بھارت میں فٹبالر رونالڈو کا مجسمہ نصب کرنے پر احتجاج

ایسے کھلاڑی کا مجسمہ نصب کیا گیا ہے جس کے ملک نے گوا پر 1961 تک غیر قانونی قبضہ کر رکھا تھا، مظاہرین


ویب ڈیسک December 31, 2021
رونالڈو کا مجسمہ بی جے پی کے وزیر نے نصب کیا تھا، فوٹو: بھارتی میڈیا

ISLAMABAD: بھارتی ریاست گوا میں پرتگال سے تعلق رکھنے والے عالمی شہرت یافتہ فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو کا مجسمہ نصب کرنے پر تنازع پیدا ہوگیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی ریاست گوا میں معروف فٹبالر رونالڈو کا مجسمہ نصب کیا گیا تاہم مقامی رہائشیوں نے اس پر شدید احتجاج کیا، سیاہ پرچم لہراتے ہوئے جمع ہوگئے اور ظالمانہ حکمرانی کرنے والی سابق نو آبادیاتی طاقت پرتگال کے اسٹار کھلاڑی کی عزت افزائی کو بے حسی قرار دیا۔

مظاہرین نے یہ بھی کہا کہ بھارتی کھلاڑیوں نے بھی مختلف کھیلوں میں نمایاں کارکردگی دکھائی ہے۔ اس لیے بھارتی کھلاڑیوں کو نظرانداز کرتے رونالڈو کا انتخاب کیا گیا جس کا تعلق اس ملک سے ہے جس سے ریاست گوا نے 1961 میں آزادی حاصل کی تھی۔

گوا سے تعلق رکھنے والے سابق بھارتی کھلاڑی مِکی فرنینڈز نے بھی رونالڈو کا مجسمہ نصب کرنے کو تکلیف دہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ رونالڈو کی عظمت سے انکار نہیں لیکن یہاں گوا کے کسی فٹ بالر کا مجسمہ ہونا چاہیے۔

دوسری جانب حکمراں جماعت بی جے پی کے مقامی وزیر مائیکل لوبو نے بتایا کہ رونالڈو کا مجسمہ نصب کرنے کا مقصد نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کرنا تھا تاکہ وہ عالمی سطح پر نام پیدا کریں۔

واضح رہے کہ 1947 میں تقسیم ہند کے باوجود ریاست گوا پرتگال کی فوجی آمریت کے زیر تسلط تھی اور 1961 میں دو روزہ جنگ کے بعد گوا کو پرتگال سے آزادی ملی تھی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں