بیٹنگ کوچ محمد یوسف کے لیے خطرے کی گھنٹی بج گئی

این ایچ پی سی بیٹنگ کوچ کی اسامی مشتہر،پاور ہٹنگ کوچ کا بھی تقررہوگا۔


Sports Reporter December 18, 2021
این ایچ پی سی بیٹنگ کوچ کی اسامی مشتہر،پاور ہٹنگ کوچ کا بھی تقررہوگا فوٹو:فائل

این ایچ پی سی میں بیٹنگ کوچ محمد یوسف کیلیے خطرے کی گھنٹی بج گئی جب کہ پی سی بی نے اسامی مشتہر کردی۔

پی ایس ایل 7 ڈرافٹ کی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے کہا تھا کہ بنگلہ دیش کے پاس بھاری معاوضے حاصل کرنے والے کوچز تھے، پاکستان ٹیم کو کسی بیٹنگ یا بولنگ کنسلٹنٹ کا ساتھ میسر نہیں تھا، میزبان ملک کی مشکل کنڈیشنز کے باوجود پاکستان نے دونوں فارمیٹ کے تمام میچز جیتے،اس کا مطلب یہ ہوا کہ انٹرنیشنل سطح پر ہمارے کرکٹرز کو بڑے کوچز کی اتنی ضرورت نہیں جتنا شور مچایا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پچز بہتر بنانے کے ساتھ نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں اعلیٰ معیار کے کوچز لانے کی زیادہ ضرورت ہے، اس ضمن میں پیش رفت جلد شروع ہوگی، گذشتہ روز بورڈ نے اس ضمن میں اشتہار جاری کردیا،اس میں ہائی پرفارمنس کوچ، بیٹنگ کوچ، بولنگ کوچ، فیلڈنگ کوچ اور پاور ہٹنگ کوچ کیلیے امیدواروں سے 17جنوری تک درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔

یاد رہے کہ اس وقت این ایچ پی سی میں بیٹنگ کوچ کے طورپر محمد یوسف ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں، اس عہدے کیلیے اشتہار دیے جانے کے بعد سابق کپتان کیلیے خطرے کی گھنٹی بج گئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ انھیں امیدواروں کی صف میں کھڑا ہونا پڑے گا، اس سے قبل فیلڈنگ کوچ عتیق الزمان نے استعفی دے دیا تھا، محمد زاہد بولنگ کوچ کا عہدہ چھوڑ گئے تھے، پی سی بی کے مطابق نئے کوچز نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں نوجوان اور اْبھرتے ہوئے کرکٹرز کی کارکردگی میں بہتری لانے کے لیے کام کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔