اسرائیلی وزیراعظم کی ابوظہبی میں ولی عہد شیخ محمد بن زاید سے ملاقات

یہ کسی بھی اسرائیلی وزیراعظم کا متحدہ عرب امارات کا پہلا سرکاری دورہ ہے


ویب ڈیسک December 13, 2021
دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں ایران بھی اجنڈے میں شامل ہے، فوٹو: فائل

SINGAPORE/ ISLAMABAD: اسرائیلی وزیراعظم نفتالی بینیٹ سرکاری دورے پر متحدہ عرب امارات پہنچ گئے جہاں اُنھوں نے ولی عہد شیخ محمد بن زاید النہیان سے ملاقات کی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیل کے وزیراعظم نفتالی بینیٹ نے آج ابوظہبی میں ولی عہد شیخ محمد بن زاید النہیان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ سفارتی اور تجارتی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔

ملاقات کے حوالے سے متحدہ عرب امارات کے لیے اسرائیلی سفیر عامر ہائیک نے میڈیا کو بتایا کہ دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں ایران کی مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی تشویشناک سرگرمیاں بھی ایجنڈے کا حصہ ہیں۔

اسرائیلی اخبار ہایوم کی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ وزیراعظم نفتالی بینیٹ ابوظہبی کے ولی عہد کو خطے میں ایران کی جانب سے اسلحہ اور ڈرون کے فروغ سے متعلق انٹیلی جنس معلومات فراہم کریں گے۔

تاہم یو اے ای میں اسرائیلی سفیر عامر ہائیک کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نفتالی صرف ایران کے ایشو پر بات کرنے نہیں آئے ہیں، کئی اور حل طلب معاملات ہیں جن پر گفتگو کی جائے گی۔

خیال رہے کہ اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کی دوطرفہ تجارت 2021 میں اب تک تقریباً 500 ملین ڈالر تک پہنچ گئی ہے جو 2020 میں 125 ملین ڈالر تھی اور توقع ہے کہ اس میں مزید اضافہ ہوگا۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس امریکی ثالثی میں متحدہ عرب امارات نے اسرائیل کو تسلیم کرتے ہوئے سفارتی اور تجارتی تعلقات بحال کرلیے تھے جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان مسافر بردار اور تجارتی پروازوں کا سلسلہ جاری ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں