پہلا ٹی ٹوینٹی پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 63 رنز سے ہرا دیا

محمد رضوان اور حیدر علی کی شاندار نصف سنچریاں

پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو جیت کے لیے 201 رنز کا ہدف دیا فوٹو: پی سی بی

RAWALPINDI:
ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 63 رنز سے ہرا کر سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کے 200 رنز کے جواب میں ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم 19 اوورز میں 137 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

پاکستان نے پہلے میچ میں ویسٹ انڈیز کو 63 رنز سے ہرا کر سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی ہے۔ شاندار بلے بازی پر حیدر علی مین آف دی میچ رہے۔



ویسٹ انڈیز کے اوپننگ بیٹر شائے ہوم اور برینڈن کنگ ہدف کے حصول کے لیے کریز پر آئے۔ محمد نواز نے دوسرے ہی اوور میں پاکستان کو پہلی کامیابی برینڈن کنگ کی صورت میں دلادی۔ 33 کے اسکور پر محمد وسیم نے نکولس پورن کو کلین بولڈ کردیا۔



40 رنز پر محمد وسیم نے ہی پاکستان کو تیسری کامیابی ملی، 59 رنز پر شائے ہوم کو شاداب خان نے شکار کرلیا۔ 60 رنز پر ویسٹ انڈیز کی آدھی ٹیم پویلین واپس لوٹ گئی۔

79 رنز پر ڈومینک ڈریکس کو حارث رؤف نے آؤٹ کیا، روومین پاول نے شاہینوں کے سامنے تھوڑی مزاحمت دکھائی لیکن 88 کے مجموعی اسکور پر وہ بھی ہمت ہار گے۔ وہ 23 رنز بنانے کے بعد شاداب خان کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔

اس موقع پر روماریو شیپرڈ اور اوڈین اسمتھ نے ٹیم کو سنبھالنے کی کوشش کی، دونوں نے ٹیم کے اسکور 134 رنز تک پہنچادیا لیکن دونوں کو شاہین شاہ اور محمد وسیم نے ٹھکانے لگایا۔ ویسٹ انڈیز کی آخری وکٹ 137 رنز پر گری، اوشانے تھامس کو بھی محمد وسیم نے آؤٹ کیا۔

پاکستان کی جانب سے سب سے کامیاب بولر محمد وسیم رہے، جنہوں نے 4 اوورز میں 40 رنز دے کر 4 وکٹیں لیں، شاداب خان نے 3 جب کہ محمد نواز، شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف نے ایک ایک وکٹ لی۔


پاکستان کی شاندار بیٹنگ

ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی، پاکستان کی جانب سے بابر اعظم اور محمد رضوان بیٹنگ کے لیے آئے، پاکستان کو پہلے ہی اوور میں بابر اعظم کی صورت میں نقصان اٹھانا پڑا، جس کے بعد فخر زمان نے رضوان کے ساتھ اسکور کو آگے بڑھایا۔

35 کے مجموعی اسکور پر فخر زمان کو شیپرڈ نے آؤٹ کردیا۔ فخر زمان نے 10 رنز بنائے، جس کے بعد حیدر علی میدان میں اترے۔ دونوں نے پاکستان کے اسکور کو آگے بڑھایا۔ محمد رضوان نے 34 گیندوں پر شاندار ففٹی بنائی۔



رضوان اور حیدر علی نے جہاں رنز بنانے کی اوسط میں اضافہ کیا وہیں حیدر علی نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور 28 گیندوں پر ففٹی اسکور کرلی۔



140 رنز پر رضوان بھی شیپرڈ کا شکار بنے ، انہوں نے 78 رنز بنائے، رضوان اور حیدر علی نے 105 رنز کی شاندار شراکت قائم کی۔ 147 رنز پر آصف علی آؤٹ ہوگئے۔ جس کے بعد افتخار احمد بھی صرف 7 رنز بناکر چلتے بنے۔



پاکستان کے 161 رنز پر 5 کھلاڑی آؤٹ ہوچکے تھے، اس موقع پر حیدر علی کا ساتھ نبھانے محمد نواز کریز پر آئے، نواز سے اپنی دھواں دھار بلے بازی کے جوہر دکھائے۔ دونوں نے اسکور کو 191 رنز پر پہنچا دیا، اس موقع پر حیدر علی آؤٹ ہوگئے، انہوں نے 68 رنز بنائے۔ پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 200 رنز بنائے، جن میں محمد نواز کے 10 گیندوں پر 30 رنز بھی شامل ہیں۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے روماریو شیپرڈ نے 2 جب کہ عقیل حسین، تھامس، ڈریکس اور اسمتھ نے ایک ایک وکٹ لی۔

 
Load Next Story