے کوچز کو لا رہے ہیں، یہاں ان کی زیادہ ضرورت ہے۔

 
Load Next Story