ذکا اشرف کے جاتے ہی پاکستان کرکٹ بورڈ میں تبدیلیوں کا طوفان

سابق کپتان معین خان ہیڈ کوچ اور شعیب محمد فیلڈنگ کوچ مقرر جبکہ ظہیر عباس ٹیم کے چیف کنسلٹنٹ ہوں گے


ویب ڈیسک February 11, 2014
پی سی بی ہیڈ کوارٹر لاہور میں مینیجمنٹ کمیٹی کا 5 گھنٹے تک طویل اجلاس ہوا۔ فوٹو: اے ایف پی/ فائل

DALLAS: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سابق کپتان معین خان کو ہیڈ کوچ اور شعیب محمد کو فیلڈنگ کوچ مقرر کردیا ہے جب کہ ظہیر عباس ٹیم کے چیف کنسلٹنٹ ہوں گے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پی سی بی کی مینیجمنٹ کمیٹی کے 5 گھنٹے تک جاری رہنے والے طویل اجلاس کے بعد چیرمین نجم سیٹھی اور کمیٹی کے دیگر اراکین نے مشترکہ پریس کانفرنس میں اجلاس میں طے پانے والے اہم فیصلوں کا اعلان کیا جس کے مطابق وسیم اکرم، جاوید میانداد اور انتخاب عالم پر مشتمل کوچ کمیٹی کے پہلے آپشن کو تسلیم کر لیا گیا جس میں معین خان کو ہیڈ کوچ اور شعیب محمد کو فیلڈنگ کوچ بنانے کی تجویز تھی جبکہ فاسٹ بولنگ کوچ محمد اکرم کے معاہدے میں پہلے ہی 2 سال کی توسیع کردی گئی ہے، ذاکر خان کو ایشیا کپ اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے لئے بدستور مینجر رکھا گیا ہے، ذکا اشرف کی جانب سے برطرف کئے گئے قانونی مشیر تفضل رضوی کو عہدے پر دوبارہ بحال کردیا گیا جبکہ ظہیر عباس کو چیف کنسلٹنٹ مقرر کردیا گیا، اجلاس میں سابق ٹیسٹ کرکٹرز اور سابق چیئرمینوں پر مشتمل ایڈوائزری کمیٹی بھی بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد نے کہا کہ کراچی ریجنل اکیڈمیز کے انچارج باسط علی اور جونیئر چیف سلیکٹر محمد الیاس کی تقرری غیر آئینی تھی جبکہ عامر سہل کی بطور ڈائریکٹر گیم ڈویلپمنٹ اور چیف سلیکٹر نہ کوئی تعیناتی ہوئی اور نہ ہی انہیں اس حوالے سے کوئی خط لکھا گیا ہے۔

چیرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے کہا کہ عامر سہیل کی 5 لاکھ تنخواہ مقرر کی گئی لیکن چیف سلیکٹر کی تقرری کے لئے کوئی اشتہار تک نہیں دیا گیا تھا، کرکٹ بورڈ کے غیر جمہوری آئین میں تبدیلیاں کر کے اسے جمہوری بنایا جائے گا جبکہ بگ تھری پر اگلے اجلاس میں کوئی پالیسی فیصلہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بگ تھری کے معاملے پر پاکستان تنہا رہ گیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔