ویکسی نیشن کے بغیر آنے والے میچ دیکھنے سے محروم

تماشائیوں کی تعداد پہلے میچ سے بہتر،موبائل ٹارچ کی روشنیوں نے سماں باندھ دیا۔

تماشائیوں کی تعداد پہلے میچ سے بہتر،موبائل ٹارچ کی روشنیوں نے سماں باندھ دیا۔ فوٹو: فائل

FAISALABAD:
ویکسی نیشن کے بغیر آنے والے شائقین پاکستان اور ویسٹ انڈیز کا میچ دیکھنے سے محروم رہ گئے۔

پاک ویسٹ انڈیز دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ سے قبل سہ پہر 3 بجے نیشنل اسٹیڈیم کراچی کے دروازے کھول دیے گئے تھے، مگر کئی تماشائیوں کو ویکسی نیشن کارڈ نہ ہونے کی بنا پر داخلے کی اجازت نہیں ملی۔

پاکستان کی اننگز کا آغاز ہونے کے بعد بھی شائقین کی اسٹیڈیم آمد کا سلسلہ جاری رہا، پہلے میچ میں تماشائیوں کی کم تعداد پی سی بی حکام کے لیے تشویش کا باعث بنی تھی،دوسرے میں تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آیا، بابر اعظم کی دوسرے میچ میں بھی ناکامی پر آواز آئی''کپتان تھک گئے ہو''۔


شاداب خان کی دھواں دھار بیٹنگ پر تماشائی مسلسل تالیاں بجاتے رہے، پْرجوش انداز میں پاکستان زندہ باد اور جیوے جیوے پاکستان کے نعرے لگائے گئے، تماشائیوں نے اپنی موبائل ٹارچ روشن کرکے ایک سماں سا باندھ دیا، بعض افراد نے قومی پرچم اٹھا رکھے تھے جنھیں وقفے وقفے سے لہرایا جاتا رہا، مہمان ٹیم کی بہتر کارکردگی پر بھی تماشائیوں نے دل کھول کر داد دی۔

سابق وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسمعیل نے بھی میڈیا گیلری میں بیٹھ کر میچ دیکھا، آسٹریلوی کرکٹ بورڈ کا 4 رکنی سیکیورٹی وفد دوسرا میچ دیکھنے کے لیے بھی اسٹیڈیم میں موجود رہا، اس دوران انھوں نے انتظامات کا جائزہ لیا۔

 
Load Next Story