رحیم یارخان میں گیس پائپ لائنوں کی تباہی سےپنجاب میں گیس کا بحران صنعتوں کو فراہمی بند

پائپ لائنوں کی تباہی سےپنجاب کو گیس کی فراہمی میں 70 کروڑ کیوبک فٹ کمی آئی ہے، ایم ڈی سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ


ویب ڈیسک February 10, 2014
کالعدم بلوچ ری پبلکن آرمی نے حملے کی ذمے داری قبول کرلی ہے. فوٹو: ایکسپریس نیوز

یوسف آباد میں دہشتگردوں نے 3 گیس پائپ لائنیں دھماکوں سے تباہ کئ جانے کےبعد پنجاب میں گیس کا شدید بحران پیدا ہوگیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق رحیم یار خان کے نواحی علاقے یوسف آباد میں رات گئے شر پسندوں نے 36، 30 اور18 انچ قطر کی 3 گیس پائپ لائنیں دھماکا خیز مواد سے تباہ کردیں، دھماکا اس قدر شدید تھا کہ اس سے جائے وقوعہ پر 40 فٹ گہرا اور 70 فٹ چوڑا گڑھا پڑ گیا، دھماکے کے بعد پائپ لائن میں آگ بھڑک اٹھی جس نے قریبی کھیتوں اور بستی کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ امدادی رضاکاروں نے فوری طور پر بستی خالی کرالی تاہم اس دوران ایک خاتون جھلس کر جاں بحق ہوگئی۔ کالعدم بلوچ ری پبلکن آرمی نے حملے کی ذمے داری قبول کرلی ہے۔

پائپ لائنوں کی تباہی سے لاہور، رحیم یار خان اور فیصل آباد سمیت دیگر شہروں کو گیس فراہمی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ کئی علاقے گیس سے مکمل طور پر محروم ہیں جبکہ کچھ علاقوں میں گیس پریشر انتہائی کم ہے جس کی وجہ سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، اس کے علاوہ صنعتوں کو گیس کی فراہمی معطل کردی گئی ہے۔

ایم ڈی سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ عارف حمید نے ایکسپریس نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ پائپ لائنوں کی تباہی سے پنجاب کو گیس کی فراہمی میں 70 کروڑ کیوبک فٹ کمی آئی ہے اور سسٹم میں اب صرف 40 کروڑ کیوبک فٹ گیس باقی رہ گئی ہے۔ پائپ لائنوں کی مرمت کے لئے ٹیمیں پہنچ چکی ہیں لیکن گیس کی مکمل بحالی میں 48 گھنٹے لگ سکتے ہیں، انہوں نے صارفین سے اپیل کی ہے کہ وہ گیس کا استعمال انتہائی احتیاط سے کریں تاکہ دیگر عوام کو بھی گیس میسر آسکے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں