کون بنے گا کروڑ پتی پنک گیند سے کرکٹرز کی صلاحیتوں کا آج امتحان

پنک بال سے 5 روزہ ڈے اینڈ نائٹ میچ میں دفاعی چیمپئن خیبرپختونخوا اور ناردرن کی ٹیمیں مقابل ہوں گی


Sports Desk December 25, 2021
رنرزاپ کو50لاکھ روپے ملیں گے،دفاعی چیمپئن کو ایونٹ کے ٹاپ اسکورر صاحبزادہ فرحان، فخرزمان اور کامران غلام کی خدمات حاصل

کون بنے گا کروڑپتی؟ پنک گیند سے کرکٹرز کی صلاحیتوں کا امتحان ہفتے سے شروع ہوگا۔

دفاعی چیمپئن خیبرپختونخوا اور ناردرن کی ٹیمیں نیشنل اسٹیڈیم کراچی پر قائد اعظم ٹرافی کے 5 روزہ ڈے اینڈ نائٹ فائنل میں مدمقابل ہوں گی۔ افتخار احمد کو ایونٹ کے ٹاپ اسکورر صاحبزادہ فرحان، فخرزمان اور کامران غلام کی خدمات حاصل ہیں، پیسرز ثمین گل، عمران خان سینئر اور محمد وسیم بھی میسر ہوں گے، ساجد خان اسپن کا جادو جگائیں گے۔ نعمان علی کی امیدوں کا محور ان فارم ٹرپل سنچری میکر محمد حریرہ ہیں۔

حیدر علی اور عمر امین سے بھی بڑی اننگز کی توقعات وابستہ ہوں گی، نعمان علی اور آل راؤنڈر مبصر خان سلو بولنگ میں موثر ہتھیار ہیں، پیس بیٹری میں محمد موسیٰ اور کاشف علی بھی موجود ہونگے۔فاتح ٹیم کو ایک کروڑ اور رنرزاپ کو50لاکھ روپے کی انعامی رقم دی جائیگی۔

بہترین بیٹر، بولر، وکٹ کیپر اور پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کو 5،5لاکھ روپے ملیں گے۔تفصیلات کے مطابق ڈومیسٹک کرکٹ میں پاکستان کے سب سے پریمیئر ٹورنامنٹ قائداعظم ٹرافی کا فائنل ہفتے سے سے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں شروع ہوگا۔

پنک بال سے 5 روزہ ڈے اینڈ نائٹ میچ میں دفاعی چیمپئن خیبرپختونخوا اور ناردرن کی ٹیمیں مقابل ہوں گی،ایونٹ کے مختلف وینیوز پر ہونے والے10راؤنڈ میچز میں ناردرن نے 4 فتوحات حاصل کیں، 2 میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا،اتنے ہی میچز ڈرا کیے،مجموعی طور پر132 پوائنٹس کے ساتھ ٹیم نے ٹاپ پوزیشن پر جگہ بنائی،خیبرپختونخوا کو4میچز میں فتح اور ایک میں شکست ہوئی،پانچ میچز ڈرا پر ختم ہوئے،دفاعی چیمپئن ٹیم150پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہی،دونوں ٹیموں کو طریقہ کار کے مطابق بیٹنگ، بولنگ، بونس اور بولنگ بونس پوائنٹس بھی حاصل ہوئے۔

افتخار احمد کی قیادت میں کھیلنے والی خیبرپختونخوا کی ٹیم کے صاحبزادہ فرحان924 رنز بناکر ٹورنامنٹ کے ٹاپ اسکورر ہیں،انھوں نے ابھی تک 3سنچریاں اور5 ففٹیز بنائیں، فخرزمان، کامران غلام اور اشفاق احمد بطور بیٹر اہم کردار ادا کرسکتے ہیں، افتخار احمد خود بھی بیٹ اور بال سے مفید ثابت ہونے کے اہل ہیں، بولرز میں ثمین گل29 شکار کرچکے، عمران خان سینئر اور محمد وسیم بھی بیٹرز کیلیے مشکلات پیدا کریں گے۔

دورئہ بنگلہ دیش میں تہلکہ مچانے والے ساجد خان کی صلاحیتیں بھی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔خیبرپختونخوا کے کپتان افتخار احمد کا کہنا ہے کہ گذشتہ 2 سال کے مقابلے میں رواں برس ایونٹ قدرے زیادہ مسابقتی رہا، میں اپنی ٹیم کی کارکردگی سے مطمئن اور مجھے یقین ہے کہ ہم ٹائٹل کا دفاع کرنے میں کامیاب ہوں گے۔دوسری جانب نعمان علی کی زیرقیادت ناردرن کے محمد حریرہ 3سنچریاں اور اتنی ہی ففٹیز کی مدد سے 878 رنز بنا چکے ہیں۔

19 سالہ بیٹر نمایاں اسکوررز کی فہرست میں دوسرے نمبر پر ہیں، انھوں نے دسویں راؤنڈ میں بلوچستان کیخلاف ٹرپل سنچری بھی بنائی تھی، حیدر علی اور عمر امین بھی بڑی اننگز کھیلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، آل راؤنڈر مبصر خان 25 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھا چکے ہیں۔

وہ بیٹنگ بھی اچھی کرلیتے ہیں،ٹیسٹ کرکٹر کپتان نعمان علی کافی تجربہ کار ہیں،ضرورت پڑنے پر اسپنر کا ساتھ دینے کیلیے عمر امین بھی موجود ہوں گے، محمد موسیٰ اور کاشف علی بھی حریف کی وکٹیں اڑا سکتے ہیں۔ نعمان علی کا کہنا ہے کہ ناردرن نے ایونٹ کے راؤنڈ میچز میں بہترین پرفارم کیا، خصوصاً اختتامی راؤنڈز میں نوجوان کھلاڑیوں کی کارکردگی انتہائی متاثرکن رہی، پنک بال سے ایونٹ کا فائنل کھیلنا ایک مختلف چیلنج ہوگا۔

ہم اس سے نبردآزما ہونے کیلیے تیار ہیں۔یاد رہے کہ قائداعظم ٹرافی کی فاتح ٹیم کوٹرافی سمیت ایک کروڑ جبکہ رنرزاپ کو50لاکھ روپے کی انعامی رقم دی جائے گی،بہترین بیٹر، بولر، وکٹ کیپر اور پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کو 5،5لاکھ روپے وصول کرنے کا موقع ملے گا، پلیئر آف دی فائنل کو50ہزار روپے ملیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں