جب وزیراعظم دولت لوٹتا ہے تو ملک معاشی طور پر کمزور ہوتا ہے وزیراعظم

میں کرپشن کے خلاف ہوں، کرپٹ عناصر کا تعلق میری ہی جماعت سے کیوں نہ ہو کارروائی ہونی چاہیے، عمران خان


ویب ڈیسک December 18, 2021
کرپٹ عناصر کا تعلق خواں میری ہی جماعت سے کیوں نہ ہو کارروائی ہونی چاہیے، عمران خان

LISBON: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ جب ملک کا وزیراعظم دولت لوٹتا ہے تو ملک معاشی طور پر کمزور ہوتا ہے۔

غیر ملکی ٹی وی کو انٹرویو میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ جیتا تو پراعتماد ہوا اور بہت کچھ سیکھا، ناکامی انسان کو جدوجہد کرنا اور کامیا بی پرُاعتماد بنادیتی ہے، میں نے کھیل میں ناکامی سے گر کر کھڑا ہونا سیکھا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ والدہ کے بہت قریب تھا، ان کو کینسر ہوا تو میں نے درد محسوس کیا، والدہ کی وجہ سے کینسر اسپتال بنانے کا منصوبہ بنایا، خواہش رہی ہے کہ میرا بھائی ہوتا، میں نے کینسر اسپتال کی تعمیر کے لیے فنڈ اکھٹا کرنا شروع کیا، میرے والدین محب وطن پاکستانی تھے، میری والدہ کی خواہش تھی پاکستان مضبوط ملک بنے، والدہ کے انتقال کے بعد میرا رجحان روحانیت کی طرف بڑھا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ بانیان پاکستان کے مقاصد میں فلاحی ریاست کا ذکر تھا، ترقی پزیر ممالک اس لیے غریب ہیں کیوں کہ ان کے حکمران، اشرافیہ اور وزرائے اعظم پیسہ لوٹتے ہیں، جب کسی ملک کا وزیراعظم ملکی دولت لوٹتا ہے تو ملک معاشی طور پر کمزور ہوتا ہے، میں کرپشن سے پاک پاکستان کا خواہاں ہوں، اس وقت کرپٹ مافیا سے جنگ ہے، جب ملک میں 2 کرپٹ پارٹیوں کا راج ہو تو تیسری کا جدوجہد کے باوجود آنا مشکل ہوجاتاہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میں سیاست میں پیسہ بنانے کے لیے نہیں آیا بلکہ مشن کے تحت آیا ہوں، کچھ کرنا اور دینا چاہتاہوں، میری سوچ کے حامل لوگوں کو سیاست میں آنا چاہیے، وہ جوپیسہ بنانے کے لیے سیاست کا انتخابات کرتے ہیں ان کو مسترد کرنا چاہیے، میں کرپشن کے خلاف ہوں، کرپٹ عناصر کا تعلق میری ہی جماعت سے کیوں نہ ہو کارروائی ہونی چاہیے، شوگر کمیشن اس لیے قائم کیا گیا کہ کرپٹ عناصر کی نشاندہی ہو۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہم اقتدار میں آئے توکارکردگی اچھی تھی، کورونا آیا تو ہر شے متاثر ہوئی، پاکستان 3 قسم کے تعلیمی نظام میں تقسیم ہے، سرکاری اسکولز میں اردو، پرائیویٹ میں انگریزی اور مدارس میں اور نظام تعلیم ہے، ہم نے ملک میں یکساں نظام تعلیم کومتعارف کروایا اور اس پر مزید کام جاری ہے، اپنے ملک کو مدینہ کی ریاست کے طرز پر دیکھنا چاہتا ہوں۔

وزیراعظم نے کہا کہ اسلام فوبیا کے خلاف دنیا کے ہرفورم پر بات کی، ہم اپنا مذہبی احساس رکھتے ہیں، مغربی ممالک کو ہمارے جذبات کا خیال رکھنا چاہیے، اسلام فوبیا پر بولا لوگوں کوسمجھ آیا، اس سے پہلے کسی پلیٹ فارم پر بات نہیں ہوئی تھی، قران پاک میں حضرت محمد ﷺ کی تعلیمات کی پیروی کا حکم دیاگیا ہے، ہماری زندگی کی کامیابی حضرت محمد ﷺکی تعلیمات کی پیروی سے جڑی ہے، مغرب سمیت ہر ملک کو کسی کی مذہب کی توہین سے گریز کرنا چاہیے، ہم لوگ حضرت محمد ﷺ پر جان قربان کرتے ہیں لہذا ان کے حوالے سے جذبات حساس ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہم اشرف المخلوقات ہیں، سمجھنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، رحمت العالمین ﷺ اتھارٹی سے نوجوانوں کی رہنمائی بھی ہوگی، میں 10 فیصد مغرب زدہ ایلیٹ کلاس کی نمائندگی نہیں کرسکتا، پاکستان کے 90 فیصد لوگ شلوار قمیض پہنتے ہیں میں ان کانمائند ہ ہوں، اس لیے شلوار قمیض پہنتا ہوں، میں نے اقتدار کے 3 سال بہت مصروف گزارے ہیں، میری کوئی سوشل زندگی نہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ہمیشہ بھارت سے مثبت مذاکرات کی بات کی لیکن اب ان سے اچھے کی امید نہیں، عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر نوٹس لیناچاہیے، بھارتی فوج کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہورہی ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ افغانستان میں جو کچھ ہوا اس کے بعد امریکا صدمے میں ہے، افغانستان میں 2001 سے بھی زیادہ بدتر صورتحال پیدا ہوگئی ہے، افغان حکومت کے مزاحمت کے بغیر ہتھیار ڈالنے پر امریکا شدیدغم وغصہ میں ہے، افغانستان کی امداد کیلئےعالمی برادری کو آگے آنا چاہیے، افغانستان میں صورتحال خراب ہوئی تو پاکستان سب سے زیادہ متاثر ہوگا، افغانستان کی امداد کے لئےعالمی برادری کو آگے آنا چاہیے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں