انٹرنیشنل اسکواش کھلاڑیوں کی پاکستان آمد کا امکان پیدا ہوگیا

پروفیشنل ایسوسی ایشن بھر پور تحفظ کی ضمانت پر فیصلہ واپس لینے پر تیارہو گئی


Sports Reporter February 12, 2014
پروفیشنل ایسوسی ایشن بھر پور تحفظ کی ضمانت پر فیصلہ واپس لینے پر تیارہو گئی۔ فوٹو: فائل

انٹرنیشنل اسکواش کھلاڑیوں کی پاکستان آمد کا امکان روشن ہو گیا، پروفیشنل ایسوسی ایشن نے بھر پور تحفظ کی ضمانت پر انٹرنیشنل کھلاڑیوں کے پاکستان جانے کی پابندی کا فیصلہ واپس لینے کی یقین دہانی کرا دی۔

عالمی ٹور کے سالانہ کلینڈر میں پاکستان کو ٹورنامنٹس کی میزبانی تفویض کی جائے گی، یہ بات پاکستان اسکواش فیڈریشن کے نائب صدر اور اپنے دور کے عظیم کھلاڑی قمر زماں نے نمائندہ ''ایکسپریس'' سے گفتگو میں بتائی،سابق برٹش اسکواش چیمپئن قمر زماں کے مطابق لندن میں ان سمیت فیڈریشن کے سینئر نائب صدرایئر وائس مارشل رضی نواب شریک ہوئے، اس موقع پر پی ایس اے کے ذمہ داران نے بریفنگ کے بعد اپنا فیصلہ واپس لینے پر آمادگی ظاہر کردی، ملاقات میں موجود پی ایس اے کے صدر جمیز ویلسٹروپ، چیف ایگزیکیٹو الیکس کوف اور انٹر نیشنل کھلاڑیوں کے نمائندوں نے پاکستان میں سیکیورٹی کے حوالے سے خدشات پر تحفظات دور کرنے پر اظہار مسرت کیا، انھوں نے کہا کہ عالمی کھلاڑیوں کی تنظیم قائم کرنے میں اہم کردار ادا کرنے والے پاکستان میں انٹر نیشنل ایونٹس کے انعقاد کو ممکن بنایا جائے گا، پی ایس اے نے انٹر نیشنل کھلاڑیوں کو پاکستان جانے کی اجازت دینے کے فیصلہ سے فیڈریشن کو تحریری طور پر آگاہ کر دیا۔

فیڈریشن کی جانب سے تحریری درخواست پر باضابطہ پابندی اٹھالی جائے گی، قمرزمان نے کہاکہ یہ فیصلے قومی اسکواش کے لیے بہت بڑی کامیابی ہے جس سے پاکستان کوعالمی سطح پر کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرنے میں مدد ملے گی، قمر زمان نے کہا کہ دورئہ انگلینڈ میں برطانوی اسکواش فیڈریشن کے عہدیدار سے ملاقات میں برٹش جونیئر چیمپئن شپ میں پاکستانی کھلاڑیوں کی شرکت پر پابندی کا معاملہ اٹھایا گیا، فیڈریشن نے موقف ا ختیار کیاکہ چیمپئن شپ کے ابتدائی رائونڈ مقابلوں میں شکست کے بعد پلیٹ ایونٹ میں شرکت نہ کرنے والے چند پاکستانی کھلاڑیوں کی سزا پورے ملک کو دینا ناانصافی کے مترادف ہے، برطانوی عہدیدار نے اس ضمن میں مناسب اقدام کا یقین دلایا، قمر زماں نے بتایا کہ گذشتہ روز فیڈریشن کے صدرایئر چیف مارشل طاہر رفیق بٹ کی زیر صدارت41 ویں سالانہ اجلاس میں مختلف امور پر غور کے ساتھ قومی کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور ملک میں زیادہ سے زیادہ ٹورنامنٹس منعقد کرانے کی اصولی منظوری دیدی گئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں