حکومت کی نا اہلی کی سزا عوام بھگت رہے ہیں شہباز شریف

حکومت عوام کے لئے مستقل تکلیف بن چکی ہے، اس سے نجات ہی قوم کو مصائب سے نجات دے سکتی ہے، اپوزیشن لیڈر


ویب ڈیسک December 20, 2021
افسوس یہ ہے کہ حکمران اب بھی ماننے کو تیار نہیں، اپوزیشن لیڈر ۔ فوٹو:فائل

لاہور: قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف عوام حکومت کی نا اہلی کی سزا بھگت رہے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف کا کہنا تھا کہ ہر گزرے دن کے ساتھ گیس بحران سنگین ہوتا جا رہا ہے، صنعتوں کو بھی گیس کی کمی کا سامنا ہے، عوام حکومت کی نا اہلی کی سزا بھگت رہے ہیں، لیکن افسوس یہ ہے کہ حکمران اب بھی ماننے کو تیار نہیں۔



شہبازشریف نے بجلی کی قیمتوں میں 4 روپے 33 پیسے فی یونٹ مزید اضافے کی درخواست واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ہر ماہ بجلی اور اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ قوم کا معاشی استحصال اور قتل ہے، بجلی کے ہر اضافے پر قوم کو یاد آ جاتا ہے کہ بجلی کی قیمت بڑھانے والا وزیراعظم چور ہوتا ہے، بجلی کی قیمت بھی بڑھتی جا رہی ہے لیکن پھر بھی گردشی قرض تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکا ہے۔

اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ حکومت بجلی کی قیمت بڑھا کر بھی گردشی قرض کم نہیں کرسکی، جب کہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ گردشی قرض ختم کردیں گے، لیکن یہ قرض کم ہونے کے بجائے دوگنا ہوچکا ہے، بجلی کی قیمتیں بڑھانا مسئلے کا حل نہیں، عوام اور معیشت کے مسائل مزید نہ بڑھائے جائیں، قوم کو مزید تکلیف دینے کے بجائے حکومت مستعفی ہوجائے، یہ حکومت عوام کے لئے مستقل تکلیف بن چکی ہے، اس سے نجات ہی قوم کو مصائب سے نجات دے سکتی ہے۔

اس سے قبل ایک بیان میں شہبازشریف کا کہنا تھا کہ افغانستان کا معاملہ بڑا گھمبیر ہے، وہاں لوگ بے روزگار ہوچکے ہیں اور ان کو روٹی اور دوائی کے لالے پڑ گئے ہیں، افغانستان کے عوام کی امداد کا معاملہ بڑا سنگین ہے، عالم اسلام سمیت پوری دنیا کا فرض بنتا ہے کہ افغان عوام کی مدد کرے، جتنی افغان عوام کو مدد کی اب ضرورت ہے شاید پہلے کبھی نہیں ہوئی۔

 

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔