کوئٹہ بم دھماکے کے مزید زخمی چل بسے جاں بحق افراد کی تعداد 6 ہوگئی

دھماکے کا مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف درج، جمعیت علما اسلام نظریاتی کا کل صوبے بھر میں احتجاج کا اعلان


ویب ڈیسک December 31, 2021
دھماکے کا مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف درج، جمعیت علما اسلام نظریاتی کا کل صوبہ بھر میں احتجاج کا اعلان (فوٹو: فائل)

ISLAMABAD: کوئٹہ میں بم دھماکے کے مزید زخمی چل بسے جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 6 ہوگئی، جمعیت علما اسلام نظریاتی نے واقعے کے خلاف کل بلوچستان بھر میں احتجاج کا اعلان کیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کوئٹہ میں واقع سائنس کالج گیٹ کے باہر اس وقت دھماکا ہوا جب جمعیت علما اسلام نظریاتی کا پروگرام ختم ہونے کے بعد لوگوں کی تعداد واپسی کی جانب گامزن تھی۔ دھماکے میں چار افراد جاں بحق ہوئے تھے تاہم اب ہلاکتوں میں اضافہ ہوا ہے۔

سول اسپتال کے ترجمان نے کہا ہے کہ سائنس کالج کے قریب دھماکے کے مزید زخمی چل بسے ہیں تاحال دھماکے میں جاں بحق افراد کی تعداد 6 ہوگئی ہے جب کہ دھماکے میں 15 افراد زخمی بھی ہوئے تھے۔

دھماکے کا مقدمہ درج

سی ٹی ڈی حکام نے کہا ہے کہ دھماکے کا مقدمہ سی ٹی ڈی تھانے میں نامعلوم دہشت گردوں کے خلاف درج کرلیا گیا ہے جس میں قتل، اقدام قتل، دہشت گردی اور دھماکا خیز مواد کی دفعات شامل ہیں۔

وزیر صحت کا دورہ، ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کی ہدایت

دریں اثنا صوبائی وزیر صحت سید احسان شاہ کوئٹہ بم دھماکے کے بعد رات گئے تک سول ہسپتال کے ٹراما سینٹر میں موجود رہے اور تمام صورتحال کا جائزہ لیا۔ صوبائی وزیر صحت نے ڈاکٹرو ں کو زخمیوں کی ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت دی۔

سید احسان شاہ نے کہا کہ زخمیوں کے لیے اگر دستیاب ادویات موجود نہیں تو باہر سے خرید کر ادویات مہیا کی جائیں، ہسپتال میں اگر ادویات موجود نہیں تو زخمیوں کے لیے اپنی جیب سے ادویات مہیا کروں گا۔

جمعیت علماء اسلام نظریاتی کا کل احتجاج کا اعلان

جمعیت علماء اسلام نظریاتی کے رہنماؤں نے دھماکے کے خلاف پریس کانفرنس کی ہے۔ رہنما مولانا عبدالقادر لونی نے کہا ہے کہ گزشتہ روز دھماکے میں ہمیں نشانہ بنایا گیا، حکومتی غفلت کے باعث ہمارے 6 کارکن شہید اور 15 زخمی ہوگئے، بارہا حکومت اور اداروں کو درپیش خطرات سے آگاہ کیا گیا تھا۔

مولانا قادر لونی نے کہا کہ حکومت نے 21 مئی 2021ء کے دھماکے کے بعد ملزمان کی گرفتاری کی یقین دہانی کرائی تھی، ہم انسانی جانوں پر سیاست نہیں کرنا چاہتے، ورنہ جنازے وزیر اعلی ہاؤس کے باہر رکھتے، جمعیت علماء اسلام نظریاتی کل بلوچستان بھر میں احتجاجی مظاہرے کرے گی اگر وزیر اعلی بلوچستان نے مطالبات نہ سنے اور تسلیم نہ کیے تو شدید لائحہ عمل کا اعلان ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں