شہباز شریف اور حمزہ شہباز ایف آئی اے چالان میں مرکزی ملزم نامزد

چالان میں شہباز شریف فیملی کے بے نامی داروں اور سہولت کاروں کو بھی ملزم نامزد کیا گیا ہے

ایف آئی اے نے منی لانڈرنگ چالان میں 100 گواہوں کی لسٹ بھی جمع کرا دی۔ فوٹو:فائل

کراچی:
ایف آئی اے نے اپنے چالان میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو مرکزی ملزم نامزد کیا ہے۔

ایف آئی اے نے شہباز ،حمزہ شہباز اور دیگر کے خلاف 16 ارب منی لانڈرنگ کا چالان عدالت میں جمع کرا دیا ہے، ایف آئی اے نے چالان بینکنگ جرائم کورٹ میں جمع کرایا جس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو مرکزی ملزم نامزد کیا گیا ہے۔

ایف آئی اے کا چالان سات والیمز پر مشتمل ہے، جس میں 100 گواہوں کی لسٹ بھی جمع کرا دی ہے، یہ گواہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف عدالت میں گواہی دیں گے۔


اس خبر کوبھی پڑھیں: حمزہ اور شہباز شریف کا چالان بینکنگ کورٹ میں جمع کروانے کا حکم

چالان میں شہباز شریف فیملی کے بے نامی داروں اور سہولت کاروں کو بھی ملزم نامزد کیا گیا ہے، سلمان شہباز سمیت تین ملزمان اس مقدمے میں اشتہاری ہو چکے ہیں۔

گزشتہ سماعت میں وکیل ایف آئی اے نے بینکنگ کورٹ سے کہا تھا کہ ہم چالان متعلقہ عدالت کے سامنے پیش کریں گے، ہمارا اعتراض ہے کہ بیکنگ جرائم کورٹ کے پاس اس کیس کو سننے کا اختیار نہیں۔

بینکنگ کورٹ نے ایف آئی اے کے وکیل پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیئے تھے کہ درخواستیں یہاں چل رہی ہیں آپ کیسے کسی اور کیس میں چالان جمع کرا سکتے ہیں، آپ عدالت کو گمراہ نہ کریں، آپ کا اعتراض متعلقہ عدالت سن کے فیصلہ کر دے گی۔ عدالت نے ایف آئی اے کو شہباز شریف اور حمزہ شہباز کا چالان بنکنگ کورٹ میں جمع کروانے کا حکم دیا تھا۔
Load Next Story