اداکارہ سوارا بھاسکر یتیم بچہ گود لے کر نئی زندگی کا آغاز کرنے کی خواہشمند

یتیم بچوں کی کہانیوں نے مجھے بہت متاثر کیا، سوارا بھاسکر


ویب ڈیسک December 30, 2021
بچہ گود لینے کے بارے میں ہمیشہ سے غیرجانبدار رہی ہوں، سوارا بھاسکر

بالی ووڈ اداکارہ سوارا بھاسکر اگلے سال یتیم بچہ گود لے کر نئی زندگی کا آغاز کرنے کی خواہشمند ہیں۔

سوارا بھاسکر نے اپنی خواہش کا اظہار حال ہی میں ایک بھارتی ویب سائٹ کو دئیے گئے انٹرویو میں کیا۔ انہوں نے انڈیا ٹوڈے سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے ایک یتیم بچہ گود لے کر اس کی پرورش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

جب اداکارہ سے ان کے اس فیصلے کی وجہ پوچھی گئی تو انہوں نے کہا کہ بچہ گود لینے کا خیال بہت پہلے سے میرے ذہن میں تھا۔ جب میں نے محسوس کیا کہ مجھے فیملی بنانی چاہئے تو میں نے مختلف آپشنز کے بارے میں سوچنا شروع کردیا کہ اس حوالے سے میں کیا کرسکتی ہوں اور کیا نہیں۔

اداکارہ نے بتایا کہ میں نے آئی وی ایف (ٹیسٹ ٹیوب بے بی) کے آپشن پر بھی غور کیا۔ یقیناً آئی وی ایف ہمیشہ ایک آپشن ہوتا ہے۔ لیکن میں رواں سال مارچ میں ایک یتیم خانے گئی تھی اور وہاں میں نے جو دیکھا اور بچوں کی جوکہانیاں سنیں انہوں نے مجھے بہت متاثر کیا۔

میرے دوستوں نے رواں سال کی ابتدا میں ایک بچہ گود لیا تھا جس کے بعد میں ان سے اس پورے عمل کے بارے میں بات کرتی رہی ہوں۔ اداکارہ نے مزید کہا کہ وہ بچہ گود لینے کے بارے میں ہمیشہ سے غیرجانبدار رہی ہیں اور اسے ایک اچھا خیال قرار دیا۔ انہوں نے کہا بھارت میں یتیم بچوں کے حوالے سے معاملات بہت سنگین ہیں۔

اداکارہ سوارا کا خیال ہے کہ کسی مرد کو تلاش کرکے اس کے ساتھ شادی کرکے بچے پیدا کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ مجھے کسی مرد کا انتظار کرنے کی ضرورت نہیں اور میں یہ بات غصے یا تلخ لہجے میں نہیں کہہ رہی ہوں۔

میں صرف یہ سوچتی ہوں کہ آپ کی زندگی میں ایک چیز ہونے کے لیے آپ کو پانچ دوسری چیزوں کا انتظار نہیں کرنا پڑے گا۔ آپ کو شادی کے لیے کسی مرد کو تلاش کرنے اور پھر بچوں کو اپنی زندگی میں لانے کے لیے انتظار کرنے کی ضرورت نہیں۔ آپ یہ اکیلے بھی کرسکتے ہیں اور یہ سب کچھ پچھلے دو سال سے میرے ذہن میں تھا۔

واضح رہے کہ گزشتہ کئی سالوں میں بالی ووڈ اداکاروں کے درمیان سروگیسی کے ذریعے بچے پیدا کرنے کے رجحان میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ تاہم کچھ اداکاروں نے بچوں کو گود بھی لیا ہے۔ جن میں اداکارہ سشمیتا سین شامل ہیں جنہوں نے دو بچیوں کو گود لیا تھا اور بطور سنگل پیرنٹ ان کی پرورش کررہی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں