واہگہ بارڈر پر کسٹمز حکام کیجانب سے اشیائے خورد و نوش کی کلیئرنس میں رکاوٹیں کھڑی کرنے کا انکشاف

پنجاب حکومت کاچیئرمین ایف بی آرکوخط،کلیئرنس میں تاخیر پر تحفظات سے آگاہ کیا گیا


Irshad Ansari February 12, 2014
رکاوٹوں کے ذمے دار کسٹمز حکام کیخلاف کارروائی، کلیئرنس فوری کرنے کی درخواست ۔ فوٹو: فائل

KARACHI: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے ماتحت ادارے کسٹمز ڈپارٹمنٹ کے حکام کی طرف سے واہگہ کے راستے بھارت سے درآمد کی جانے والی سبزیوں، پھلوں و دیگر جلد خراب ہونے والی اشیا کی کلیئرنس میں رکاوٹیں پیدا کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔

جس پر پنجاب حکومت نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو اپنے تحفظات سے آگاہ کرتے ہوئے چیئرمین سے کلیئرنس میں رکاوٹیں پیدا کرنے والے کسٹمز حکام کے خلاف کارروائی کرنے کی درخواست کی ہے۔



ایف بی آر کے سینئر افسر نے ''ایکسپریس'' کو بتایا کہ پنجاب حکومت کی طرف سے چیئرمین ایف بی آر کو لیٹر لکھ کر واہگہ پر کسٹمز حکام کی طرف سے بھارت سے درآمدی سبزیوں اور پھلوں سمیت دیگر ناپائیدار اشیا کی کلیئرنس میں بلاوجہ تاخیر سے پیدا ہونے والے مسائل کے بارے میں آگاہ کیا گیا اور کہا گیا کہ اس سے بھارت کے ساتھ دوطرفہ تجارت کے فروغ کا عمل بھی متاثر ہوسکتا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ پنجاب حکومت کی طرف سے چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو طارق باجوہ سے درخواست کی گئی ہے کہ کسٹمز اتھارٹیز کو ہدایات جاری کی جائیں کہ واہگہ کے راستے بھارت سے درآمد کی جانے والی جلد خراب ہونے والی اشیا کی کلیئرنس فوری کی جائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں