ہوا کی طاقت سے 10000 یونٹ سالانہ بجلی بنانے والی دیوار

اس ’وِنڈ ٹربائن وال‘ کی چوڑائی 24 فٹ اور اونچائی 8 فٹ ہے جسے اوسط رقبے والے مکان کی چھت پر نصب کیا جاسکتا ہے


ویب ڈیسک December 30, 2021
اس ’وِنڈ ٹربائن وال‘ کی چوڑائی 24 فٹ اور اونچائی 8 فٹ ہے جسے اوسط رقبے والے مکان کی چھت پر نصب کیا جاسکتا ہے۔ (تصاویر: جو ڈوسے پارٹنرز)

ISLAMABAD: ایک امریکی ڈیزائنر 'جو ڈوسے' نے ہوا سے بجلی بنانے والی دیوار ایجاد کرلی ہے جو بہت کم جگہ گھیرنے کے باوجود پورے سال میں تقریباً دس ہزار یونٹ جتنی بجلی بنا سکتی ہے۔

اس دیوار کو 'وِنڈ ٹربائن وال' کا نام دیا گیا ہے جس کے مختلف خوبصورت ڈیزائن بھی تیار کیے جاچکے ہیں۔

ایسی ہر دیوار میں درجنوں ہلکی پھلکی پنکھڑیاں نصب ہیں جو تھوڑی سی ہوا چلنے پر بھی گھومنے لگتی ہیں جس سے بجلی بننے لگتی ہے۔

[ytembed videoid="pSifhE4wWO4"]

اس 'وِنڈ ٹربائن وال' کی چوڑائی 24 فٹ جبکہ اونچائی 8 فٹ ہے، یعنی یہ اوسط رقبے والے ایک مکان کی چھت پر آسانی سے نصب کی جاسکتی ہے۔

اسے بڑے مکان کی راہداری میں بھی رکھا جاسکتا ہے جبکہ یہ دفتروں کی زینت بھی بن سکتی ہے۔



اس دیوار سے نہ صرف بجلی کا بِل کم کرنے میں مدد ملے گی بلکہ یہ گھروں اور دفاتر کی خوبصورتی میں بھی اضافہ کرے گی۔

واضح رہے کہ کوئلے، تیل اور گیس کے تیزی سے کم ہوتے ہوئے قدرتی ذخائر اور مسلسل بڑھتی آلودگی کی وجہ سے آج دنیا بھر میں توانائی کے ایسے متبادل ذرائع پر بہت زیادہ کام ہو رہا ہے جو ماحول دوست ہونے کے ساتھ ساتھ ہماری ضروریات بھی بخوبی پوری کرسکیں۔



اسی بناء پر ہوا سے بجلی کی پیداوار یعنی 'وِنڈ پاور' کی مقبولیت میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے کیونکہ یہ نسبتاً سادہ اور آسان بھی ہے۔

اس وقت دنیا بھر میں ہوا کی طاقت سے 743 گیگا واٹ بجلی بنائی جا رہی ہے۔ امید ہے کہ 2030 تک دنیا بھر میں بجلی کی کم از کم 20 فیصد ضرورت ہوا کی طاقت ہی سے پوری کی جارہی ہوگی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔