خواجہ آصف کیخلاف کیس میں وزیراعظم ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیش

وزیرِ اعظم نے بیانِ حلفی جمع کروایا جس میں خواجہ آصف کے الزامات کو جھوٹا، من گھڑت اور ہتک آمیز قرار دیا


ویب ڈیسک December 17, 2021
وزیرِ اعظم نے بیانِ حلفی جمع کروایا جس میں خواجہ آصف کے الزامات کو جھوٹا، من گھڑت اور ہتک آمیز قرار دیا

پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما خواجہ آصف کے خلاف ہتکِ عزت کے کیس میں وزیرِ اعظم عمران خان ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیش ہوئے۔

اسلام آباد کے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ و سیشن جج محمد عدنان کی عدالت میں سابقہ وزیرِ دفاع خواجہ آصف کے خلاف وزیرِ اعظم عمران خان کے ہتک عزت کے دعوے کی سماعت ہوئی۔ وزیرِ اعظم اپنے وکیل سینیٹر ولید اقبال کی موجودگی میں اپنے دفتر سے ای-کورٹ کے ذریعے عدالت میں پیش ہوئے۔

عمران خان نے کہا کہ ای کورٹ سے عدالتی کارروائی چلانا ایک خوش آئند اقدام ہے، جس سے معزز عدالت کے قیمتی وقت اور پیسے دونوں کی بچت ہوتی ہے اور کیسوں کو وقت میں نمٹانے میں معاونت ہوگی، ای کورٹ کے تعارف اور کارروائی کامیاب طریقے سے عمل میں آنے پر عدلیہ اور حکومتی ادارے دادِ تحسین کے مستحق ہیں۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ شوکت خانم ٹرسٹ پر لوگوں کا اعتماد قائم ہے، شوکت خانم ٹرسٹ دنیا میں منفرد اور واحد مفت کینسر کے علاج کا ہسپتال چلا رہی ہے، ایسے فلاحی منصوبے کو بے بنیاد اور من گھڑت الزامات لگا کر سیاست کیلئے استعمال کرنا افسوسناک ہے، عدالت سے امید ہے کہ وہ ایسے الزامات پر مثالی فیصلہ دے کر آئندہ کیلئے اس روایت کو ختم کرنے میں مدد کرے گی۔

وزیرِ اعظم نے بیانِ حلفی جمع کروایا جس میں خواجہ آصف کے الزامات کو جھوٹا، من گھڑت اور ہتک آمیز قرار دیا۔ بیانِ حلفی میں مزید بتایا گیا کہ 1991 سے 2009 تک عمران خان شوکت خانم کے سب سے بڑے انفرادی ڈونر رہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ شوکت خانم ٹرسٹ کی سرمایہ کاری اسکیموں کے حوالے سے فیصلہ سازی ایکسپرٹ کمیٹی کرتی تھی جس میں وزیرِ اعظم عمران خان کی کسی قسم کی کوئی مداخلت نہیں تھی. اسکے علاوہ شوکت خانم کی جن سرمایہ کاری اسکیموں کے حوالے سے یہ بے بنیاد و من گھڑت الزامات لگائے گئے وہ مکمل طور پر بغیر کسی نقصان کے شوکت خانم ٹرسٹ نے واپس وصول کیں۔

وزیرِ اعظم کے بیانِ حلفی میں یہ بھی واضح کیا گیا کہ ایسے من گھڑت اور بے بنیاد الزامات کا سہارا لے کر قومی میڈیا کے ذریعے عوام کے شوکت خانم ٹرسٹ پر اعتماد کو ٹھیس پہنچانے کی کوشش کی گئی۔

واضح رہے کہ خواجہ آصف نے عمران خان پر شوکت خانم میموریل ٹرسٹ کے فنڈ میں غیر شفافیت، منی لانڈرنگ اور بے نامی کمپنیوں کے استعمال جیسے الزامات عائد کیے ہیں جس پر وزیراعظم نے خواجہ آصف کے خلاف 10 ارب روپے کے ہرجانے کا کیس دائر کیا ہے۔

یکم اگست 2012 کو خواجہ آصف نے پہلے پنجاب ہاؤس میں منعقدہ اپنی پریس کانفرنس میں یہ الزامات لگائے اور بعد ازاں اسی روز شام کو نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں ان من گھڑت الزامات کو دہرایا.

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |