فیس کب دو گے بورڈ کا فرنچائزز سے استفسار

گذشتہ دونوں ایونٹس کے حسابات کلیئر کریں ہمارا پیسہ ہی نکلتا ہوگا، اونرز


Saleem Khaliq December 18, 2021
اسکواڈ میں نئے پلیئرزکی شمولیت کاکریڈٹ لینے پرٹیمیں پی سی بی سے ناراض۔ فوٹو: فائل

پی سی بی نے پی ایس ایل فرنچائزز کو سالانہ فیس کیلیے دوسری بار یاد دہانی کرا دی۔

نئے فنانشل ماڈل کے تحت ہر پی ایس ایل سے 2 ماہ قبل فرنچائزز کو فیس کی آدھی رقم ادا کرنا ہے،اس حوالے سے انھیں گذشتہ ماہ خط بھیج کر27 تاریخ تک ادائیگی کا کہا گیا تھا مگر کسی نے فیس جمع نہیں کرائی۔

چند روز قبل ایک اور یاد دہانی کا خط بھیجا گیا ہے، اس حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ لیگ کے پانچویں اور چھٹے ایڈیشن کے حسابات اب تک فائنل نہیں ہوئے، پی سی بی کو اپنی بعض پیمنٹس کا انتظار ہے، فرنچائز مالکان کا موقف ہے کہ پہلے یہ معاملہ حل کیا جائے، اس کے بعد الٹا بورڈ کو ہی فرنچائزز کو رقم دینا ہوگی۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ بعض پارٹنرز کے ساتھ پی سی بی کے مالی تنازعات تقریباً حل ہو چکے ہیں، اس کے بعد اکاؤنٹس بھی فائنل کر لیے جائیں گے۔دوسری جانب ٹیم اونرز بورڈ کے بعض آفیشلز کے رویے سے نالاں ہیں۔

گزشتہ روز ہر ٹیم میں مزید2،2 پلیئرز کو شامل کرنے کی اطلاعات سامنے آئیں اوراس اقدام کا کریڈٹ پی سی بی کو دیا گیا، حالانکہ فرنچائز اونرز نے ایسا کرنے کا کہا تھا، انھیں محسوس ہوتا ہے کہ ایسا کسی آفیشل نے دانستہ طور پر کرایا، اس سے یہ تاثر سامنے آیا کہ حکام فرنچائزز کے معاملات میں مداخلت کر رہے ہیں، اسی لیے سب نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پْرزور الفاظ میں اسے مسترد کیا۔

پی سی بی نے بعد میں میڈیا ریلیز کے ذریعے نئے ڈرافٹ کے حوالے سے آگاہی دی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں