کراچی اسٹاک مارکیٹ تیزی کی بڑی لہر نے4حدیں بحال کر دیں

کے ایس ای100 انڈیکس436 پوائنٹس کے اضافے سے26677 ہوگیا،406 کمپنیوں کا کاروبار،295 میں اضافہ، 96 کے دام کم ہوگئے


Business Reporter February 13, 2014
کے ایس ای100 انڈیکس436 پوائنٹس کے اضافے سے26677 ہوگیا،406 کمپنیوں کا کاروبار،295 میں اضافہ، 96 کے دام کم ہوگئے.فوٹو : آئی این پی/فائل

کراچی اسٹاک ایکس چینج میں چند روزہ متواتر مندی کے بعد بدھ کو غیرمتوقع طور پر تیزی کی بڑی لہر رونما ہوئی۔

جس سے انڈیکس کی26300، 26400 ،26500 اور26600 کی چار حدیں بیک وقت بحال ہوگئیں۔ تیزی کے باعث72.66 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں97 ارب11 کروڑ 54 لاکھ33 ہزار413 روپے کا اضافہ ہوگیا۔ ماہرین اسٹاک کا کہنا ہے کہ امریکا کی جانب سے اتحادی سپورٹ فنڈ کی مد میں ہونے والی ادائیگیوں، حکومت طالبان مذاکرات میں پیشرفت اور عالمی اسٹاک ایکس چینجز میں رونما ہونے والی تیزی کے اثرات مقامی اسٹاک مارکیٹ پر بھی مرتب ہوئے جس کی وجہ سے غیرمتوقع طور پر تیزی رونما ہوئی جو ایک موقع پر468.25 پوائنٹس کے اضافے تک جاپہنچی تھی تاہم بعد ازاں پرافٹ ٹیکنگ کا رحجان غالب ہونے سے تیزی کی مذکورہ شرح میں کمی واقع ہوئی۔

ٹریڈنگ کے دوران غیرملکیوں، بینکوں ومالیاتی اداروں، میوچل فنڈز، این بی ایف سیز اور دیگر آرگنائزیشنز کی جانب سے مجموعی طور پر65 لاکھ81 ہزار51 ڈالر مالیت کے سرمائے کا انخلا بھی کیا گیا لیکن اس انخلا کے باوجود مارکیٹ میں کسی بھی دورانیے پر مندی رونما نہ ہوسکی کیونکہ اس دوران مقامی کمپنیوں کی جانب سے30 لاکھ41 ہزار37 ڈالر اور انفرادی سرمایہ کاروں کی جانب سے 35 لاکھ40 ہزار14 ڈالرمالیت کی تازہ سرمایہ کاری کی گئی۔ کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس 436.86 پوائنٹس کے اضافے سے 26677.27 ہوگیا جبکہ کے ایس ای30 انڈیکس 353.14 پوائنٹس کے اضافے سے 19314.93 اور کے ایم آئی30 انڈیکس 681.97 پوائنٹس کے اضافے سے 44121.83 ہوگیا۔

کاروباری حجم منگل کی نسبت 27.54 فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر28 کروڑ43 لاکھ66 ہزار 740 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار406 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں 295 کے بھاؤ میں اضافہ 96 کے داموں میں کمی اور 15 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ جن کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ان میں رفحان میظ کے بھاؤ 334.16 روپے بڑھ کر7017.41 روپے اور وائتھ پاکستان کے بھاؤ129 روپے بڑھ کر 4879 روپے ہوگئے جبکہ نیسلے پاکستان کے بھاؤ262.36 روپے کم ہوکر9920.14 روپے اور باٹا پاکستان کے بھاؤ 89.42 روپے کم ہوکر 3010.58 روپے ہوگئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں