عمران خان رہی سہی عزت کو بچا کر مستعفی ہوجائیں مریم نواز

عمران خان کے پاس اب بھی موقع ہے ، اعتراف کریں میں ناکام ہوگیا مجھ سے ملک اب نہیں چل رہا، نائب صدر ن لیگ


ویب ڈیسک December 21, 2021
عمران خان کے پاس اب بھی موقع ہے ، اعتراف کریں میں ناکام ہوگیا مجھ سے ملک اب نہیں چل رہا، نائب صدر ن لیگ فوٹو:آن لائن

KARACHI, PAKISTAN: پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان کی کارکردگی کو دنیا کی کوئی طاقت سپورٹ نہیں کرسکتی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کے خلاف مریم نواز کی اپیل پر سماعت ہوئی۔ نیب نے مریم نواز کی اپیل پر سماعت بغیر کارروائی ملتوی کرنے کی استدعا کردی۔

نیب پراسیکیوٹر کی جانب سے درخواست دائر کی گئی کہ مجھے بخار ہے، اپیلوں پر سماعت آئندہ کسی بھی تاریخ تک ملتوی کی جائے۔ عدالت نے نیب کی درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت 18 جنوری تک ملتوی کردی۔

مریم نواز پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ بھی وقت تھا جو روزانہ کی بنیاد پر سماعت کی استدعاکرتاتھا آج التوا مانگ رہاہے۔

پی ٹی آئی کی شکست پر تبصرہ کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کو خیبرپختونخوا میں جیت پر مبارکباد پیش کرتی ہوں، خیبرپختونخوا بلدیاتی انتخابات کانتیجہ پی ٹی آئی کی ناقص کارکردگی ہے، ایک وقت آئے گا پی ٹی آئی سے کوئی ٹکٹ بھی نہیں مانگے گا، پی ٹی آئی کو لاہور، خانیوال ،پشاور اور خیبرپختونخوا کے ہر ضلع سے شرمناک شکست ہوئی، پہلی حکومت ہے جوایک کے بعد ایک انتخاب ہار رہی ہے، آئندہ الیکشن میں تحریک انصاف کے امیدوار ہیلمٹ پہن کر عوام کے پاس جائیں۔

مریم نواز نے کہا کہ عمران خان کے پاس ابھی بھی موقع ہے، عوام کی جان چھوڑ دیں اور مستعفی ہوجائیں، عمران خان پر اس سے بھی بہت برا وقت آنے والا ہے، تھوڑی بہت رہی سہی عزت کو بچا کر خدا حافظ کہیں، اعتراف کریں میں ناکام ہوگیا مجھ سے ملک اب نہیں چل رہا، تھوڑی سی بھی عزت والا شخص ہوتا تو خدا حافظ کہہ کر چلاجاتا۔

جب تحریک انصاف کے ایم این ایز ہی ساتھ نہ دیں تو پارٹی جیت کیسے سکتی ہے؟ عمران خان کی کارکردگی کو دنیا کی کوئی طاقت سپورٹ نہیں کرسکتی، وہ اپنے بوجھ تلے خود دب گئے، ان کے لیے اب بچنے کا کوئی راستہ نہیں، عمران خان مان لیں ان سے حکومت نہیں چلتی، کہتےتھےکےپی تحریک انصاف کاگڑھ ہےوہاں سےبھی بےعزتی ہوئی۔

ن لیگ کی نائب صدر نے کہا کہ شہبازشریف پارٹی صدر ہیں لیکن وزیراعظم کے امیدوار کے فیصلے کااختیار نوازشریف کے پاس ہے، نوازشریف وطن واپسی کے لیے بےچین ہیں، ہم سب چاہتے ہیں نوازشریف کل ہی وطن آجائیں ، پاکستان نوازشریف کااپنا ملک ہے وہ ضرور آئیں گے۔

مریم نواز نے کہا کہ پرویز مشر ف کے لیے یہ سزا بڑی ہے کہ ان کوایک آمر کے طور پر یادکیاجاتاہے، پرویز مشر ف نے خود دیکھا کہ نوازشریف تیسری باروزیراعظم منتخب ہوئے حالانکہ اس نے بھی کہاتھا کہ نوازشریف تاریخ بن چکے ہیں، مشرف آج پاکستان نہیں آ سکتےان کا نام ونشان مٹ گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں