یاسر شاہ جنسی زیادتی کیس پاکستان کرکٹ کےلیے ٹھیک نہیں رمیز راجا

آسٹریلیا کو آسٹریلیا میں شکست دینے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، چیئرمین پی سی بی


ویب ڈیسک December 22, 2021
آسٹریلیا کو آسٹریلیا میں شکست دینے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، رمیز راجا فوٹو:فائل

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین رمیز راجا نے کہا ہے کہ آسٹریلیا کو آسٹریلیا میں شکست دینے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

پی سی بی کے نئے چیف ایگزیکٹو فیصل حسنین کے ہمراہ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رمیز راجا نے عزم کیا کہ آسٹریلیا میں ہونے والے آئندہ کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان آسٹریلیا کو اس کے ہوم گراؤنڈ میں شکست دے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس کےلیے ہمیں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا، پاکستان کو فیلڈنگ بھی بہتر بنانی ہوگی، آسٹریلیا کو آسٹریلیا میں ہرانے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، بہترین پچز کےلیے آسٹریلیا سے مٹی اور دیگر سامان بھی منگوا رہے ہیں۔

چیرمین پی سی بی نے کہا کہ جب تک پچز ٹھیک نہیں ہوں گی تب تک ہماری کرکٹ آگے نہیں جائے گی، اس سلسلے میں اب تک سب سے زیادہ میٹنگز کیوریٹرز اور گراؤنڈ اسٹاف سے ہی کی ہیں، ڈراپ ان پچز جلد پاکستان آجائیں گی تاہم انگلینڈ اور نیوزی لینڈ میں ڈومیسٹک کرکٹ کے دوران استعمال ہونے والی ہائبرڈ پچ بھی لانے کا منصوبہ بنارہے ہیں، وکٹوں کی بہتری پر 37 کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: 14 سالہ لڑکی کیساتھ جنسی زیادتی؛ یاسر شاہ اور ان کے دوست پر مقدمہ درج

رمیز راجا نے اسکول کرکٹ سسٹم کو بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اسکول کرکٹ میں 11 سے 16 سال تک عمر کے 100 بچوں کو شامل کریں گے جنہیں ماہانہ 30 ہزار روپے وظیفہ بھی دیا جائے گا، پھر نہ صرف ان بچوں کو تربیت دے کر قومی میچز کھلائیں گے بلکہ ان کے لیے بہترین کوچز بھی رکھے جائیں گے۔ نیز جلد ہی ان کے لئے ٹیلنٹ ہنٹ بھی شروع کیا جائے گا۔

رمیز راجا نے بتایا کہ انہیں عہدہ سنبھالنے کے بعد مختلف چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا جس میں ورلڈ کپ، غیر ملکی ٹیموں کا واپس جانا شامل ہیں، لیکن انہوں نے کرکٹ پر توجہ مرکوز کی اور مسائل کا حل نکالا۔ چیرمین پی سی بی نے بتایا کہ انہوں نے نیوزی لینڈ کے واپس جانے اور انگلینڈ کے آنے سے انکار پر ایشین کونسل میں آواز بلند کی۔

یاسر شاہ کے خلاف جنسی زیادتی کے کیس سے سوال کے جواب میں رمیز راجا نے کہا کہ یاسر شاہ والے ایشوپر زیرو ٹالرینس پالیسی ہے، پتہ نہیں اس کیس میں کتنی سچائی ہے، تاہم یہ معاملہ پاکستان کرکٹ کےلیے ٹھیک نہیں، ہمیں لڑکوں کو سکھانا ہے کہ آپ کے دوست کیسے ہونے چاہئیں، میں نے 2000ء میں اشفاق احمد، مستنصر حسین تارڑ اور دیگر دانشوروں کو بلایا تھا کہ بچوں کو سمجھائیں کہ زندگی میں پیسہ سب کچھ نہیں ہوتا اور شہرت کو کیسے سنبھالناہے، یہ سلسلہ دوبارہ شروع کرنا ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں