سنڈے ایکسپریس سال نامہ 202122 مئی جون
سنڈے ایکسپریس سال نامہ اسپیشل۔
TORONTO:
انتخابی سیاست میں نریندر مودی کو زبردست دھچکا
بھارت سے نریند مودی کو سیاسی دھچکا لگنے کی خبر اس وقت آئی جب 5 ریاستوں کی قانون ساز اسمبلی (ودھان) کے لیے ہونے والے الیکشن کے نتائج حکم ران جماعت کی توقع کے برعکس سامنے آئے۔ دو مئی کو مغربی بنگال میں ممتا بنرجی کی جماعت جب کہ تامل ناڈو اور کیرالہ میں بھی مودی مخالف جماعت کو کام یابی ملی اور دو ریاستوں میں بمشکل بھارتی جنتا پارٹی کو اس کے انتخابی اتحاد کی بدولت کام یابی نصیب ہوئی۔
سب سے اہم الیکشن مغربی بنگال کا تھا جہاں 292 نشستوں پر 185 پر وزیراعلیٰ ممتا بنرجی کی جماعت ترنمول کانگریس نے کامیابی حاصل کرکے مودی کو شکست دی۔ بی جے پی 104 نشستیں جیت کر دوسرے نمبر پر رہی۔ اس ریاست میں انتخابی مہم کے دوران جھڑپوں میں ہلاکتیں بھی ہوئی تھیں۔
دوسرا بڑا انتخابی معرکہ تامل ناڈو میں ہوا جہاں بی جے پی نہ ہونے کے برابر ہے۔ اسی طرح کیرالہ میں 140 نشستوں کے لیے مقابلہ تھا جو بائیں بازو کی جماعت نے 81 نشستیں جیت کر اپنے نام کرلیا۔ یہاں بی جے پی کے 30 سے زائد سیاسی جماعتوں کے انتخابی اتحاد کو صرف 3 نشستیں مل سکیں۔ آسام میں بی جے پی کے انتخابی اتحاد نے 77 نشستوں پر کامیابی حاصل کی۔
پاکستان کو سرحدیں بند کرنا پڑیں!
این سی او سی نے پڑوسی ممالک کے راستے ملک میں کورونا کی نئی اقسام کو پھیلنے سے روکنے کے لیے افغانستان اور ایران کے بارڈرز سیل کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ تین مئی کو این سی او سی کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ کورونا وائرس کی نئی اقسام اور نئے تغیرات کو روکنے کے لیے افغانستان اور ایران کے ساتھ لینڈ بارڈر مینجمنٹ کا جائزہ لیا گیا، اور پاکستان نے افغانستان اور ایران کے ساتھ زمینی سرحد پر آمدورفت پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
نئی لینڈ مینجمنٹ پالیسی کا اطلاق زمینی راستے سے آنے والے لوگوں اور پیدل آمدورفت پر ہوگا، تاہم اس کا اطلاق کارگو، باہمی تجارت اور پاک افغان ٹریڈ پر نہیں ہوگا، اور دونوں ممالک کے ساتھ بارڈر ٹرمینلز ہفتے کے ساتوں دن کھلے رہیں گے۔ این سی او سی کے مطابق زمینی راستے آمد کے لیے بند ہوں گے، تاہم افغانستان اور ایران جانے والوں کو واپسی کی اجازت ہو گی۔ تاہم پاکستان اور افغانستان میں موجود غیرملکی جو واپس جانا چاہتے ہیں ان کو استثنیٰ ہو گا۔
این سی او سی کے مطابق طبی بنیادوں پر آنے والے افراد کو اجازت ہو گی، باڈرز ٹرمینل پر تمام ڈرائیورز، معاون ڈرائیورز کی تھرل سیکنگ ہوگی، مثبت رپورٹ آنے والے ڈرائیورز اور معاون ڈرائیورز کو پالیسی کے تحت ڈیل کیا جائے گا۔
پدما دریا کئی انسانی زندگیاں نگل گیا
بنگلادیش میں مسافر بردار کشتی بحری جہاز سے ٹکرا کر الٹ گئی۔ تین مئی کو اس افسوس ناک واقعے کی تفصیلات میں بتایا گیا کہ حادثے میں کشتی پر سوار 30 افراد ڈوب گئے تھے جن میں سے 26 کو بے رحم موجوں نے ان کی سانسوں سے محروم کردیا جب کہ پانچ افراد کو زندہ نکال کر قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق پدما دریا میں مسافروں سے بھری اسپیڈ بوٹ بڑے بحری جہاز سے ٹکرا گئی۔
پُل ٹوٹنے کے باعث کئی انسانی جانیں ضایع ہوگئیں
میکسیکو میں پُل ٹوٹنے کے باعث میٹرو ٹرین زمین پر آگری جس کے نتیجے میں 23 افراد زندگی سے محروم ہوگئے۔ یہ واقعہ 4 مئی کو پیش آیا جس میں غیرملکی خبررساں ایجنسی اے ایف پی کی ایک رپورٹ کے مطابق پُل ٹوٹنے کے باعث ٹرین کا کچھ حصہ زمین پر آگرا اور باقی تاروں کے ساتھ الجھ کر لٹکارہا۔ اس حادثے میں 23 افراد ہلاک ہوئے۔
حادثہ اولیووز اسٹیشن پر مقامی وقت کے مطابق رات 10 بجے پیش آیا۔ اسے میکسیکو سٹی کی میٹرو کو 1969 کے افتتاح کے بعد پیش آنے والے خوف ناک حادثات میں سے ایک قرار دیا گیا۔ اس حادثے میں 70 افراد زخمی بھی ہوئے۔ واضح رہے کہ اکتوبر 1975 میں دو میٹرو ٹرینوں کے تصادم کے نتیجے میں 23 افراد ہلاک اور 55 زخمی ہوئے تھے۔
ڈاکٹر شمشاد اختر کا اعزاز
ڈاکٹر شمشاد اختر کو اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی پہلی خاتون گورنر کے بعد پہلی چیئرپرسن پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا اعزاز بھی مل گیا۔ پانچ مئی کو ملکی اخبارات اور تمام ذرایع ابلاغ پر یہ خبر شایع و نشر ہوئی۔ تفصیل یہ تھی کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے رواں سال 19 اپریل ای جی ایم میں سات شیئرہولڈرز ڈائریکٹر اور تین آزاد ڈائریکٹر کی تقرری کے ساتھ نیا بورڈ تشکیل دیا گیا تھا۔نئے بورڈ نے اپنے چار مئی اجلاس میں ڈاکٹر شمشاد اختر کو نو تشکیل بورڈ کا چیئرپرسن مقرر کیا ہے۔ ڈاکٹر شمشاد اختر پاکستان اسٹاک ایکسچینج بورڈ کی پہلی خاتون چیئرپرسن ہیں، یوں ڈاکٹر شمشاد اختر کو اسٹیٹ بینک کی پہلی خاتون گورنر کے بعد پہلی چیئرپرسن پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا اعزاز بھی مل گیا۔
پاک افغان سرحد، دہشت گردوں کا ایک اور حملہ
بلوچستان کے ضلع ژوب میں پاک افغان بارڈر پر سرحد پار سے دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں ایف سی کے 4 جوان شہید ہو گئے۔ پاک افغان بارڈر پر ژوب کے قریب باڑ لگانے کا عمل جاری تھا کہ سرحدپار سے فائرنگ کی گئی، افغان علاقے سے فائرنگ کے نتیجے میں ایف سی کے 4 جوان شہید اور 6 زخمی ہوگئے۔ پانچ مئی کو شایع ہونے والی اس خبر میں آئی ایس پی آر نے بتایا کہ فوری جوابی کارروائی کے ساتھ زخمیوں کو سی ایم ایچ کوئٹہ منتقل کیا گیا۔
سالانہ چھٹیوں کے بعد پہلے دن اسکول میں طلبا پرفائرنگ
روس کے شہر کازان میں مسلح شخص نے اسکول میں فائرنگ کر کے 9 افراد کو قتل کردیا جس میں اکثریت بچوں کی ہے۔ روسی صدر ولادمیر پیوٹن نے فائرنگ کے واقعے کے بعد اسلحے کی روک تھام کے لیے قوانین پر نظرثانی کا حکم بھی جاری کیا۔ اسے روس کی حالیہ تاریخ کا بدترین واقعہ کہا گیا جو ایک ایسے موقع پر پیش آیا ہے جب سالانہ چھٹیوں کے بعد اسکول میں طلبہ کا پہلا دن تھا۔ واقعہ مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے 9 بجے مسلم اکثریتی روسی صوبے تاتارستان کے دارالحکومت کازان کے اسکول میں پیش آیا۔ گیارہ مئی کو خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق قریبی عمارت سے فلم بند کی گئی ایک فوٹیج سوشل میڈیا پر ڈالی گئی جس میں اسکول کے صحن میں گولیوں کی آوازوں کے ساتھ لوگوں کو دوسری اور تیسری منزل کی کھڑکیوں سے چھلانگ لگا کر عمارت سے باہر نکلنے کی کوشش کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
پولیس نے بتایا کہ انہوں نے فائرنگ کی اطلاعات موصول ہونے کے ایک گھنٹے بعد بندوق بردار شخص کو حراست میں لیا۔ ہلاک شدگان میں 7 بچے آٹھویں جماعت کے طالب علم ہیں اور ایک استاد سمیت مزید دو افراد بھی فائرنگ سے موت کے منہ میں چلے گئے۔ 18 بچوں سمیت مزید 20 افراد کو اسپتال پہنچایا گیا تھا۔ صدر نے روس میں اسلحے سے متعلق فوری طور پر نئی قانون سازی کا حکم دیا تھا۔
اسرائیل کی وحشیانہ بم باری نے غزہ کا منظر بدل دیا
گذشتہ ہفتے نماز جمعہ کی ادائیگی کے دوران اسرائیلی فوج نے مسجد الاقصٰی میں گھس کر 300 سے زائد نمازیوں کو زخمی کردیا تھا جس کے بعد سے وہاں جھڑپوں کا سلسلہ شروع ہوا ور رمضان کے مقدس و بابرکت و عید کے عظیم تہوار کو بھی مظلوم و نہتے فلسطینیوں نے اسرائیلی مظالم کا مقابلہ کرتے ہوئے گزارا۔ گیارہ مئی کو دنیا نے دیکھا کہ کس طرح اسرائیل کی وحشیانہ بم باری نے غزہ کا منظر بدل دیا، چند روز کی بدترین کارروائیوں میں 14 بچوں سمیت 56 فلسطینی شہید ہوئے اور اسرائیلی جنگی طیاروں نے غزہ کی شہری آبادی کو نشانہ بنایا، کثیر المنزلہ رہائشی عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں۔
اسرائیلی بم باری میں جاں بحق ہونے والوں میں حماس و دیگر فلسطینی مزاحمتی تنظیموں کے کئی راہ نما بھی شامل ہیں جب کہ ایک ہزار سے زائد افراد زخمی ہیں۔ اسرائیلی بمباری کے جواب میں فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے اسرائیل پر تقریباً 200 راکٹ فائر کیے جس کے نتیجے میں اشکیلون میں تیل کی پائپ لائن میں آگ لگ گئی اور ایک بس تباہ ہوگئی۔ حماس کے راکٹ حملوں میں چند دنوں کے دوران 6 اسرائیلی ہلاک اور 70 کے زخمی ہونے کی اطلاعات تھیں۔ اسرائیل کے شہر لُد میں شدید کشیدگی پائی گئی جہاں عرب اسرائیلی باشندوں کی اکثریت ہے۔
اسرائیلی شدت پسندوں نے یہاں عرب شہریوں پر حملے کیے اور کئی گاڑیوں کو آگ لگادی۔ خیال رہے کہ گذشتہ کئی عرصے سے مقبوضہ بیت المقدس کے علاقے شیخ جراح سے فلسطینی مسلمانوں کو ان کے گھروں سے بے دخل کرکے یہودی آباد کاروں کو بسانے کا سلسلہ جاری ہے جس کے خلاف مسلمان سراپا احتجاج ہیں۔ جمعۃ الوداع کے روز اسرائیلی فورسز نے مسجد الاقصیٰ میں نمازیوں پر چڑھائی کردی اور اس میں متعدد نمازی زخمی ہوئے۔
دوسری طرف اگلے ہی روز اسلامی ممالک کی تنظیم (اوآئی سی) میں اسرائیلی کارروائیوں کے خلاف مشترکہ بیان جاری کرنے کی پاکستانی تجویز سمیت ترکی اور سعودی عرب کی جنرل اسمبلی کا خصوصی اجلاس طلب کرنے کی تجویز منظور کی گئی۔اجلاس میں نے عالمی برادری سے فلسطینی عوام کے تحفظ کے لیے فوری کارروائی کا مطالبہ سامنے آیا۔
انکل سرگم نہیں رہے!
پاکستان ٹیلی وژن پر 'انکل سرگم' کے کردار سے شہرت پانے والے مصنف، کالم نگار اور کارٹونسٹ فاروق قیصر انتقال 14 مئی کو یہ دنیا چھوڑ گئے تھے۔ فاروق قیصر کا انتقال دل کا دورہ پڑنے سے ہوا۔ پاکستان میں پُتلی تماشا پر مبنی پروگرام میں وہ 'انکل سرگم' اور اس کے ساتھی کرداروں کی وجہ سے جانے جاتے تھے۔ فاروق قیصر 31 اکتوبر 1945 کو سیالکوٹ میں پیدا ہوئے تھے۔ انہوں نے نیشنل کالج آف آرٹس لاہور سے تعلیم حاصل کی اور وہ پاکستان ٹیلی وژن پر پہلی مرتبہ 1970 میں 'اکڑ بکڑ' میں دکھائی دیے تھے۔ مگر ان کی وجہ شہرت پی ٹی وی کا شو 'کلیاں' بنا جس میں انہوں نے انکل سرگم کا کردار ادا کیا تھا۔ انکل سرگم نامی کردار کے ذریعے فاروق قیصر طویل عرصہ تک معاشرتی مسائل پر مزاحیہ انداز میں بات کرتے رہے۔ صرف یہی نہیں بلکہ ان کے معروف کرداروں میں 'ماسی مصیبتے' سمیت کئی دیگر شامل ہیں۔ فاروق قیصر ایک مصنف، کالم نگار، کارٹونسٹ اور ٹی وی پروڈیوسر بھی تھے۔ ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں 1993 میں تمغہ حسن کارکردگی سے بھی نوازا جا چکا ہے۔
غزہ میں عید پر بھی معصوم و نہتے فلسطینیوں کا ماتم اور آہ و زاری
غزہ، میڈیا دفاتر، سیکڑوں فلیٹس تباہ، صیہونی فوج نے عید کو بھی ماتم بنادیا، 39بچوں سمیت شہداء کی تعداد 150سے بڑھ گئی اور مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیلی جارحیت کا سلسلہ مسلسل چھٹے روز جاری رہا۔ صیہونی افواج نے عیدالفطر کو ماتم بنادیا۔ زخمیوں کی تعداد ایک ہزار سے بڑھ گئی ۔ 16 مئی کو دنیا بھر میں ذرایع ابلاغ نے اس بدترین کارروائی کو رپورٹ کیا اور اقوام متحدہ کے مطابق غزہ میں 10ہزار فلسطینی اپنا گھر بار چھوڑکر مساجد اور پناہ گاہوں میں رہائش اختیار کرنے پر مجبور ہوچکے ہیں جہاں انہیں غذا اور پانی کی قلت کا سامنا ہے۔
دوسری طرف ایک ایسی کارروائی بھی کی گئی جس میں غزہ میں میڈیا دفاتر اور سیکڑوں فلیٹس تباہ کردیے گئے، ایک 13منزلہ عمارت میں الجزیرہ اور امریکی خبر ایجنسی سمیت دیگر بین الاقوامی میڈیا کے دفاتر بھی تباہ ہوگئے جسےاسرائیلی فوج کی غزہ میں میڈیا کو خاموش کرانے کی بدترین کوشش قرار دی گئی، یہ اسرائیل کی جانب سے غزہ میں تباہ کی گئی سب سے بڑی عمارت تھی۔ ادھر اسرائیل نے دعویٰ کیا کہ اس عمارت میں حماس کے عسکری اثاثے موجود تھے، عمارت کے مالک نے حماس کی موجودگی کے اسرائیلی دعوے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ اس عمارت میں صرف میڈیا سمیت دیگر اداروں کے دفاتر تھے اور 60 کے قریب اپارٹمنٹس تھے۔
رنگ روڈ اسکینڈل اور زلفی بخاری کی ٹوئٹ
وزیراعظم پاکستان عمران خان کے معاون خصوصی سید ذوالفقار عباس بخاری المعروف زلفی بخاری راولپنڈی رنگ روڈا سکینڈل کے بعد اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے۔ اس کا اعلان انھوں نے اپنے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیا اور اپنے پیغام میں کہا کہ میں وزیراعظم کی سوچ کے مطابق مثال قائم کر رہا ہوں، معاملے کی شفاف تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن بنایا جائے۔
17مئی کو زلفی بخاری نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ پاکستان میں رہوں گا اور ہر قسم کی تحقیقات میں تعاون کروں گا اور صرف شفاف تحقیقات کے لیے عہدے سے الگ ہو رہا ہوں، الزامات سے بری ہونے تک میں اپنے عہدے پر واپس نہیں آؤں گا۔ واضح رہے کہ زلفی بخاری معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز کے عہدے پر تعینات تھے۔ قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین نے راولپنڈی رنگ روڈ منصوبے میں اربوں روپے کی مبینہ کرپشن کے معاملے کا نوٹس لیا تھا۔
تحریک انصاف میں جہانگیر ترین کا گروپ سامنے آگیا
تحریک انصاف میں جہانگیرترین اور ہم خیال ارکان اسمبلی نے پارٹی کے متوازی اپنے گروپ کا باضابطہ اعلان کرتے ہوئے قومی و پنجاب اسمبلی میں اپنے پارلیمانی لیڈر بھی مقرر کردیے۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق ہم خیال 31 ارکان اسمبلی کے کے عشائیے کے ساتھ گروپ کوا باضابطہ سامنے لانے کا اعلان کیا گیا۔ جہانگیر ترین ہم خیال گروپ کے ارکان سے وفاداری کا حلف لینے کی بات بھی کی گئی اور ایک رکن اسمبلی کے مطابق پنجاب اسمبلی میں پاور شو کا فیصلہ کرتے ہوئے قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں راجہ ریاض اور سعید اکبر نوانی کو پارلیمانی لیڈر مقرر کیا گیا ہے۔ ہم خیال گروپ کے اراکین کا اصرار تھا کہ جہانگیر ترین کے ساتھ غلط ہوا اسی لیے ان کا ساتھ دے رہے ہیں، 18 مئی کو اس حوالے سے شایع ہونے والی خبروں میں یہ بھی کہا گیا کہ ہمیں وزیراعظم عمران خان پر اعتماد ہے لیکن ہم اپنے ایجنڈے پر متفق ہیں۔
کورونا وبا سے نبردآزما بھارتیوں کو ایک اور امتحان کا سامنا کرنا پڑا
بھارتی ریاست گجرات میں 30 سالہ تاریخ کا بدترین سمندری طوفان تاؤتے بڑے پیمانے پر تباہی مچاگیا اور ہلاکتوں کی تعداد 25 جب کہ متعدد لاپتہ ہوگئے۔ 18 مئی کو عالمی خبر رساں ادارے کی رپورٹ میں کہا گیا کہ 185 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والا طاقتور طوفان 'تاؤتے' بھارتی ریاست گجرات سے ٹکرایا تو سمندر میں 10 فٹ اونچی لہریں پیدا ہوئیں اور بارشوں کا نہ رکنے والا سلسلہ شروع ہوگیا۔ طوفان نے کورونا وبا سے نبرد آزما بھارتیوں کو ایک اور امتحان میں ڈال دیا۔ گجرات کے ساحلی علاقوں سے 2 لاکھ افراد کو نقل مکانی کرنا پڑی جب کہ مختلف حادثات میں ہلاکتوں کے بعد 100 سے زائد افراد لاپتا ہوگئے جن میں اکثریت ماہی گیروں کی تھی۔ اس وقت کی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ سمندری طوفان نے مزید شدت اختیار کی اور اس نے اپنا رخ بھی تبدیل کر لیا ہے۔ سمندری طوفان تاؤتے کراچی سے ایک ہزار 200 کلو میٹر فاصلے پر ہے۔ تاہم محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان کے سمت تبدیل کرنے سے پاکستان کی ساحلی پٹی سے خطرہ ٹل گیا۔
فوجی بغاوت: میانمار میں سوا لاکھ سے زائد اساتذہ معطل
برطانوی خبررساں ادارے رائٹرز کی ایک رپورٹ میں سامنے آیا کہ میانمار ٹیچرز فیڈریشن کے ایک عہدے دار کے مطابق ملک میں فوجی بغاوت کے خلاف آواز اٹھانے پر اب تک ایک لاکھ 25 ہزار 900 اساتذہ معطل کیے جاچکے ہیں۔ 23 مئی کی اس رپورٹ کے مطابق معطلی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب نیا تعلیمی سال شروع ہونے میں چند روز باقی ہیں۔ تاہم ملک میں فوجی بغاوت کے بعد شروع ہونے والی مہم کے طور پر اساتذہ اور طلبہ کے والدین کی بڑی تعداد نے نئے تعلیمی سال کا بائیکاٹ کررکھا تھا۔
دوسری جانب میانمار کے سرکاری اخبار نے اساتذہ اور طلبہ سے اسکولوں میں واپس آنے کے لیے زور دیا تاکہ تعلیمی نظام دوبارہ شروع ہوسکے۔ اساتذہ کی تنظیم کے مطابق جامعات کے عملے کے 19 ہزار 500 ملازمین کو بھی ان کے عہدوں سے معطل کردیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ یکم فروری کو میانمار کی فوج نے ملک میں منتخب سیاسی حکومت کا تختہ الٹ دیا تھا اور دیگر سیاست دانوں سمیت آنگ سان سوچی کو گرفتار کرکے ان کے خلاف مختلف الزامات کے تحت مقدمات چلائے جارہے ہیں۔ اس پر ملک بھر میں احتجاج کا سلسلہ شروع ہوا تھا جس میں سیکڑوں مظاہرین بھی ہلاک اور زخمی ہوچکے ہیں۔
امریکی وزارتِ دفاع کا بیان، پاکستان میں ہلچل
25 کو امریکی وزارت دفاع پینٹاگون کے ایک بیان کے بعد پاکستانی میڈیا میں شائع ہونے والی رپورٹوں سے یہ تاثر گیا کہ پاکستان نے امریکی فوج کو اپنی فضائی حدود کے استعمال اور زمینی رسائی فراہم کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ اس پر پاکستانی میڈیا سے لے کر قومی اسمبلی اور سینیٹ تک میں ہلچل مچ گئی۔ وزارت داخلہ کی طرف سے دریں اثناء اس پر بیان جاری ہوا جس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں نہ تو پہلے کوئی امریکی ملٹری یا ایئر بیس موجود تھا نہ ہی مستقبل میں کسی ایسی تجویز کا کوئی تصور ہے۔ تاہم اس پر پاکستان کے اندر اور بیرونی ممالک میں بھی ایک نئی بحث چھڑگئی۔
یہ اس لیے بھی ہوا کہ افغانستان سے امریکا اور اتحادی افواج کا انخلا قریب تھا۔ افغانستان سے امریکی اور نیٹو فوج کے حتمی انخلا کے تناظر میں پاکستان اور امریکی تعلقات کے مستقبل اور امریکا کی پاکستان سے ممکنہ توقعات جیسے موضوعات زیر بحث آگئے۔ یہ تمام سیاسی عوامل پاکستان سمیت پورے خطے کے لیے غیر معمولی اہمیت کے حامل ہیں۔ پاکستانی دفترخارجہ کی جانب سے اس کی وضاحت سامنے آئی اور پریس ریلیز جاری میں حکومت کا موقف سامنے لایا گیا۔
پی آئی اے کے منجمد اثاثوں کی بحالی
برٹش ورجن آئی لینڈ ہائی کورٹ کی جانب سے پی آئی اے کے منجمد اثاثے بحال کرنے کی خبر25کو شایع ہوئی جس کے مطابق اٹارنی جنرل آف پاکستان کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ برٹش ورجن آئی لینڈ ہائی کورٹ نے ٹیتھان کمپنی کی عملدرآمد درخواست خارج کر دی ہے اور اس کے بعد روزویلٹ ہوٹل نیویارک اور اسکرائب ہوٹل پیرس میں لگائے ریسیور ہٹا دیے گئے ہیں۔ یہی نہیں بلکہ عدالتی حکم پر ٹیتھان کمپنی قانونی چارہ جوئی پر پاکستان کے اخراجات بھی ادا کرے گی۔ بیان کے مطابق پی آئی اے کو دونوں ہوٹل بھی واپس مل گئے ہیں لیکن ٹیتھان کمپنی فیصلے کے خلاف انٹراکورٹ اپیل دائر کرسکے گی۔ یاد رہے کہ سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے ایک فیصلے کے ذریعے 2013 میں اس منصوبے کا معاہدہ منسوخ کیا تھا۔ ٹیتھیان کمپنی اس معاہدے کے تحت بلوچستان میں سونے، چاندی اور تانبے کے ذخائر تلاش کر رہی تھی۔
ٹیتھیان کاپر کمپنی کے مقدمے کے بعد جولائی 2019 میں عالمی بینک کے سرمایہ کاری پر اٹھنے والے تنازعات کے تصفیے کے لیے بین الاقوامی سینٹر (انٹرنیشنل سینٹر فار سیٹلمنٹ آف انوسٹمنٹ ڈسپیوٹس) نے اس کیس میں پاکستان پر پانچ ارب 97 کروڑ ڈالرز کا جرمانہ عائد کیا تھا۔ فیصلے کے مطابق پاکستان نے جرمانے، سود اور ٹیتھیان کاپر کمپنی کو اس کے مقدمے پر آنے والے اخراجات کے طور ادا کرنی تھی۔ تاہم گذشتہ سال ستمبر میں پاکستان نے جرمانے کی ادائیگی کے خلاف حکم امتناعی حاصل کر لیا تھا۔
بلوچستان میں فورسز کے خلاف دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائی
کوئٹہ اور تربت میں ایف سی کے 4 جوان دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہوگئے جب کہ 5 حملہ آور بھی ہلاک ہوئے۔ یکم جون کو خبر آئی کہ جوانوں کی جوابی کارروائی میں 8 دہشت گرد زخمی بھی ہوئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کوئٹہ کے قریب پیر اسماعیل زیارت میں ایف سی چیک پوسٹ پر حملہ کیا گیا تھا، ایف سی اہل کاروں اور دہشت گردوں میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں پانچ دہشت گرد مارے گئے۔ دہشت گردوں کے حملے میں چیک پوسٹ پر مامور چار جوانوں کی شہادت اور چھے زخمی ہوئے۔ دوسرے حملے میں تربت میں ایف سی کی گاڑی کو بارودی مواد سے نشانہ بنایا گیا جس میں 2 اہل کار زخمی ہوگئے۔
گھوٹکی کے قریب دو مسافر ٹرینوں میں تصادم
سات جون کو گھوٹکی کے قریب ریتی اور ڈھرکی ریلوے اسٹیشنز کے درمیان دو ٹرینوں کے تصادم میں ہلاکتوں کی خبر پر فضا سوگوار ہوگئی۔ کراچی سے سرگودھا جانے والی ملت ایکسپریس جب کہ راولپنڈی سے کراچی آنے والی سرسید ایکسپریس کے درمیان تصادم کے نتیجے میں کئی بوگیاں پٹری سے اتر گئیں اور حادثے میں اس وقت 55 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی جب کہ 100 سے زیادہ لوگ زخمی ہوئے تھے۔ ہلاک ہونے والوں میں زیادہ تر ملت ایکسپریس میں سوار تھے جبکہ سرسید ایکسپریس کے زیادہ مسافر زخمی تھے۔ حادثے میں 7 بوگیاں متاثر ہوئیں جن میں 3 بوگیاں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں۔
اس موقع پر پاک فوج کے جوان بھی امدادی سرگرمیوں میں پیش پیش رہے اور پاک فوج کے ہیلی کاپٹرز بھی ریسکیو آپریشن میں شامل ہوئے۔ مقامی لوگوں کا کہنا تھا کہ کراچی سے سرگودھا جانے والی ملت ایکسپریس کی 6 بوگیاں ٹریک اتر کر دوسری ٹریک پر چلی گئی تھیں اور اسی اثنا میں مخالف سمت سے آنے والی سر سید ایکسپریس بھی پہنچ گئی اور ٹریک سے اتری ہوئی بوگیوں سے ٹکرا گئی۔
حکومت کا قومی اسمبلی میں قانون سازی کا ریکارڈ
قومی اسمبلی میں حکومت نے ایک ہی روز میں دس قوانین بشمول والدین کے تحفظ کے آرڈیننس، حقوق جائیداد برائے خواتین کا بل، وفاقی دارالحکومت میں رفاہی اداروں کی رجسٹریشن کے بل کثرت رائے سے منظور کرلیے، دو آرڈیننس بھی قومی اسمبلی میں پیش کردیے گئے، اور یوں سات جون کو آنے والی اس خبر کے مطابق اپوزیشن کا احتجاج بے سود رہا۔ اپوزیشن کی جانب سے دو مرتبہ کورم کی نشان دہی بھی کی گئی جو اس کے کام نہ آئی۔ دونوں مرتبہ حکومت کورم پورا کرنے میں کا م یاب رہی۔
کینیڈا میں پاکستانی خاندان پر قیامت ٹوٹ پڑی
کینیڈا میں ایک جنونی نے پاکستانی خاندان کے 4 افراد کو ٹرک تلے روند دیا جس کے نتیجے میں ایک مرد، دو خواتین اور ایک بچی اپنی زندگی سے محروم ہوگئے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق واقعہ کینیڈا کے شہر لندن اونٹاریو میں پیش آیا جس میں ہلاکتوں کے علاوہ ایک کمسن زخمی بھی ہوا۔ جاں بحق افراد میں عمر رسیدہ ماں، فزیوتھراپسٹ بیٹا سلمان، بہو اور کمسن پوتی شامل تھے اور 9 برس کا پوتا شدید زخمی ہوگیا جسے فوری اسپتال منتقل کردیا گیا۔ یہ بدنصیب خاندان لاہور سے تعلق رکھتا تھا اور اس حملے میں ملوث کینیڈین شہری کو مذہبی تعصب میں مبتلا بتایا گیا ۔ پولیس نے اس جنونی کو گرفتار کرلیا تھا۔
اس حملے کو مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیزی کا واقعہ قرار دیا گیا جب کہ دوسری جانب کینیڈا میں ایسے ایک اور واقعے سے پاکستانیوں سمیت تمام مسلم کمیونٹی تشویش کا شکار ہوگئی۔ کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا کہ کینیڈا میں اسلاموفوبیا کے لیے کوئی جگہ نہیں، اس نفرت کو ختم کرنا ہوگا۔
حادثہ جس نے کئی خاندانوں سے ان کے پیارے چھین لیے
خضدار کے قریب بھلونک تھانے کی حدود میں تیزرفتار مسافر کوچ کے الٹنے کی خبر 11 جون کو آئی جس کی تفصیلات کچھ یوں تھیں کہ مسافر بس کو خوف ناک حادثہ پیش آیا ہے جس میں 18 مسافر جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔ فوری طور پر زخمیوں کو ٹیچنگ اسپتال خضدار منتقل کیا۔ ذرائع کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی کوچ لاڑکانہ سے خضدار آرہی تھی۔
قومی اسمبلی میدانِ جنگ بن گئی
قومی اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں حکومتی اور ن لیگی ارکان کے درمیان ہونے والی لڑائی میں ایک دوسرے پر کتابوں سے حملے، دھکے اور شدید نعرے بازی کی گئی اور 15 جون کو ہونے والی اس لڑائی کو سکیورٹی اہل کار بھی روکنے میں ناکام رہے۔ قومی اسمبلی میں اس سیاسی لڑائی کو شدت پکڑتا دیکھ کر قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے سینیٹ سیکرٹریٹ سے مدد طلب کرلی، جس کے بعد ایوان کی کشیدہ صورت حال سے نمٹنے کے لیے اضافی سارجنٹ ایٹ آرمز کی خدمات قومی اسمبلی کے سپرد کردی گئی، لیکن ان کی جانب سے اراکین کو روکنے کی کوشش ناکام ہی رہیں۔
اپوزیشن اور حکومتی ارکان نے ایک دوسرے پر کتابیں پھینکنا شروع کردیں، جس سے ایک سارجنٹ اور پی ٹی آئی کی رکن ملیکہ بخاری زخمی ہوگئیں۔ ہنگامے کے سبب قومی اسمبلی کو اجلاس کو دس منٹ کے لیے معطل کردیا گیا۔ ایک وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ لڑائی کا آغاز علی گوہر بلوچ کے نعروں سے شروع ہوا اور ن لیگ کے ایم این ایز نے پارلیمانی اقدار کو بالائے طاق رکھتے ہوئے گالیاں دیں اور انتہائی نامناسب زبان استعما ل کی جس پر نوجوان ارکان جذباتی ہو گئے اوریوں یہ سب ہوا۔
لینا خان پاکستانی میڈیا کی توجہ کا مرکز بن گئیں!
امریکا کے پاکستانی خاندان کی لینا خان کو جو بائیڈن کی جانب سے امریکی فیڈرل ٹریڈ کمیشن کی سربراہ نام زد کرنے کی خبر کو پاکستانی میڈیا میں بہت زیادہ اہمیت حاصل رہی۔ 15 جون کے اس فیصلے کے بعد امریکی سینیٹ نے لینا خان کو ایف ٹی سی کا کمشنر تعینات کرنے کی منظوری دی تھی۔ ایف ٹی سی کمشنر کے طور پر لینا خان کی منظوری 28 کے مقابلے میں 639 ووٹوں سے کی گئی۔ لینا خان کمشنر کی حیثیت سے سیلیکون ویلی میں تجارتی ضوابط پر نظر رکھیں گی۔ 32 برس کی لینا خان لندن میں پیدا ہوئی تھیں، 11 برس کی عمر میں والدین کے ساتھ امریکا منتقل ہوئیں۔
ان کا خاندان برطانیہ میں آباد تھا اور امریکا ہجرت کے بعد وہیں لینا خان کی تعلیم مکمل ہوئی اور کچھ عرصہ قبل انھوں نے ٹیکساس کے ایک کارڈیالوجسٹ سے شادی کی تھی۔ لینا خان نیویارک کی کولمبیا یونیورسٹی کے شعبۂ قانون سے منسلک معلم ہیں اور تحقیقی مقالے لکھتی ہیں۔ ان کے اینٹی ٹرسٹ قوانین پر تحقیقاتی مقالے کو معتبر حلقوں میں بہت زیادہ سراہا گیا ہے اور اُن پر انھیں کئی ایوارڈز بھی مل چکے ہیں۔
بکتر بند گاڑی کی ٹکر سے صوبائی اسمبلی کا صدر دروازہ توڑا گیا!
بلوچستان اسمبلی میں اپوزیشن جماعتوں کے احتجاج، ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ کے دوران صوبائی حکومت نے نئے مالی سال کا بجٹ ایوان میں پیش تو کردیا، لیکن اپوزیشن ارکان جو نئے مالی سال کے بجٹ میں نظر انداز کیے جانے کے خلاف گذشتہ کئی روز سے سراپا احتجاج تھے، 18جون کو آمنے سامنے ہوگئے۔ اسمبلی کا احاطہ میدان جنگ بن گیا۔
بجٹ اجلاس کے روز اپوزیشن اراکین اور ان کے حمایتوں نے اسمبلی کے گیٹ کو تالے لگادیے، وزیراعلیٰ جام کمال خان اور حکومتی اراکین کو اسمبلی میں داخل ہونے سے روکنے کی کوشش کی گئی تو پولیس کو ایکشن لینا پڑا اور اس دوران ہونے والی ہنگامہ آرائی اور پولیس کی شیلنگ کے نتیجے میں 3اراکین اسمبلی زخمی ہوگئے۔ اس موقع پر احتجاج کرنے والوں نے وہاں رکھے گملے تو توڑ ے ہی وزیراعلیٰ جام کمال پر جوتا بھی اچھالا گیا اور ان کی طرف گملا بھی پھینکا گیا جس سے وہ زخمی ہوگئے۔
محمود جمال سپریم کورٹ آف کینیڈا کے پہلے مسلمان جج بنے
کینیڈا کی 146 سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ مسلمان جج محمود جمال کی سپریم کورٹ آف کینیڈا کے جج کے لیے نامزدگی کی خبر بھی اسی تاریخ کو سنی گئی۔ یہ پہلا موقع تھا کہ مسلمان جج کو اس اہم عہدے کے لیے نام زد کیا گیا۔ محمود جمال 1967 میں بھارتی نژاد خاندان میں پیدا ہوئے، ان کی پیدائش کینیا میں ہوئی تھی تاہم ان کی فیملی 1969 میں مستقل طور پر کینیڈا منتقل ہوگئی تھی۔ محمود جمال نے امریکا اور کینیڈا میں مذہبی اور ثقافتی پرورش کے دوران کینیڈا میں مختلف ثقافت اور اس کے تنوع کو سمجھا۔ وہ یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کرنے والے اپنے خاندان کے پہلے شخص ہیں جنھوں نے ٹورنٹو یونیورسٹی سے معاشیات کی ڈگری حاصل کرنے سے پہلے لندن اسکول آف اکنامکس میں ایک سال گزارا۔
پشتونخوا میپ کے عثمان کاکڑ کا انتقال
کراچی کے ایک اسپتال میں پشتونخوا میپ کے عثمان کاکڑ کے انتقال کی خبر جنگل کی آگ کی طرح پھیلی اور اس حوالے سے ان کی سیاسی جماعت کے کارکنوں اور مختلف حلقوں میں افسوس اور بعض شبہات کا اظہار بھی کیا گیا۔ اس وقت کہا جارہا تھا کہ اہل خانہ کے مطابق سینیٹر عثمان کاکڑ کی موت طبعی نہیں ہے۔ واضح رہے کہ تین روز قبل کوئٹہ میں پشتونخواملی عوامی پارٹی کے راہ نما عثمان کاکڑ گھر میں گرنے کے باعث زخمی ہوگئے تھے، ان کو برین ہیمبرج ہوا تھا۔ کہا جارہا تھا کہ عثمان کاکڑ کو سر پر چوٹ لگی ہے، جس کے بعد انھیں اسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔
امریکی افواج کے انخلا سے قبل افغانستان میں طالبان کا زور
طالبان نے افغانستان کی تاجکستان کے ساتھ مرکزی سرحدی گزرگاہ پر قبضہ کرلیا جب کہ حفاظت پر مامور سیکیورٹی اہل کار سرحد پار کر کے فرار ہو گئے۔ 23جون کو
خبررساں ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ قندوز شہر سے 50 کلومیٹر کے فاصلے پر افغانستان کے شمال میں شیرخان بندر پر قبضہ امریکی افواج کے انخلا کے اعلان کے بعد سے طالبان کی سب سے بڑی کام یابی ہے۔ قندوز کی صوبائی کونسل کے رکن نے اس پر کہا کہ طالبان نے تمام سرحدی چوکیوں پر قبضہ کرلیا جب کہ فوج کے ایک افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اے ایف پی کو بتایا کہ ہمیں تمام چوکیاں چھوڑنے پر مجبور کردیا گیا اور ہمارے کچھ فوجی سرحد عبور کر کے تاجکستان چلے گئے۔ دوسری جانب طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے تصدیق کی کہ طالبان جنگجوؤں نے دریائے پاینج کے پار گزرگاہ پر قبضہ کر لیا ہے اور مجاہدین شیر خان بندر اور قندوز میں تاجکستان سے ملحقہ سرحدی گزر گاہوں پر مکمل کنٹرول حاصل کر چکے ہیں۔
جوہر ٹاؤن بم دھماکا
لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں بم دھماکا قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کا سبب بنا۔ 23 جون کو اس افسوس ناک واقعے میں پولیس اہلکار سمیت 3 افراد جاں بحق جب کہ 21 کے زخمی ہونے کی خبر آئی تھی۔ دھماکا اللہ ھو چوک کے قریب ہوا جس سے قریبی گھروں اور گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ پولیس نے لاہور کی ابتدائی رپورٹ میں بتایا کہ دھماکے میں 15 سے 20 کلو گرام دھماکا خیز مواد اور غیرملکی ساختہ مواد استعمال ہوا۔ دھماکا خیز مواد کار میں نصب تھا اور کنٹرول ڈیوائس سے کیا گیا۔
قومی شاہراہیں، ہوائی اڈے گروی رکھنے کی منظوری دے دی
پاکستان کی وفاقی کابینہ نے سکوک بانڈز کے ذریعے ملک کے ہوائی اڈے اور موٹرویز کو گروی رکھ کر قرضہ حاصل کرنے کے منصوبے کی منظوری دی۔ 23 جون کو اس خبر پر اپوزیشن کی جانب سے تحریک انصاف کی وفاقی حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا۔ حکومت کا کہنا تھا کہ پیسہ حاصل کرنے کا مقصد ملک کے بجٹ خسارے کو سہارا دینا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ملک کی پہلی حکومت نہیں ہے جو سکوک بانڈ کی ذریعے قرضہ حاصل کرنے کی پالیسی پر کاربند ہے۔ ماضی میں پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ نواز کے ادوار میں بھی سکوک بانڈز کے ذریعے قومی اثاثے گروی رکھ کر قرضہ حاصل کیا گیا تھا۔ تاہم پاکستان تحریک انصاف نے نواز لیگ کے دور میں اس پالیسی کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا لیکن اب وہ خود اس پالیسی کے ذریعے قرضہ حاصل کر رہی ہے۔ دستاویز کے مطابق حکومت جن اثاثوں کے بدلے قرض حاصل کرنا چاہتی ہے ان میں لاہور کا علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ، اسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ اور ملتان انٹرنیشنل ایئرپورٹ شامل ہیں۔
ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنس: نوازشریف کی دونوں اپیلیں خارج
اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنس میں نوازشریف کی دونوں اپیلیں خارج کردیں۔24جون کو اس خبر کے مطابق جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی نے کیس پر محفوظ کیا گیا فیصلہ سنایا۔ عدالت نے اپیلیں خارج کرتے ہوئے کہا کہ میاں محمد نواز شریف کو ٹرائل کورٹ میں فیئر ٹرائل کا بھرپور موقع دیا گیا جس کے بعد سزا کا فیصلہ ہوا۔ فیصلے میں کہا گیا کہ نواز شریف ضمانت پر ہونے کے باوجود بیرونِ ملک چلے گئے اور اس عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔ نواز شریف بغیر کسی مناسب اور جائز وجہ کے عدالت سے مسلسل غیر حاضر ہیں۔ عدالتی فیصلے کے مطابق مفرور ہونے کی وجہ سے نواز شریف عدالت کے روبہ رو اپنا اپیل کا حق کھو بیٹھے ہیں۔
کھیل کے میدان سے پی ایس ایل کا فیصلہ آگیا
ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو 47 رنز سے شکست دے کر پی ایس ایل 6 کی ٹرافی اپنے نام کرلی۔ ابوظبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کے فائنل میں 24 جون کو فتح یاب ہونے والی ٹیم کا اعلان کیا گیا تو شائقین نے جشن منایا اور اپنے فیورٹ کھلاڑیوں کے لیے جذبات کا والہانہ اظہار کیا۔ میچ میں ملتان سلطانز نے صہیب مقصود اور ریلی روسوو کی جارحانہ اننگز کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹ کے نقصان پر 206 رنز بنائے جس کے جواب میں پشاور زلمی کی پوری ٹیم 9 وکٹ کے نقصان پر 159 رنز ہی بناسکی۔ صہیب مقصود کو شاندار اننگز کھیلنے پر مین آف دی میچ دیا گیا۔
پاکستان گرے لسٹ میں برقرار
فنانسشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) نے پاکستان کو گرے لسٹ میں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا جس کی خبر25 جون کو میڈیا کی زینت بنی۔ پاکستان نے 2018 کے ایکشن پلان کے 27 میں سے 26 شرائط پوری کرلیں اور ایف اے ٹی ایف کا کہنا ہے کہ فروری 2021 سے اب تک پاکستان نے 3 میں سے 2 اقدامات کر لیے ہیں، پاکستان نے 27 میں سے 26 اہداف حاصل کر لیے ہیں۔ ایف اے ٹی ایف کا کہنا ہے کہ پاکستان کی پیش رفت پر اطمینان ہے، پاکستان کو سزا کے نظام کو بہتر بنانا ہوگا۔ پاکستان کو آخری شرط سے منسلک 6 نکات پر عمل کرنا ہوگا اور پاکستان کو تمام 27 اہداف حاصل کیے بغیر گرے لسٹ سے نہیں نکالا جا سکتا۔