عالمی بینک پاکستان کو 19 کروڑ ڈالر قرض دے گا معاہدہ طے پاگیا

قرض کا مقصد حیدرآباد، ملتان اور پشاور میں آپریشنل کارکردگی کو بہتر کرنا اور پون بجلی میں اصلاحات لانا ہے


Business Reporter December 23, 2021
قرض کا مقصد حیدرآباد، ملتان اور پشاور میں آپریشنل کارکردگی کو بہتر کرنا اور پون بجلی میں اصلاحات لانا ہے (فوٹو : فائل)

عالمی بینک بجلی کی تقسیم کاری میں بہتری کے لیے پاکستان کو ساڑھے 19 کروڑ ڈالر مالیت کا قرضہ فراہم کرے گا، پاکستان اور عالمی بینک کے درمیان معاہدہ طے پاگیا۔

وزارت اقتصادی امور کے اعلامیے کے مطابق پاکستان اور عالمی بینک نے بجلی کی تقسیم کاری میں بہتری کے لیے ساڑھے 19 کروڑ ڈالر مالیت کے معاہدوں پر دستخط کردیے۔ اقتصادی امور ڈویژن کے سیکریٹری میاں اسد حیاء الدین تقسیم کار کمپنیوں حیسکو، میپکو اور پیسکو کے نمائندوں جبکہ عالمی بینک کے آپریشنز منیجر انجم احمد نے بینک کی جانب سے معاہدوں پر دستخط کیے۔

اعلامیہ کے مطابق منصوبے کا بنیادی مقصد حیدرآباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (حیسکو)، ملتان الیکٹرک پاور کمپنی (میپکو ) اور پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) کے اہداف والے علاقوں میں آپریشنل کارکردگی کو بہتر بنانا اور پون بجلی کے شعبے میں اصلاحات کے ایجنڈے پر پیش رفت ہے۔

اقتصادی امور ڈویژن کے ترجمان نے بتایا کہ بجلی کی تقسیم کاری میں بہتری کے منصوبے کا مقصد تین ڈسکوز میں نئے گرڈ اسٹیشنوں کا قیام، موجودہ گرڈ اسٹیشنوں کی بہتری اور نئے ترسیلی لائنوں کی تعمیرکے ساتھ ساتھ پرانی لائنوں کی بحالی وبہتری ہے، علاوہ ازیں ڈسکوز کے آپریشنز اورمحصولات میں اضافہ کیا جائے گا۔

ترجمان کے مطابق اس منصوبے سے پاورڈویژن کو نیشنل الیکٹریسٹی پالیسی 2021ء کے تحت اپنے مینڈیٹ پرعمل درآمد اور بجلی کے شعبے میں اصلاحات کے نفاذ میں معاونت ملے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔