سالِ نو 2022 کے موقع پر چینی صدر کا تہنیتی پیغام جاری

صدر شی جن پھنگ کا کہنا تھا کہ کووِڈ 19 کی عالمی وبا میں چین نے کورونا ویکسین کی 2 ارب خوراکیں دنیا میں تقسیم کی ہیں


ویب ڈیسک January 01, 2022
اپنے پالیسی بیان میں صدر شی جن پھنگ کا کہنا تھا کہ کووِڈ 19 کی عالمی وبا میں چین نے کورونا ویکسین کی 2 ارب خوراکیں دنیا میں تقسیم کی ہیں۔ (فوٹو: چائنا میڈیا)

RIYADH: نئے سال کے آغاز پر چینی صدر شی جن پھنگ کا پالیسی تہنیتی پیغام جاری کردیا گیا ہے جس میں انہوں نے گزشتہ سال کے دوران چین کی متنوع فیہ کامیابیوں کا جائزہ لیتے ہوئے، مستقبل کے لائحہ عمل پر بھی بات کی ہے۔

اس پیغام کا مکمل متن یہ ہے:

''2022 کی آمد آمد ہے۔ میں بیجنگ سے آپ کو نئے سال کی مبارک باد پیش کرتا ہوں۔

''2021 کا جائزہ لیا جائے تو پتا چلتا ہے کہ یہ ایک غیر معمولی سال رہا۔ کمیونسٹ پارٹی آف چائنا اور ملکی تاریخ کے اہم واقعات رونما ہوئے جو اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتے ہیں۔ پہلے صد سالہ ہدف کی تکمیل کے بعد دوسرے صد سالہ ہدف کو عملی جامہ پہنانے کا عمل شروع ہو چکا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ہم نے ہمہ گیر طور پر جدید سوشلسٹ ملک کی تعمیر کا آغاز بھی کیا ہے اور چینی قوم کی نشاۃ ثانیہ کی راہ پر گامزن ہیں۔

''2021 کے آغاز سے اختتام تک تمام لوگ کھیتوں، صنعتی و کاروباری اداروں، کمیونیٹیز، اسکولوں، اسپتالوں، فوجی کیمپوں اور سائنسی ریسرچ اداروں سمیت مختلف شعبہ جات میں مصروف رہے، انہوں نے خدمات سرانجام دیتے ہوئے بہت ساری کامیابیاں سمیٹی ہیں۔ ہم نے ایک متحرک اور طاقتور چین دیکھا اور محسوس کیا ہے جو انتہائی مضبوط، لچکدار اور تیزی سے ترقی کرنے والا ہے۔ اس سرزمین پر ملنسار اور محترم لوگ ہیں جن کی وجہ سے ملک دن دگنی رات چوگنی ترقی کر رہا ہے اور زندگی کے تمام شعبہ جات میں مستقل پیش رفت جاری ہے۔

''یکم جولائی کو کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کے قیام کی 100ویں سالگرہ منائی گئی۔ میں تیان آن من چبوترے پر کھڑے ہوتے ہوئے جذبات سے لبریز تھا۔ تاریخی سفر ہنگامہ خیز رہا ہے۔ کمیونسٹ پارٹی آف چائنا نے کروڑوں چینی عوام کی قیادت کرتے ہوئے مختلف مشکلات پر قابو پایا ہے اور مختلف خطرات سے نمٹتے ہوئے گزشتہ ایک صدی میں غیر معمولی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ اپنے اولین مقاصد کی تکمیل کےلیے ہمیں کٹھن جدوجہد کی ضرورت ہے تاکہ تاریخ اور عوام دونوں کے سامنے سرخرو ہوا جا سکے۔

''سی پی سی کی انیسویں مرکزی کمیٹی کے چھٹے کل رکنی اجلاس میں پارٹی کی تیسری تاریخی نوعیت کی قرارداد منظور کی گئی۔ صد سالہ کامیابیاں حیرت انگیز ہیں اور سو سال کے تجربات متاثر کن ہیں۔ میں نے ماو زے تنگ اور ہوانگ یان پے صاحب کے درمیان ہونے والی بات چیت کا حوالہ دیا ہے اور میرے خیال میں ہم صرف ''خود انقلاب'' سے تاریخی ترقی میں فعال کردار ادا کر سکتے ہیں۔ چینی قوم کی عظیم نشاۃ ثانیہ کی تکمیل کوئی آسان ہدف نہیں ہے اور نہ ہی اس کا راستہ ہموار ہے۔ ہمیں دوررس نقطہ نظر اپنانا چاہیے، ممکنہ خطرات کے حوالے سے ہمیشہ فکر مندی کی سوچ اپنانی چاہیئے۔ مضبوط حکمت عملی پر عمل درآمد کے دوران ہر ایک ''چھوٹے بڑے'' اقدام پر بھی زور دینا چاہیئے۔

''چین ایک بڑا ملک ہے اور اس کی ترجیحات بھی اُسی قدر زیادہ ہیں۔ لیکن ان تمام امور کا تعلق عوام سے ہے۔ میں نے متعدد علاقوں کے دورے کیے ہیں اور اس دوران مجھے بے شمار متاثر کن چیزیں دیکھنے کو ملی ہیں۔ شہریوں سے بات چیت کے دوران میں نے اُن کے حالات زندگی سے متعلق دریافت کیا اور ان تمام امور کو میں ہمیشہ اپنے ذہن میں رکھتا ہوں۔

''میرے لیے عوام کی تشویش سب سے بڑھ کر ہے اور عوام کی خواہشات کے مطابق ہی عمل کرتا ہوں۔ میں خود دیہی علاقے سے تعلق رکھتا ہوں اور مجھے غربت کا بخوبی ادراک ہے۔

''نسلوں کی مشترکہ کوششوں کے باعث غربت کے شکار لوگوں کےلیے آج روٹی، کپڑے کا مسئلہ حل ہو چکا ہے، ان کے بچے سکول جا سکتے ہیں اور رہائش اور طبی بیمے کو یقینی بنایا گیا ہے۔ جامع خوشحال معاشرے کا قیام اور غربت سے نجات، سی پی سی کی ذمہ داری ہے اور دنیا کےلیے اہم خدمت ہے۔ عوام کی بہتر زندگی کےلیے ہمیں موجودہ کامیابیوں کو ناکافی تصور کرتے ہوئے ایک طویل فاصلہ طے کرنا ہے۔

''دریائے زرد کا تحفظ چینی قوم کی ہزاروں سال کی دیرینہ خواہش ہے۔ حالیہ برسوں کے دوران میں نے دریائے زرد کے طاس کے تمام نوصوبوں اور خوداختیار علاقوں کا دورہ کیا ہے۔ خواہ ''مادر دریا'' دریائے زرد اور دریائے یانگسی ہوں، یا پھر چھنگ ہائی جھیل، دریائے یارلنگ زانگبو ہو ؛ یا پھر جنوب سے شمال تک منصوبہ آب ہو یا سائی ہان با میں جنگلات کا ''سبز نقشہ'' ہو، خواہ صوبہ یون نان میں ہاتھیوں کے جنوب سے شمال تک اور پھر شمال سے واپس جنوب تک کا سفر ہو، یا تبتی ہرنوں کی افزائش یا ہجرت، یہ سب ظاہر کرتے ہیں کہ اگر انسان ماحول کا تحفظ کرے گا، تو ماحول بھی لازماً انسان کی حفاظت کرے گا۔

''اس سال بے شمار ناقابل فراموش چینی آوازیں، چینی لمحات اور چینی کہانیاں بھی سامنے آئی ہیں۔ نوجوانوں نے پارٹی پر اعتماد برقرار رکھتے ہوئے ملک کو مضبوط بنانے کےلیے تیار رہنے کا حلف اٹھایا ہے، ملک کی سرحد کے تحفظ کی خاطر شہید ہونے والے ایک نوجوان سپاہی نے ''پرخلوص محبت، صرف چین کےلیے'' سے اپنے جذبے کا اظہار کیا۔ ''زو رونگ'' ڈٹیکٹر نے مریخ سے متعلق تحقیق کی، ''شی حہ'' سیٹلائٹ نے سورج پر نظر رکھی، اسپیس اسٹیشن کا کور ماڈیول ''تیان حہ'' اپنےخلائی مشن پر ہے۔ بھرپور محنت کرنے والے کھلاڑی، انسداد وبا کےلیے متحد سارے عوام، آفت زدہ علاقوں کی تعمیر نو کےلیے باہمی مدد و تعاون کرنے والے عوام، عوامی سپاہ آزادی کے کمانڈرز، مسلح پولیس دستوں کے اہلکار، بے شمار عام ہیروز نے مل کر جدوجہد کی اور نئے عہد میں چین کے آگے بڑھنے کا مضبوط دھارا تشکیل دیا گیا ہے۔

''مادر وطن ہمیشہ ہانگ کانگ اور مکاؤ کی خوشحالی و استحکام کو اہمیت دیتی ہے۔ صرف مل کر مشترکہ کوششوں سے ہی ''ایک ملک دو نظام'' کومستحکم طور پر فروغ دیا جائے گا۔ ملک کی کامل وحدت آبنائے تائیوان کے دونوں کناروں کے ہم وطنوں کی مشترکہ تمنا ہے۔ پوری امید ہے کہ سارے چینی عوام ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر چینی قوم کے خوبصورت مستقبل کی تعمیر کریں گے۔

''دوسرے ملکوں کے رہنماؤں اور بین الاقوامی تنظیموں کے سربراہان کے ساتھ ٹیلی فونک یا ورچوئل بات چیت میں انہوں نے بار ہا چین اور دنیا میں انسداد وبا کی جدوجہد میں چین کی نمایاں کارکردگی اور خدمات کو سراہا ہے۔ تاحال چین ایک سو بیس سے زائد ممالک اور بین الاقوامی تنظیموں کو کووڈ 19 ویکسین کی دو ارب خوراکیں فراہم کر چکا ہے۔ دنیا کے تمام ممالک ایک ہی کشتی کے مسافر ہیں اور ہمارے مستقبل ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں، صرف اتحاد اور تعاون سے ہی بنی نوع انسان کے ہم نصیب معاشرے کا نیا باب رقم کیا جا سکتا ہے۔

''ایک ماہ بعد بیجنگ سرمائی اولمپکس اور پیرا اولمپکس شروع ہونے جا رہے ہیں۔ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو سرمائی کھیلوں میں شامل کرنا اولمپک تحریک کا اصل مقصد اور کلیدی نظریہ ہے۔ ہم خلوص دل سے دنیا کےلیے ایک شاندار اولمپک گیمز پیش کریں گے۔ دنیا چین کی منتظر ہے اور چین ہر لحاظ سے تیار ہے۔

''نئے سال کی گھنٹی بج رہی ہے۔ اس وقت ہمارے تین خلا باز وسیع خلا میں موجود ہیں۔ بیرون ملک مقیم چینی ہم وطن حسب معمول محنت کر رہے ہیں۔ دوسرے ممالک میں موجود ہمارے سفارتی اداروں، چینی صنعتی و کاروباری اداروں کے اہلکار اور طلباء اپنے اپنے کاموں میں مصروف ہیں، خوابوں کی جستجو کرنے والے بے شمار لوگ اب بھی جدوجہد کر رہے ہیں۔ ہم آپ کی محنت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ میں آپ تمام لوگوں کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے نئے سال کی مبارک باد پیش کرتا ہوں۔

''آئیے ہم ایک ساتھ مل کر مستقبل کا خیر مقدم کریں۔ ہم ملک و قوم کی خوشحالی و استحکام کےلیے دعا گو ہیں۔''

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔