کراچی میں اگلے تین روز کے دوران سردی میں مزید کمی کا امکان
منگل کو کم از کم درجہ حرارت 12 ڈگری ریکارڈ، اگلے تین روز 16 سے 18 ڈگری کے درمیان رہنے کی توقع
LOS ANGELES:
شہر قائد میں سردی کی شدت میں کمی آگئی، منگل کو شہر کا مجموعی پارہ کئی ڈگری بڑھ گیا، کم سے کم درجہ حرارت 12 اور زیادہ سے 28.5 ڈگری ریکارڈ ہوا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی سلسلے کے اثرات کے نتیجے میں شہر میں جاری سردی کی لہر میں کمی ہوگئی، بیشتر وقت بلوچستان کی سرد اور خشک ہواؤں کے بجائے سمندری ہوائیں چلیں، منگل کو کم سے کم درجہ حرارت 12 جبکہ زیادہ سے زیادہ 28.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔
صبح کے وقت فضاؤں پر کہر چھانے کی وجہ سے حد نگاہ 6 کلومیٹر سے کم ہوکر ڈیڑھ کلومیٹر رہ گئی تھی، اگلے تین روز کے دوران شہر کے مجموعی درجہ حرارت میں اضافہ متوقع ہے، کم سے کم پارہ 16 سے 18 ڈگری کے درمیان جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 26 سے 28 ڈگری کے درمیان ریکارڈ ہوسکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اس دوران شہر میں سمندر کی جنوب مغربی سمت کی ہوائیں چل سکتی ہیں، تین روز کے دوران صبح کے وقت دھند رات سرد جبکہ دن کو مطلع صاف اور جزوی طور پر ابرآلود رہنے کا امکان ہے۔