جیکولین فرنینڈس ’’رائے‘‘ میں رنبیر کپور کی ہیروئن بنیں گی

فلم کے ہدایتکار وکرم جیت سنگھ ہیں، جیکولین ڈبل رول میں جلوہ گر ہوں گی ،شوٹنگ 28مارچ سے ممبئی میں شروع ہوگی، پروڈیوسر

ڈبل کردارادا کرنا میری خوش قسمتی ہے، رنبیر اچھے اداکارہیں ان کے ساتھ کام کرنے کی پرانی خواہش تھی جو رائے سے پوری ہورہی ہے ، جیکولین فوٹو : فائل

KARACHI:
سابق مس سری لنکا و بالی ووڈ اداکارہ جیکو لین فرنینڈس پروڈیوسر بھوشن کمار کی فلم ایکشن ، رومانوی اور تھرلر فلم ''رائے'' (Roy) میں رنبیر کپور کی ہیروئن بنیں گی ۔

ٹی سیریز کے بینر تلے بنائی جانے والی فلم کی ہدایات وکرم جیت سنگھ دیں گے۔جیکولین عائشہ ( Ayesha) اور ٹیہ(Tia) کے دوہرے کرداروں میں جلوہ گر ہوں گی جب کہ رنبیر کپور رائے نامی چور''Roy''کے کردار ادا کریں گے ۔قبل ازیں اطلاعات تھیں کہ رنبیر کپور فلم میں کیمو اپیرنس دے رہے ہیں مگر بھوشن کمار نے ان خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے رنبیر ان کی فلم میں مرکزی کردار ادا کررہے ہیں جو کہ ایک چور کا ہے اور یہ ایک خصوصی اپیرینس نہیں ہوگی انھوںنے مزید کہا کہ ''رائے میںاداکار ا رجن رامپال بھی ایک فلمساز کا کردار ادا کررہے ہیں ۔ انھوں نے بتایا کہ ہدایتکار وکرم جیت سنگھ اور ان کی ٹیم نے پری پروڈکشنکا کام شروع کردیا ہے۔

فلم کی شوٹنگز 28مارچ سے ممبئی میں شروع ہوں گی اور اس شیڈول کو 15 دنوں میں مکمل کرکے بیرون ممالک میں فلم کی عکسبندی کا شیڈول شروع کیا جائے گا اور اسے بھی45 دنوں میں مکمل کرلیا جائے گا۔ بھوشن کمار نے کہا کہ وکرمہ جیت سنگھ اور ان کی ٹیم ہمارے ساتھ دن رات کام میں مصروف ہے اور ہمیں یقین ہے کہ فلم ''رائے کی عکسبندی جو پہلے ہی کافی التوا کا شکار ہوچکی ہے وقت پر ختم ہوجائے گی اور اسے 12ستمبر کو سینما گھروں کی زینت بنایا جائے گا۔ مزاح سے محبت کرنیوالے ایک شخص کی حقیقی زندگی پر بنائی جانیوالی فلم رنبیر کپور اور ارجن رامپال کے گرد گھومتی ہے جو کہ فلم کی ہیروئن جیکولین فرنینڈس سے محبت کرتے ہیں اور اس دوران ان دونوں میں بہت تنائو پیدا ہوتا ہے اور دونوں ایک د وسرے کو نیچا دکھانے کی ہرممکن کوشش کرتے ہیں اس دوران جیکولین فرنینڈس جو فلم میں دہرا کردار ادا کررہی ہیں بہتر پریشان دکھائی دیتی ہیں ۔


اداکارہ جیکولین فرنینڈس کا فلم میںاپنے ڈبل رول کے متعلق کہنا ہے فلم رائے میںڈبل رول کرنا میری خوش قسمتی ہے جن میں سے ایک ہدایتکارہ کا ہے جسے ادا کرنے کے لیے ہدایتکاروں سے بہت رہنمائی حاصل کی ہے اور میں اس کردار کو ادا کرنے کے لیے بہت بے چین ہوں اور بے صبری سے فلم کی شوٹنگز شروع ہونے کا انتظار کررہی ہوں ۔ایک سوال کے جواب میں اداکارہ کا کہنا تھا کہ رنبیر کپور میرے پسندیدہ اداکار ہیں اور ان کے ساتھ کام کرنا میری پرانی خواہش تھی جو اس فلم سے پوری ہونے جارہی ہے ۔

رنبیر بہت اچھے اداکار ہیں انھیں اپنے کردار پر پرفارم کرنا آتا ہے امید ہے میں ان کے تجربے سے بہت فائدہ حاصل کروں گی ۔ 2جون 1985کو پیدا ہونیوالی جیکولین فرنینڈس تین سال کی عمر میں والدین کے ساتھ بحرین چلی گئیں اور پھر کالج کی تعلیم کے لیے آسٹریلیا کا رخ کیا ۔جیکو لین نے تعلیم مکمل کرنے کے بعدسری لنکا واپسی کا فیصلہ کیا جہاں جاکر ماڈلنگ سے عملی زندگی کا آغاز کردیا ۔جیکو لین نے سری لنکا ہی میں ٹی وی ڈرامہ میں بھی کردار نبھائے ۔2006کے دوران مس سری لنکا کا تاج پہننے کا اعزاز پایا ۔

اسی سال وہ لاس اینجلس کے مقابلہ حسن میں حصہ لینے گئیں تو انھیں بالی وڈ میں کام کرنے کی آفرز ہونے لگیں ۔جیکو لین نے 2009میں بالی وڈ فلم میں کام کرکے دھوم مچادی ۔2010میں اسی فلم میں پرفارم کرنے پر انٹر نیشنل اندین فلم اکیڈمی ایوارڈ جیتا ۔کئی کمرشلز بھی بنائی گئیں جن میں جیکو لین نے مرکزی کردار نبھایا ان میں شاہد کپور کے ساتھ ایک کمرشل بہت مقبول ہوئی ۔ماڈلنگ کا سلسلہ بھارت میں بھی جاری رکھا گیا۔فلم ''الہ دین ''میں اداکارہ نے رتیش دیشمکھ کے مدمقابل کردار نبھایا ۔اس کے بعد اداکارہ نے 2010میں فلم ''جانے کہاں سے آئے ہیں''میں تارا کا کردار بڑی خوبی سے نبھایا جسے فلمی ناقدین نے سراہا ۔اسی سال فلم ''ہائوس فل ''میں آئٹم سانگ پر اپنی پرفارمنس دکھائی۔

2011میں جیکولین فرننڈس نے مہیش بھٹ کی تھرلر فلم ''مرڈرٹو''میں خوبصورت کردار نبھایا ۔ 2012 میں اداکارہ فلم ''ہائوس فل ٹو'' میں اکشے اور آسن کے ساتھ مرکزی کردار میں جلوہ گر ہوئیں مرڈر ٹو کی طرح یہ فلم بھی باکس آفس پر کامیاب رہی جس نے جیکولین کے کیرئیر کو مزید بہتر بنادیا۔2013 میں جیکولین فرنینڈس فلم ''ریس ٹو'' میں انیل کپور ، سیف علی، جان ابراہم ، دیپکا اور امیشا پاٹیل کے ساتھ مرکزی کردار میں جلوہ گر ہوئیں یہ فلم باکس آفس پر سپر ہٹ قرار پائی جب کہ جیکولین کی پرفارمنس کو بھی سراہا گیا ۔ اطلاعات کے مطابق اداکارہ کی دو فلمیں ''اکارڈنگ ٹو میتھیو'' اور ''کک'' بھی تیاری کے مراحل میں ہیں تاہم ان کی ریلیز کے تاریخ کااعلان نہیں کیا گیا۔
Load Next Story