ظالم کورونا کرکٹ کا ایک اور میلہ اُجاڑنے لگا

انڈر19ایشیا کپ میں امپائر سمیت 2آفیشلز کے ٹیسٹ مثبت، گروپ ’’اے‘‘ کا میچ 33ویں اوور میں ہی روکنا پڑا۔


Sports Reporter December 29, 2021
کلیئرنس ملنے پر ہی کل سیمی فائنلز کا انعقاد ہوگا،بہتر نیٹ رن ریٹ کے حامل بنگلہ دیش کا بھارت سے مقابلہ ۔ فوٹو : فائل

ISLAMABAD: ظالم کوروناکرکٹ کاایک اورمیلہ اجاڑنے لگا جب کہ انڈر19ایشیا کپ میں ایک امپائر سمیت 2آفیشلز کے ٹیسٹ مثبت آگئے۔

انڈر19ایشیا کپ کے گروپ ''بی'' میں سرفہرست بنگلادیش اور سری لنکا کی ٹیمیں پہلے ہی سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرچکی تھیں۔ پوائنٹس ٹیبل پر پوزیشن طے کرنے کیلیے فیصلہ کن میچ گزشتہ روز شارجہ میں شروع ہوا۔

آئی لینڈرز نے ٹاس جیت کر حریف کو بیٹنگ کی دعوت دی،جونیئر بنگال ٹائیگرز نے ابتدائی دونوں وکٹیں 26 رنزپر گنوانے کے بعد سنبھلتے ہوئے 33ویں اوور میں 4وکٹ پر 130رنز بنائے تھے کہ میچ روک دیا گیا، اس کی وجہ یہ بتائی گئی کہ 2آفیشلز کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا، ان میں ایک امپائر ہے، لہذا دونوں ٹیموں کی کورونا ٹیسٹنگ ہوگی۔

ایشین کرکٹ کونسل اور امارات بورڈ نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ دونوں آفیشلز محفوظ ہیں اور پروٹوکولز کے مطابق ان کا خیال رکھا جا رہا ہے، رپورٹس کے نتائج آنے تک میچ میں شرکت کرنے والے تمام کھلاڑیوں کو آئسولیشن میں رہنا ہوگا، سیمی فائنلز سے متعلق فیصلے کا اعلان مناسب وقت پر کردیا جائیگا۔

دوسری جانب بنگلادیش بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو نظام الدین چوہدری نے کہا کہ آفیشل کی رپورٹ مثبت آنے پر کھیل روکا گیا مگر ہمارا کوئی کرکٹر وائرس کا شکار نہیں ہوا، میچ میں ناکام ٹیم کا میچ پاکستان جبکہ فاتح کا بھارت سے ہونا تھا،کوئی نتیجہ نہ نکلنے پر دونوں کو ایک، ایک پوائنٹ ملا،دونوں کے 5،5پوائنٹس ہوگئے، بنگلادیش نے 3.810کے بہتر نیٹ رن ریٹ کی بدولت گروپ ''بی'' میں ٹاپ پر جگہ بنائی،سری لنکا (3.340) دوسرے نمبر پر رہا۔

جمعرات کو سیمی فائنل میں گروپ ''اے'' میں سرفہرست پاکستان کو سری لنکن دیوار گرانا ہوگی،رنرز اپ بھارت کو بنگلادیش کا چیلنج درپیش ہے،فائنل جمعے کو کھیلا جائے گا۔

دریں اثناء گذشتہ روز آئی سی سی کرکٹ اکیڈمی دبئی میں گروپ بی کے دوسرے میچ میں کویت نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد نیپال کو ایک وکٹ سے مات دے دی،فاتح ٹیم نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا،نیپال نے 42.4 اوورز میں 239کا مجموعہ حاصل کیا۔ اس میں بابک مگار اور باصر احمد کی ففٹیز جبکہ محمد عادل عالم کے 49رنز شامل تھے،عبدالصادق اور مرزا احمد نے 3،3 جبکہ ہینری تھامس اور بستاکی نے 2،2شکار کیے۔

کویت نے ہدف 9وکٹ پر 7بالزقبل حاصل کرلیا، میت بھوسار 175پر ناٹ آؤٹ رہے،انھوں نے 149گیندوں پر مشتمل اننگز میں 24چوکے اور ایک چھکا لگایا، حیران کن طور پر ساتھی اوپنر جوڈ سلڈانہا(25) کے سوا کوئی بیٹسین ڈبل فیگر میں داخل نہیں ہوسکا۔ گلسان جھا نے3وکٹیں لیں، دونوں ٹیموں نے8،8بولرز آزمائے، پہلے ہی سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر کویت نے آخری میچ میں پہلی فتح حاصل کرلی،نیپالی ٹیم جیت کو ترستی رہ گئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں