کراچی میں گیس بحران کے خلاف جگہ جگہ احتجاج بدترین ٹریفک جام

آئی آئی چندریگر، ٹاور، ایم اے جناح روڈ، ماڑی پور روڈ، کالا پل، کورنگی روڈ، شیر شاہ، ایوان صدر روڈ پر گاڑیوں کی قطاریں


Staff Reporter December 24, 2021
(فوٹو : فائل)

QUETTA: شہر کے مختلف علاقوں میں پانی، بجلی اور گیس کی عدم فراہمی کے خلاف مظاہرے کیے گئے، مظاہروں کی وجہ سے مختلف شاہراہوں پر بدترین ٹریفک جام ہوگیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق محمود آباد کے علاقے چنیسر گوٹھ میں گیس کی بندش کے خلاف علاقہ مکینوں نے کالا پل کے قریب نیشنل میڈیکل سینٹر کے سامنے احتجاج کیا، مظاہرین نے شدید نعرے بازی کی اور گیس کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔ مظاہرے کے سبب شام کو دفاتر سے گھروں کو واپس جانے والے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

مظاہرے کی وجہ سے کورنگی روڈ اور اطراف کی سڑکوں پر بدترین ٹریفک جام ہوگیا اور گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں، علاوہ ازیں شیرشاہ پراچہ چوک پر بھی پانی کی عدم فراہمی پر مکینوں کی جانب سے احتجاج کیا گیا جس کے باعث اس کے اطراف کی شاہراہوں پر بدترین ٹریفک جام ہوگیا۔

یہ پڑھیں : گیس بحران میں کمی کیلیے غیر برآمدی صنعتوں کی گیس بندش بڑھانے کا فیصلہ

ٹاور کے علاقے میں جناح برج پر بھی گیس کی عدم فراہمی پر مظاہرہ کیا گیا جس کے باعث آئی آئی چندریگر روڈ، ٹاور، ایم اے جناح روڈ اور ماڑی پور روڈ پر بھی بدترین ٹریفک جام رہا۔

پولیس حکام کے مطابق ٹاور کے قریب پیپلز پارٹی کارکنان نے سوئی گیس بندش کے خلاف احتجاج کیا جس کے باعث ریڈ زون اور دیگر شاہراہوں پر گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔

دریں اثنا ایوان صدر روڈ، پی آئی ڈی سی، ضیاء الدین احمد اور دین محمد وفائی روڈ پر بھی ٹریفک جام رہا، شہر میں احتجاجی مظاہروں کے وجہ سے دفاتر اور کاروباری مراکز سے نکلنے والے شہری ٹریفک جام میں پھنس کر رہ گئے۔

بعدازاں احتجاج کی اطلاع پر پولیس اور رینجرز حکام موقع پر پہنچ گئے اور مذاکرات کے بعد شہریوں کو پرامن طور پر منتشر کردیا جس کے کچھ دیر بعد ٹریفک کی روانی بھی معمول کے مطابق بحال ہوگئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں