غیر قانونی عمارت کی تعمیر پر افسران کیخلاف کارروائی کا حکم

 افسران کی ملی بھگت کے بغیر بڑے  پیمانے پر غیر قانونی تعمیرات کیسے ممکن ہے؟ جسٹس ظفر احمد راجپوت


کورٹ رپورٹر December 15, 2021
 افسران کی ملی بھگت کے بغیر بڑے  پیمانے پر غیر قانونی تعمیرات کیسے ممکن ہے؟ جسٹس ظفر احمد راجپوت۔ فوٹو: فائل

لاہور: ہائی کورٹ نے آگرہ تاج کالونی میں 7 منزلہ عمارت کی غیر قانونی تعمیرات کیخلاف درخواست پر ملوث افسران کیخلاف کارروائی کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیدیا۔

ظفر احمد راجپوت نے ریمارکس دیے کہ افسران کی ملی بھگت کے بغیر بڑے پیمانے پر غیر قانونی تعمیرات کیسے ممکن ہے،جسٹس ظفر احمد راجپوت کی سربراہی میں بینچ کے روبرو آگرہ تاج کالونی میں 7 منزلہ عمارت کی غیر قانونی تعمیرات کیخلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔

درخواست گزار کے وکیل نے موقف دیا کہ بلڈر شاہ جہان شاہ اور شاہ نواز کیخلاف ٹرائل کورٹ میں نجی شکایت دائر کردی ہے، ایس بی سی اے افسران غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی کرنے کے بجائے چائے پانی پی کر واپس آجاتے ہیں،لیاری آگرہ تاج میں پلاٹ نمبر 830 پر غیر قانونی تعمیرات کردی گئی ہیں۔

جسٹس ظفر احمد راجپوت نے ریمارکس دیے کہ 7 منزلہ عمارت بن گئی ہے جہاں گراؤنڈ پلس 2 سے زیادہ کی اجازت نہیں ہے، افسران کی ملی بھگت کے بغیر بڑے پیمانے پر غیر قانونی تعمیرات کیسے ممکن ہے؟ کیا ان افسران کیخلاف کارروائی شروع کی؟

ایس بی سی اے کے وکیل نے موقف دیا کہ افسران کیخلاف انکوائری شروع ہوگئی ہے انکے نام ظاہر ہونا باقی ہیں، عدالت نے غیر قانونی تعمیرات میں ملوث افسران کیخلاف کارروائی کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

عدالت نے بلڈرز کے خلاف کریمنل کارروائی کا بھی حکم دے دیا، عدالت نے 18 جنوری کو ایس بی سی اے حکام سے رپورٹ طلب کرلی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں