نسلہ ٹاور کیس سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے دفتر پر پولیس اور اینٹی کرپشن کے چھاپے

پولیس ذمہ داران کا تعین کرکے گرفتاریاں شروع کرے گی، ایس ایس پی انویسٹی گیشن


ویب ڈیسک December 29, 2021
پولیس ذمہ داران کا تعین کرکے گرفتاریاں شروع کرے گی، ایس ایس پی انویسٹی گیشن۔ فوٹو:فائل

RAWALPINDI: نسلہ ٹاور کیس کے ذمہ داروں کی نشاندہی کے لئے پولیس اور اینٹی کرپشن کی ٹیموں نے سندھ بلڈنگ اتھارٹی کے دفتر میں چھاپے مارے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق 27 دسمبر کو سپریم کورٹ نے نسلہ ٹاور کے بلڈنگ پلان کی منظوری دینے والے افسران کے خلاف محکمہ جاتی اور کریمنل کارروائی کا حکم دیا تھا، جب کہ نسلہ ٹاور کیس میں سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کے ڈی جی اور دیگر افسران کے خلاف فیروز آباد تھانے میں مقدمہ درج کرنے کی بھی ہدایت کی تھی، جس کے بعد آج دوسرے روز پولیس اور اینٹی کرپشن کی ٹیموں نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے دفتر میں چھاپے مارے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: نسلہ ٹاور کی منظوری دینے والے سرکاری افسران کی بھی شامت آگئی

نسلہ ٹاور کیس پر عدالتی احکامات پر عملدرآمد کرتے ہوئے پولیس نے ایس ایس پی انویسٹی گیشن ایسٹ الطاف حسین کی سربراہی میں پانچ رکنی تحقیقاتی کمیٹی قائم کردی ہے، کمیٹی کے چار ارکان میں ایس پی ، ڈی ایس پی ، ایس ایچ او اور ایس آئی او شامل ہیں، تحقیقاتی کمیٹی ذمے دار افسران کے خلاف کارروائی کرے گی۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: نسلہ ٹاور کی منظوری دینے والے سرکاری افسران کے خلاف مقدمہ درج

ایس ایس پی انویسٹی گیشن ایسٹ الطاف حسین کی سربراہی میں پولیس ٹیم ایس بی سی اے کے مرکزی دفتر پہنچی، اور ایس بی سی اے کے متعلقہ افسران سے متعلق پوچھ گچھ کی۔ چھاپے کے بعد ایس ایس پی انویسٹی گیشن الطاف حسین کا کہنا تھا کہ ایس بی سی اے حکام سے بات چیت ہوئی ہے، ایس بی سی اے حکام دستاویزات فراہم کریں گے، ہم ابھی ذمہ داروں کا تعین کررہے ہیں اور ابھی تک ایس بی سی اے افسران تعاون کررہے ہیں۔

ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ کیس میں 2 ڈیپارٹمنٹ ملوث ہیں دیگر اداروں کے نام بھی سامنے آئے ہیں، لیکن دیگر اداروں کے نام ابھی نہیں بتا سکتا، ڈی جی ایس بی سی اے اور دیگر افسران سے ملاقات کرکے معلومات حاصل کی ہیں، پولیس ذمہ داران کا تعین کرکے گرفتاریاں شروع کرے گی۔

اس سے قبل نسلہ ٹاور کے معاملے کے بعد عدالتی حکم کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا، اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا تھا کہ ملوث افسران کو شامل تفتیش کیا جائے گا۔

پولیس کے بعد سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی پر اینٹی کرپشن کی ٹیم نے بھی چھاپہ مارا، دو روز میں اینٹی کرپشن کا یہ دوسرا چھاپہ ہے، گزشتہ روز بھی اینٹی کرپشن نے بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی میں پوچھ گچھ کی تھی، بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی حکام نے نسلہ ٹاور کیس میں ملوث افسران و اہلکاروں کی تفصیلات فراہم کرنے کے لئے مہلت مانگی تھا، اینٹی کرپشن کی دو ٹیمیں نسلہ ٹاور کیس کی تحقیقات کررہی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں