ایم کیوایم نے فہد عزیز پر پولیس تشدد کیخلاف سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی

عدالت سےدرخواست کی ہےکہ ایڈیشنل آئی جی شاہدحیات سمیت دیگرافسران کےخلاف مقدمہ اور فہدعزیزکوہرجانہ اداکیاجائے،فاروق ستار


ویب ڈیسک February 10, 2014
فہد عزیز کو اس وقت پولیس اہلکاروں نے حراست میں لیا تھا جب وہ بارات کے ہمراہ جارہا تھا فوٹو: ایکپسریس نویز

متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے فہد عزیز پر پولیس تشدد کے خلاف سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی ہے۔

سندھ ہائی کورٹ میں بیرسٹر فروغ نسیم کی وساطت سے دائر کی گئی درخواست میں ڈاکٹر فاروق ستار نے موقف اختیار کیا ہے کہ عدالت عالیہ فہد عزیز پر تشدد کرنے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف قانونی کارروائی کرے اور انہیں حکم دے کہ وہ فہد عزیز کے اہل خانہ کو ہرجانہ ادا کریں۔

درخواست دائر کرنے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ ہفتے کی رات شاہ فیصل پولیس اسٹیشن کی حدود میں ایم کیو ایم کے کارکن فہد عزیز کو اس کی شادی کے موقع پر گرفتار کیا گیا، فہد عزیز کسی مقدمے میں پولیس کو مطلوب نہیں تھا لیکن جس طرح پولیس نے فہد عزیز اور اس کے خاندان کی خوشیوں کو تباہ کیا ہے وہ قابل مذمت ہے۔

ایم کیو ایم کے رہنما کا کہنا تھا کہ فہد عزیز پر تشدد کے خلاف ایم کیو ایم کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ جس طرح قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں نے فہد عزیز کو گرفتار کیا اسے غیر قانونی اور غیر آئینی قرار دیا جائے۔ واقعے پر کراچی پولیس کے سربراہ شاہد حیات، ایس ایس پی ایسٹ پیر محمد شاہ اور ایس ایچ او شاہ فیصل فہیم فاروقی کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے۔ اس کے علاوہ فہد عزیز اور اس کے گھر والوں کی خوشیوں کو جس طرح پامال کیا گیا ہے اس پر ہرجانہ ادا کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے درخواست میں یہ اپیل بھی کی ہے کہ عدالت عالیہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے بلا جواز گرفتاریوں کو روکے۔

واضح رہے کہ فہد عزیز کو اس وقت پولیس اہلکاروں نے حراست میں لیا تھا جب وہ دلہا بن کر بارات کے ہمراہ جارہا تھا تاہم تشدد کے باعث حالت زیادہ خراب ہونے پر اسے اسپتال لے جایا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں