شہباز گل کے ہاتھوں ڈگری لینے سے انکاری خاتون سعد رفیق کی رشتہ دار نکلیں

وہ کانووکیشن کے مہمان خصوصی بننے کے لائق نہیں ہیں۔ اس لیئے ان سے ڈگری وصول نہیں کروں گی، ڈاکٹر فوزیہ عمران

شہباز گل کانووکیشن میں طلباء کو ڈگریاں پیش کرتے ہوئے [فائل-فوٹو]

PRAGUE, CZECH REPUBLIC:
کالج فارویمن یونیورسٹی لاہور کی کانووکیشن تقریب میں وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گل بطور مہمان خصوصی مدعو تھے جو کامیاب ہونے والے طلباء کو ڈگری پیش کررہے تھے۔

تفصیلات کے مطابق اسٹیج پر جب ڈاکٹر فوزیہ عمران نامی خاتون کی ڈگری وصول کرنے کی باری آئی تو انہوں نے شہباز گل کے ہاتھوں یہ اعزاز وصول کرنے سے انکار کردیا۔

واقعے کے بعد ڈاکٹر فوزیہ عمران کے بارے میں یہ دعویٰ سامنے آیا کہ یہ مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق کی رشتے دار ہیں۔




ڈاکٹر فوزیہ عمران نے اپنے ٹویٹ پر شہباز گِل کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ کانووکیشن کے مہمان خصوصی بننے کے لائق نہیں ہیں۔ اس لیئے ان سے ڈگری وصول نہیں کروں گی۔ تاہم کالج پرنسپل کا کہنا ہے کہ خاتون پروفیسر کا ٹوئٹر اکاؤنٹ ہیک ہوگیا ہے۔ خاتون پروفیسر نے ایسی کوئی بات نہیں کی۔

اس واقعے پر شہباز گل نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کون کس کے ہاتھوں ڈگری لینے کو پسند کرتا ہے، یہ سب کا بنیادی حق ہے۔ خاتون خواجہ سعد رفیق کی رشتے دار ہیں، یہ دعویٰ بھی معاونِ خصوصی کی طرف سے سامنے آیا ہے۔

دوسری طرف مسلم لیگ ن کی رہنما عظمیٰ بخاری نے اس واقعے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مکافاتِ عمل اسی کا نام ہے۔ جو انہوں نے بویا تھا وہی کاٹ رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ شہباز گل کی ڈگری اور ان کے ذہنی توازن کی بھی جانچ کرنا ضروری ہے۔
Load Next Story