اس ریسٹورینٹ میں برگر کھاتے ہوئے سائیکل چلا کر بجلی بنائی جاتی ہے

سائیکل کا پیڈل گھمانے میں توانائی لگتی ہے اور گاہک وہاں بیٹھے بیٹھے اپنی کیلوریز جلا بھی سکتا ہے۔

سائیکل کا پیڈل گھمانے میں توانائی لگتی ہے اور گاہک وہاں بیٹھے بیٹھے اپنی کیلوریز جلا بھی سکتا ہے۔ (تصاویر: میکڈونلڈز چائنا/ سوشل میڈیا)

لاہور:
سوشل میڈیا پر چین میں ایسے ریسٹورینٹس کی تصویریں اور ویڈیوز وائرل ہورہی ہیں جہاں میز کے ساتھ سائیکل والی کرسیاں بھی نصب ہیں۔ وہاں بیٹھ کر فاسٹ فوڈ کھانے والے گاہک سائیکل چلاتے ہوئے بجلی بناتے ہیں جس سے وہ اپنے موبائل فون بھی چارج کرتے ہیں۔

یہ انوکھا منصوبہ دنیا کی مشہور فاسٹ فوڈ کمپنی 'میکڈونلڈز' نے چین میں شنگھائی اور گوانگڈونگ میں اپنے دو ریسٹورینٹس سے شروع کیا ہے۔

میکڈونلڈز چائنا کے مطابق، یہ میزیں اور کرسیاں بھی ماحول دوست ہیں کیونکہ یہ استعمال شدہ پلاسٹک سے تیار کی گئی ہیں۔




ایسی ہر کرسی کی نشست کے نیچے ایک ساکن (اسٹیشنری) سائیکل بھی نصب ہے جس کے پیڈل ایک ڈائنامو سے منسلک ہیں جو پیڈل گھومنے پر بجلی بناتا ہے اور اس بجلی سے میز پر رکھا ہوا موبائل فون چارج کیا جاسکتا ہے۔



سائیکل کا پیڈل گھمانے میں توانائی صرف ہوتی ہے اور یوں کوئی گاہک وہاں بیٹھے بیٹھے اپنی کیلوریز جلا بھی سکتا ہے۔



میکڈونلڈز چائنا کا کہنا ہے کہ فی الحال ان کا یہ ماحول دوست اور صحت دوست منصوبہ ابتدائی مرحلے پر ہے۔ اگر لوگوں کی اکثریت نے اسے پسند کیا تو پھر دوسرے ریسٹورینٹس میں بھی اسی طرح کی ''کھاؤ پیو، کیلوریز گھٹاؤ، بجلی بناؤ'' قسم کی میزیں کرسیاں نصب کی جائیں گی۔
Load Next Story