انکم ٹیکس کلیکشن آن ڈیمانڈ کا حجم 41فیصد سُکڑ گیا

710 ارب روپے کے انکم ٹیکس میں سے فیلڈفارمیشنز نے محض 12.5 ارب روپے جمع کیے۔


Shahbaz Rana December 19, 2021
710 ارب روپے کے انکم ٹیکس میں سے فیلڈفارمیشنز نے محض 12.5 ارب روپے جمع کیے۔ فوٹو: فائل

لاہور: ٹیکس دہندگان کی اپنی کاوشوں سے حاصل ہونیوالے انکم ٹیکس ( Income tax collection on demand) کا حجم رواں مالی سال میں 41 فیصد تک سُکڑ گیا ہے، یہ انکشاف فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے مرتب کردہ اعدادوشمار سے ہوا ہے۔

رواں مالی سال میں یکم جولائی سے لیکر15دسمبر تک مجموعی طور پر710 ارب روپے کا ڈومیسٹک انکم ٹیکس اکٹھا ہوا ہے۔ ایف بی آر کے اعدادوشمار کے مطابق فیلڈ فارمیشنز نے ' کرنٹ کلیکشن آن ڈیمانڈ' کے ذریعے اس مجموعے میں سے محض 12.5 ارب روپے حاصل کیے ہیں۔ اس طرح ملکی سطح پر مجموعی انکم ٹیکس کلیکشن میں ایف بی آر کی فیلڈ فارمیشنز کا حصہ محض 1.8 فیصد ہے۔

ذرائع نے ایکسپریس ٹریبیون کو بتایا کہ 700 ارب روپے کا ریونیو ایڈوانس انکم ٹیکس ( انکم ٹیکس ریٹرنس اور ودہولڈنگ ٹیکسز کے ساتھ ادا کیے جانے والا ٹیکس) کی صورت میں حاصل ہوا ہے۔ گذشتہ مالی سال کی اسی مدت میں انکم ٹیکس کلیکشن آن ڈیمانڈ کا حجم 21.2 ارب روپے تھا، جو رواں مالی سال میں اب تک41 فیصد تک گرچکا ہے۔

ایف بی آر کی فیلڈ فارمیشنز کی یہ ناقص کارکردگی آئی ایم ایف کے اس تخمینے؍ تجزیے کو تقویت بخشتی ہے کہ موجودہ غیرمعمولی طور پر بہتر ٹیکس کلیکشن طویل مدتی بنیادوں پر برقرار نہیں رہ سکتی، اور ٹیکس کلیکشن میں یہ بڑھوتری درآمدی سطح پر ٹیکس ریونیو میں اضافے کی وجہ سے ہے۔

ایف بی آر کے اعدادوشمار کے مطابق ودہولڈنگ ٹیکس، انکم ٹیکس کلیکشن کا سب سے بڑا ذریعہ ہے۔ یعنی وہ ٹیکس جو مختلف ٹرانزیکشنز بشمول تنخواہوں کی ادائیگی، کنٹریکٹس اور ٹیلی فون بلز وغیرہ پر خودکار طور پر کاٹ لیا جاتا ہے۔

رواں مالی سال میں ایف بی آر نے ودہولڈنگ ٹیکسوں کی مد میں 480 ارب روپے حاصل کیے ہیں جو گذشتہ مالی سال کی اسی مدت سے 13 فیصد زائد ہے۔ ملکی سطح پر مجموعی ٹیکس ریونیو میں ودہولڈنگ ٹیکس کا حصہ 68 فیصد ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں