چین اور تائیوان کے رہنماؤں کا 65 سال بعد ایک دوسرے سے رابطہ

تائیوان کے مین لینڈ افیئرز کونسل کے سربراہ نے اپنے دورہ چین کے دوران ہم منصب ہینگ زیجون سے ملاقات کی۔


ویب ڈیسک February 11, 2014
مذاکرات کے دوران دونوں جانب سے زمینی تنازع کے بجائے تعلیم، ثقافت اور معاشی تعلقات کو بہتر بنانے پر بات کی گئی. فوٹو:رائٹرز

چین اور تائیوان کے درمیان 65 سال بعد تاریخی مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد دونوں ممالک نے ایک دوسرے کے ہاں دفاتر کھولنے پراتفاق کیا ہے۔


غیر ملکی میڈیا کے مطابق تائیوان کے مین لینڈ افیئرز کونسل کے سربراہ وینگ یوچی نے اپنے چار روزہ دورہ چین کے دوران نائب وزیرخارجہ ہینگ زیجون سے ملاقات کی جس کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ دونوں رہنماؤں نے سیاسی اور اقتصادی تعلقات مضبوط بنانے پر زور دیا۔ مذاکرات کے دوران زمینی تنازع کو پس پشت ڈالتے ہوئے دونوں رہنماؤں نے تعلیم، ثقافت اور معاشی تعلقات کو بہتر بنانے پر بات کی۔


چین کی جانب سے تائیوان افئیر آفس کے سربراہ ہینگ زیجون نے کہا کہ دونوں ممالک کو ماضی کی تلخیاں بھلا کر مستقبل کا لائحہ عمل بنانا چاہیئے، اس موقع پر تائیوان کی جانب سے زیجون کو سرکاری دورہ کی دعوت دی گئی۔


واضح رہے کہ 1949 میں خانہ جنگی کے دوران تائیوان نے چین سے علیحدگی اختیار کرلی تھی،65 سالہ طویل رنجشوں کے بعد دونوں ممالک نے دوبارہ تعلقات کو مستحکم بنانے پر زور دیا ہے۔


تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔