الیکٹرونک ووٹنگ پر دباؤ قبول نہ مداخلت الیکشن کمیشن کا حکومت کو پیغام

الیکٹرونک ووٹنگ مشین کے معاملے پر ہمارے کام میں مداخلت نہ کی جائے، الیکشن کمیشن

الیکشن کمیشن ای وی ایم کی تکنیکی خصوصیات جلد مکمل کرے،وزارت سائنس وٹیکنالوجی نے خط کا جواب دے دیا (فوٹو : فائل)

لاہور:
وفاقی حکومت اور الیکشن کمیشن پھر آمنے سامنے آگئے، الیکشن کمیشن نے دوٹوک پیغام دیا ہے الیکٹرونک ووٹنگ مشین کے معاملے پر ہمارے کام میں مداخلت نہ کی جائے، الیکشن کمیشن نے واضح کیا کسی قسم کا دباؤ نہ ڈالا جائے، تاثر دیا گیا الیکشن کمیشن ای وی ایم پر کوتاہی سے کام لے رہا ہے۔

الیکشن کمیشن آئین کے تحت اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے کا پابند ہے، کسی کے دباؤ میں نہیں آئیں گے۔ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق الیکٹرونک ووٹنگ مشین کی قانون سازی سے پہلے ہی ٹیکنالوجی کے استعمال پر اقدامات کر رہے تھے، قانون سازی کے بعد ٹیکنالوجی سے متعلق الیکشن کمیشن نے تین کمیٹیاں تشکیل دیں، کمیٹیاں اپنا کام ذمہ داری سے کررہی ہیں ،الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا حصول ایک ٹیکنکل پراسس ہے۔

اس میں بین الاقوامی ٹینڈرنگ کے علاوہ 19اہم مراحل ہیں، مشینوں کے حصول میں پیپرا رولز اور بین الاقوامی معیار کو کسی صورت نظرانداز نہیں کیا جا سکتا، الیکٹرو نک ووٹنگ مشینوں کی تیسرے فریق سے ٹیسٹنگ ضروری ہے، یقینی بنانا ہے مشینوں کی ٹینڈرنگ کسی مخصوص کمپنی کو نہ کی جائے، مشین فری اور فیئر الیکشن کے انعقاد کے لئے استعمال کی جا سکتی ہے۔


ٹیکنالوجی کا ادراک نہ ہونے پرکچھ لوگ غیر ذمہ دارانہ بیانات دے رہے ہیں، غیرذمہ دارانہ بیانات عوام ، سول سوسائٹی، آگنائزیشن اور میڈیا کو مس گائیڈ کرنے کے مترادف ہیں،اگر کسی کوکوئی وضاحت چاہئے تو الیکشن کمیشن کے دروازے کھلے ہیں ۔علاوہ ازیں وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات ای وی ایم پر کرانے کے لئے الیکشن کمیشن کے خط کا جواب دے دیا۔ خط میں کہا گیا الیکشن کمیشن ای وی ایم کی تکنیکی خصوصیات اس سال کے اختتام تک مکمل کرے ،اس کے بعد الیکشن کمیشن لوکل باڈیز اسلام آباد کے انتخابات ای وی ایم پر کروا سکتا ہے۔

حکومت الیکشن کمیشن کی ہر طرح کی اعانت کرنے کو تیار ہے ۔الیکشن کمیشن نے 17 دسمبر کو خط کے ذریعے تجربے کیلئے 50 مشینیں طلب کی تھیں، مشینوں میں ووٹنگ، گنتی اور دوبارہ گنتی کی خصوصیات کی ڈیمانڈ کی گئی تھی۔

دریں اثنا الیکشن کمیشن نے17دسمبر کو تجربے کیلئے وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سے50مشینیں مانگی تھیں جس میں مشینوں میں ووٹنگ، گنتی اور دوبارہ گنتی کی خصوصیات کی ڈیمانڈ کی گئی تھی۔ الیکشن کمیشن نے میئر اسلام آباد کا الیکشن کرانے کیلئے بھی3900مشینیں مانگ رکھی ہیں، الیکشن کمیشن اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات میں استعمال سے پہلے الیکٹرانگ ووٹنگ مشین کا تجربہ کرنا چاہتا ہے۔
Load Next Story