گیس کی عدم فراہمی کے خلاف کراچی میں جگہ جگہ احتجاج بدترین ٹریفک جام
لیاقت آباد، ٹاور، قیوم آباد اور اطراف کی شاہراہوں پر بدترین ٹریفک جام ہوگیا اور گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں
ISLAMABAD:
شہر کے مختلف علاقوں میں گیس کی عدم فراہمی کے خلاف مظاہرے کیے گئے جس کے باعث بدترین ٹریفک جام ہوگیا اور سڑکوں پر گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق سوئی گیس کی عدم فراہمی کے سبب جمعہ کو شہر کے مختلف علاقوں میں احتجاج کیا گیا، نماز جمعہ کے بعد شہری سڑکوں پر نکل آئے اور میری ویدر ٹاور، لیاقت آباد 10 نمبر، قیوم آباد چورنگی اور سائٹ ایریا سمیت دیگر علاقوں میں مظاہرے کیے گئے۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ ان کے علاقوں میں گیس کی عدم فراہمی اب معمول بن گئی ہے، اس سلسلے میں متعلقہ حکام کو متعدد مرتبہ آگاہ کیا لیکن کوئی شنوائی نہیں جس کے بعد وہ احتجاج کا راستہ اختیار کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔
مظاہرین نے کہا کہ گیس نہ ہونے کے باعث ان کے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہیں، خصوصاً گھروں میں خواتین کو امور خانہ داری انجام دینے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے، گیس کا پریشر کم ہونے کے باعث کھانے پینے کی اشیا تیار نہیں ہوسکتیں، مجبوراً بازار سے کھانا خرید کر کھانا پڑرہا ہے جس سے اضافی مالی بوجھ بھی پڑرہا ہے۔
مظاہروں کے باعث لیاقت آباد، ٹاور، قیوم آباد اور اطراف کی شاہراہوں پر بدترین ٹریفک جام ہوگیا اور گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
اطلاعات کے مطابق ٹریفک پولیس حکام بھی موقع پر موجود رہے اور گاڑیوں کو متبادل راستوں کی جانب بھیجتے رہے، اطلاع ملتے ہی پولیس حکام نے مذاکرات کے بعد پرامن طور پر مظاہرین کو منتشر کردیا جس کے کچھ دیر بعد ٹریفک کی روانی بحال ہوگئی۔