ملتان کے نشتر اسپتال میں آگ لگنے سے بھگدڑ مچ گئی

اسپتال کے ایمجنسی وارڈ میں لگنے والی آگ سے پورے اسپتال میں دھواں چھاگیا اور ایمرجنسی وارڈ میں بھگدڑ مچ گئی


ویب ڈیسک February 10, 2014
آگ کی اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 اور فائر فائٹرز کا عملہ موقع پر پہنچ گیا اور فوری طور پر آگ پر قابو پالیا۔ فوٹو: اے پی پی

نشتر اسپتال کے ایمرجنسی وارڈ میں آگ لگنے سے بھگدڑ مچ گئی تاہم مریض اور اسپتال کا عملہ محفوظ رہا۔


ایکسپریس نیوز کے مطابق اسپتال کے ایمرجنسی وارڈ کے گراؤنڈ فلور میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس سے پورے اسپتال میں دھواں چھاگیا اور ایمرجنسی وارڈ میں بھگدڑ مچ گئی، آگ کے باعث سیکڑوں مریض، ڈاکٹرز اور نرسیں اپنی جان بچانے کی کوشش میں اسپتال سے باہر نکل آئے جبکہ تشویشناک حالت میں ایمرجنسی وارڈ کے مریضوں کو بھی باہر نکال کر محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا۔


آگ کی اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 اور فائر فائٹرز کا عملہ موقع پر پہنچ گیا اور فوری طور پر آگ پر قابو پالیا تاہم دھویں کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا رہا جبکہ آگ لگنے سے اسپتال کے میڈیکل اسٹور میں موجود ادویات اور اسپتال کا دیگر سامان جل کر خاکستر ہوگیا۔


اسپتال کے ایمرجنسی وارڈ میں لگنے والی آگ پر قابو پانے کے بعد مریضوں کو واپس وارڈ میں منتقل کردیا گیا جبکہ واقعے کی تحقیقات کا بھی آغاز کردیا گیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں