ججز نظربندی کیس پرویز مشرف کی ایک دن کیلئے حاضری سےاستثنیٰ کی درخواست منظور

آئندہ سماعت میں اپنے موکل کی میڈیکل رپورٹ پیش کردوں گا، سابق صدر کے وکیل کی عدالت کو یقین دہانی


ویب ڈیسک February 10, 2014
سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف ججز نظر بندی کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج عتیق الرحمان نے کی، فوٹو: فائل

KARACHI: انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے ججز نظربندی کیس میں پرویز مشرف کی ایک دن کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت 24 فروری تک ملتوی کردی۔

سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف ججز نظر بندی کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج عتیق الرحمان نے کی، سماعت کے دوران سابق صدر کے وکیل الیاس صدیقی اور کیس میں راشد اور مشتاق نامی ان کے ضمانتی بھی پیش ہوئے۔ سماعت کے دوران الیاس صدیقی نے اپنے موکل کو ایک روز کے لئے عدالت میں حاضری سے مستثنٰی قرار دینے کی درخواست کی۔

کیس میں وکیل استغاثہ عامر ندیم تابش نے استثنٰی کی درخواست کے خلاف اپنے دلائل میں موقف اختیار کیا کہ پرویزمشرف گزشتہ کئی سماعتوں سے عدالت میں پیش نہیں ہوئے جبکہ ان کے وکیل کی جانب سے میڈیکل رپورٹ بھی عدالت میں پیش نہیں کی جارہی۔ جس پر پرویز مشرف کے وکیل نے آئندہ سماعت پر سابق صدرکی میڈیکل رپورٹ پیش کرانے کی یقین دہانی کرادی۔ عدالت نے پرویز مشرف کی ایک دن کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت 24 فروری تک ملتوی کردی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں