پڑھائی میں طالبعلموں کی دلچسپی بڑھانے کیلیے پروفیسر نے لاکر میں 50 ڈالر چھپادیئے

کرسمس کے تحفے کے طور پر استاد نے بطور ایسٹر ایگز رقم رکھی لیکن کوئی بھی اسے حاصل نہ کرسکا

ٹینیسی یونیورسٹی کے پروفیسر نے 50 ڈالر جامعہ کے لاکر میں رکھے اور اس کا اشارہ سبق میں لکھا لیکن کوئی بھی اس رقم تک نہیں پہنچ سکا۔ فوٹو: سی این این

لاہور:
ایک امریکی پروفیسر نے طلبا و طالبات کو سبق اچھی طرح پڑھنے کی ترغیب کے طور پر رقم کا لالچ دیا ہے لیکن اس رقم تک صرف اسی وقت پہنچا جاسکتا ہے جب نصاب کو اچھی طرح پڑھا جائے۔

یونیورسٹی آف ٹینسی کے کینیون وِلسن نے ایک لاکر میں 50 ڈالر کا نوٹ بطور انعام رکھا تھا۔ نصاب کے اندر ایک جگہ اس کا اشارہ کچھ یوں دیا گیا تھا۔

'جو بھی پہلے حاصل کرے گا یہ اس کا ہوگا۔ لاکر نمبر 147 اور اس کا کمبی نیشن ہے 15، 25 اور 35۔ لیکن دلچسپ بات یہ ہے کہ کوئی بھی طالبعلم اسے حاصل نہ کرسکا کیونکہ کسی نے بھی سنجیدگی سے نصاب یا کورس نہیں پڑھا تھا۔ کیونکہ سیمسٹر کے اختتام پر جب پروفیسر نے لاکر کھولا تو50 ڈالر کا نوٹ وہیں موجود تھا۔


پروفیسر کینیون نے بتایا کہ بچے نصاب اور مضامین پڑھنے میں دلچسپی نہیں لیتے اور تیزی سے آگے بڑھ جاتے ہیں۔ ان کی جماعت مین 71 طلبا و طالبات تھے لیکن کسی نے بھی مضمون پڑھ کر رقم حاصل نہیں کی۔ حالانکہ پروفیسر نے کلاس کے پہلے ہی روز کہا تھا کہ اب نصاب بدل چکا ہے اور اس لئے ضروری ہے کہ سارے متن کو اچھی طرح پڑھنا ضروری ہوگا۔

پروفیسر کینیون نے لاکر میں رقم کے نیچے مبارک باد کے پیغام کے ساتھ کہا گیا تھا کہ وہ رقم لے کر اپنا نام اور تاریخ ضرور لکھیں تاکہ اس کی تصدیق ہوجائے۔ لیکن کوئی بھی طالبعلم یہ انعام حاصل نہ کرسکا۔

تاہم انہوں نے کہا کہ ان کے طالبعلم پڑھتے ضرور ہیں لیکن وہ حرف بہ حرف پڑھنے کا تکلف نہیں کرتے۔ یہی وجہ ہے کہ وہ اس رقم سے محروم رہ گئے ہیں۔
Load Next Story