بھارتی کرکٹ ٹیم میں شامل ایک کھلاڑی کے ہاتھ کرپشن سے آلودہ

6کرکٹرزکے نام رپورٹ میں شامل،چنئی سپرکنگز کا مستقبل بھی خطرے میں پڑگیا

ایونٹ میں ’’حوالے‘‘کی رقم کے استعمال اوردہشتگرد عناصر کے ملوث ہونے کا خدشہ فوٹو: فائل

آئی پی ایل کرپشن کیس کی تحقیقات کرنے والی کمیٹی نے اپنی رپورٹ میں بھارت کے ایک حاضر سروس انٹرنیشنل پلیئرکے ہاتھ کرپشن سے آلودہ ہونے کا انکشاف کیا ہے۔

مجموعی طور پر 6 کھلاڑیوں کے نام رپورٹ میں شامل کیے گئے،ان میں سے 2کے نام سابق بی سی سی آئی صدر آئی ایس بندرا نے دیے ہیں،اس فہرست کو افشا نہیں کیاگیا۔ عدالتی تحقیقاتی کمیٹی نے انڈین پریمیئر لیگ میں ''حوالے''کی رقم کے استعمال اور دہشتگرد عناصر کے ملوث ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کیا، کمیٹی کی جانب سے سفارش کی گئی کہ ان معاملات کی چھان بین کے لیے مختلف سرکاری ایجنسیز پر مشتمل جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دی جائے۔




دریں اثنا بی سی سی آئی کے صدر این سری نواسن کی آئی پی ایل ٹیم چنئی سپر کنگز کا مستقبل ہی خطرے میں پڑگیا، لیگ قوانین میں یہ بات واضح طور پر درج ہے کہ اگر کسی فرنچائز یا مالک نے آئی پی ایل کی ساکھ کو نقصان پہنچایا تواس کا معاہدہ منسوخ کردیا جائیگا۔ تحقیقاتی کمیٹی پہلے ہی سری نواسن کی آئی پی ایل ٹیم ملکیت کو مفادات کا سنگین ٹکرائو قرار دے چکی ہے۔
Load Next Story