پاکستانی نژاد امریکی خاتون کے اہل خانہ کا تدفین کے لیے لاش حوالگی کا مطالبہ

امریکی سفارت خانے کی ٹیم نے کیس کی تفتیش کو مزید تیز اور بہتر بنانے پر زور دیا


عمران اصغر December 27, 2021
مقتولہ کا پوسٹ مارٹم مکمل ہوگیا، فائل فوٹو

راولپنڈی میں اغوا کے بعد قتل ہونے والی پاکستانی نژاد امریکی خاتون وجیہہ سواتی کے بچوں اور اہل خانہ نے مقتولہ کی تدفین امریکا میں کرنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے لاش حوالگی کا مطالبہ کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق راولپنڈی کے تھانہ مورگاہ کی حدود میں اغوا کے بعد قتل ہونے والی پاکستانی نژاد امریکی خاتون وجیہہ سواتی کی لاش پوسٹ مارٹم کے بعد راولپنڈی ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز اسپتال کے سرد خانے منتقل کردی گئی ہے۔

مقتولہ کے بچوں نے والدہ کی تدفین امریکا میں کرنے کی درخواست دی ہے جس پر حکومت غور کرنے کے بعد حتمی فیصلہ کرے گی اور اُس کی روشنی میں جسد خاکی کو ورثاء کے حوالے کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں: شوہر کے ہاتھوں قتل امریکی خاتون وجیہہ سواتی کا پوسٹ مارٹم مکمل

پولیس ذرائع کے مطابق وجیہہ سواتی کی تدفین اور تحقیقات کے حوالے سے امریکی سفارت خانے کے عملے نے پولیس کے اعلیٰ افسران آر پی او راولپنڈی اشفاق خان اور سی پی او ساجد کیانی سے بھی ملاقات کی، جس میں غیر ملکی عملے کو تحقیقات اور اب تک کی بیشرفت سے آگاہ کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: راولپنڈی سے اغوا پاکستانی نژاد امریکی خاتون کیس میں سابق شوہر گرفتار

پولیس ذرائع نے بتایا کہ امریکی سفارت خانے کے عملے کو اس بات سے بھی آگاہ کیا گیا کہ مقتولہ کی لاش کا پوسٹ مارٹم 26 دسمبر کو مکمل ہوگیا تھا، اس حوالے سے اسپتال انتظامیہ نے ابتدائی رپورٹ مرتب کرلی ہے جبکہ مفصل پوسٹ مارٹم اور ڈی این اے ٹیسٹ کے لیے نمونے پنجاب فرانزک لیبارٹری منتقل کردیے گئے ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ امریکی سفارت خانے کی ٹیم نے کیس کی تفتیش کو مزید تیز اور بہتر بنانے پر زور دیا جبکہ واقعے میں ملوث افراد کو قانون کے مطابق قرار واقعہ سزا دینے کا مطالبہ بھی کیا۔

وجیہہ سواتی کیس کیا ہے؟

واضح رہے کہ 2 ماہ قبل خاتون وجیہہ سواتی اغوا ہوئی تھی، ان کے تین کم عمر بچے امریکا میں ہیں، وجیہہ سواتی اپنے شوہر رضوان حبیب سے جائیداد کا معاملہ حل کرنے پاکستان آئی تھی۔

گزشتہ روز وجیہہ کے سابق شوہر نے اسے قتل کرنے کا اعتراف کیا تھا اور بتایا تھا کہ اس نے اپنی سابقہ اہلیہ کو پاکستان پہنچتے ہی اغوا کیا اور اسے قتل کرکے لاش ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے لکی مروت میں دفنا دی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں