کراچی میں سال 2021ء میں آتشزدگی کے 2300 واقعات پیش آئے

رواں سال سب سے خطرناک آگ کورنگی میں مہران ٹاؤن فیکٹری میں لگی جس میں 16 قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع ہوا

رواں سال سب سے خطرناک آگ کورنگی میں مہران ٹاؤن فیکٹری میں لگی جس میں 16 قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع ہوا - فوٹو:فائل

SAN FRANCISCO:
رواں سال شہر کے مختلف علاقوں میں آتشزدگی کے 2300 سے زائد واقعات پیش آئے جس میں قیمتی انسانی جانوں کے ساتھ ساتھ بھاری مالیت کا نقصان بھی برداشت کرنا پڑا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق رواں سال سب سے خطرناک آگ کورنگی صنعتی ایریا مہران ٹاؤن میں قائم سفری بیگ بنانے والی فیکٹری میں لگی جس میں 16 قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع ہوا جبکہ صدر میں کو آپریٹو مارکیٹ اور وکٹویہ سینٹر میں آتشزدگی کے نتیجے میں کروڑوں روپے مالیت کے ملبوسات، کپڑا، دکانیں، گودام اور دیگر سامان جل کر خاکستر ہوگیا۔

رواں سال آتشزدگی کے سب سے زیادہ 258 واقعات صدر فائر اسٹیشن کی حدود میں جبکہ سب سے زیادہ 273 آتشزدگی کے واقعات نومبر میں پیش آئے۔

فائر بریگیڈ کے اعداد و شمار کے مطابق رواں سال شہر کے مختلف علاقوں میں آتشزدگی کے واقعات کے دوران جنوری میں آتشزدگی کے 224، فروری میں 200، مارچ میں 179، اپریل میں 197، مئی میں 165، جون میں 196، جولائی میں 161، اگست میں 136، ستمبر میں 141، اکتوبر میں 188، نومبر میں 273 جبکہ دسمبر میں تقریباً 270 آتشزدگی کے واقعات پیش آئے۔


رواں سال 12 اگست بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب محمد علی سوسائٹی ٹیپو سلطان روڈ پر قائم بنگلے میں آگ لگنے کے باعث گراؤنڈ فلور اور پہلی منزل میں دھواں بھر جانے سے دم گھٹ کر فرانزک میڈیسن کے ماہر اور سابق پولیس سرجن پروفیسر ڈاکٹر فرحت حسین مرزا، ان کے بڑے بھائی اور 2 بہنوں سمیت 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔

رواں سال 27 اگست کو کورنگی مہران ٹاؤن میں سفری بیگ (لیگیج) بنانے والی قید خانہ نما فیکٹری میں آگ لگنے سے 16 افراد بے بسی کے عالم میں زندہ جل کر زندگی کی بازی ہار گئے۔

رواں سال 14 نومبر کو صدر کوآپریٹویو مارکیٹ میں ہولناک آتشزدگی کے نتیجے میں 450 سے زائد دکانیں اور ان میں رکھے ہوئے ملبوسات، کپڑے اور دیگر سامان جل کر خاکستر ہوگیا۔

دکانداروں کا کہنا تھا کہ آتشزدگی کے نتیجے میں مجموعی طور پر اربوں روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑا اس واقعہ کے کچھ ہی روز کے بعد 17 نومبر کو صدر زینب مارکیٹ عبداللہ ہارون روڈ پر قائم وکٹوریہ سینٹر کی پانچویں منزل پر دکانوں اور گوداموں میں آگ لگنے سے کروڑوں روپے مالیت کے کپڑے اور دیگر سامان جل کر خاکستر ہوگیا جبکہ آتشزدگی کے دیگر واقعات میں کمسن بچوں اور خواتین سمیت متعدد افراد بھی زندگی بازی ہار گئے۔
Load Next Story