سویت یونین کے ٹکڑے ہونے کے بعد ٹیکسی چلا کر گزارا کیا تھا صدر پوٹن

سویت یونین کے ٹوٹنے سے روسی شہری رنجیدہ ہوگئے تھے اور معیشت بیٹھ گئی تھی، روسی صدر

روس ایک تاریخی حقیقت ہے، صدر پوٹن

ISLAMABAD:
روس کے صدر ولادیمیر پوٹن نے کہا ہے کہ سویت یونین کے ٹکڑے ٹکڑے ہونے کے بعد کافی عرصے تک گھریلو اخراجات پورا کرنے کے لیے ٹیکسی چلائی تھی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق روسی صدر نے سقوطِ سویت یونین کو ایک دلخراش سانحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ سویت یونین کے ٹکڑے ٹکڑے ہونے پر روسی شہری غمگین ہوگئے تھے۔

صدر پوٹن نے جذباتی انداز میں کہا کہ سویت یونین کا حصے بخیرے ہونا دراصل تاریخی روس کے ٹکڑے ہونا تھا جو اس وقت سویت یونین کے نام سے موسوم تھا۔


روسی صدر نے مزید کہا کہ سویت یونین کے ٹکڑے ہونے کے بعد معیشت زمین بوس ہوگئی اور غربت نے ڈیرے ڈال دیئے تھے۔ میں نے بھی ٹیکسی چلا کر گزارا کیا تھا۔ ہم نے بڑی مشکل سے خود سنبھالا ہے۔

روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے ان خیالات کا اظہار فلم سازوں سے گفتگو میں کیا جو روس کی تاریخ پر مبنی فلم کو روسی زبان میں ڈب کر رہے ہیں جس کا مقصد نئی نسل کو روس کی تاریخ سے آگاہ کرنا ہے۔

واضح رہے کہ روسی سوشلسٹ ریاستوں پر مشتمل اتحاد ''سویت یونین'' کا قیام 1922 میں عمل میں آیا تھا اور 1991 تک برقرار رہا تھا۔
Load Next Story