کیون پیٹرسن کا اخراجکپتان سے تعاون نہ کرنا وجہ بنا

آسٹریلیا میں وائٹ واش کے بعد ٹیم کلچر بہتر بنانا چاہتے ہیں،ترجمان کرکٹ بورڈ


Sports Desk February 11, 2014
اس بات میں کوئی شک نہیں کہ پیٹرسن نے انگلینڈ کی جانب سے انتہائی بہترین اننگز کھیلی ہیں۔ فوٹو: فائل

انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ کیون پیٹرسن کو کپتان الیسٹرکک سے تعاون نہ کرنے پر ٹیم سے باہر کیا گیا۔

ای سی بی کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیاکہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ پیٹرسن نے انگلینڈ کی جانب سے انتہائی بہترین اننگز کھیلی ہیں، مگر ہم آسٹریلیا میں وائٹ واش کے بعد ٹیم کلچربہتر بنانا چاہتے ہیں جس میں کپتان اور پلیئرز میں ہم آہنگی ہو، پیٹرسن اس میں فٹ نہیں بیٹھتے تھے اس لیے انھیں ڈراپ کیا گیا،اس سلسلے میں سابق پلیئرز اور کرکٹ سے باہر کے لوگوں کی ہونے والی تنقید کسی صورت بھی منصفانہ نہیں ہے۔ یاد رہے کہ بورڈ کو کو پیٹرسن کا قبل از وقت معاہدہ ختم کرنے کی وجہ تنقید کا سامنا ہے، ابتدائی طور پر اسٹار بیٹسمین کو ویسٹ انڈیز اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے لیے منتخب نہ کرنے کی وجہ بتانے سے انکار کر دیا گیا تھا، سلیکٹرز نے جمعرات کو ایک بیان میں کہا تھا کہ یہ برطانوی ٹیم کی تعمیرِ نو کا وقت ہے۔ دوسری جانب گذشتہ روز ای سی بی اور پروفیشنل کرکٹرز ایسوسی ایشن نے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ یہ بات ہمارے لیے بہت جھنجھلاہٹ کا باعث ہے کہ انگلش کھلاڑیوں پر کی جانے والی منفی تنقید کا جواب دینے کے قابل نہیں ہیں۔



بیان میں مزید کہا گیاکہ آسٹریلیا کے ہاتھوں وائٹ واش کے بعد انگلش ٹیم کو تعمیرِ نو کی ضرورت ہے، اسکے لیے ہمیں کپتان ایلسٹر کک کا بھر پور ساتھ دینا ہوگا تاکہ وہ ٹیم میں ایک ایسا ماحول پیداکر سکیں جس سے دیگر کھلاڑی ان کی حمایت کریں۔اس سے پہلے انگلش وکٹ کیپر میٹ پرائر نے ٹی وی میزبان پیئرس مورگن کے ان الزمات کو مسترد کر دیا کہ کیون پیٹرسن نے ڈائریکٹر اینڈی فلاور پر تنقید کی تھی۔ پیٹرسن کی اہلیہ نے بھی اپنے شوہر اور فلاور کے درمیان کشیدگی کے تاثر کوغلط قرار دیا تھا۔ یاد رہے کہ کیون پیٹرسن نے انگلینڈ کی جانب سے 104 ٹیسٹ میں 23 سنچریوں کی مدد سے 8181 رنز بنائے،انھوں نے 136 ایک روزہ میچز میں 9سنچریوں کی مدد سے 4,440 رنز اسکور کیے،37 ٹی ٹوئنٹی میچز میں ان کے رنز کی تعداد1,176 رہی۔2004 میں انگلینڈ کی جانب سے کیریئر کا آغاز کرنے والے کیون پیٹرسن نے کہا تھا کہ اپنے ملک کے لیے کھیلنا میرے لیے فخر کی بات ہے، میں نے جب بھی انگلینڈ کی شرٹ پہنی وہ لمحہ میرے لیے باعثِ فخر رہااور یہ ہمیشہ میرے ساتھ رہے گا۔حال ہی میں انگلینڈ کی ٹیسٹ ٹیم کو آسٹریلیا کے خلاف ایشز سیریز میں پانچ صفر کی شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اگرچہ پیٹرسن نے ٹیم کے لیے اس سیریز میں سب سے زیادہ رنز بنائے لیکن ان پر کئی مرتبہ آؤٹ ہونے کے انداز کی وجہ سے تنقید کی گئی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں