فیکٹری کے کیمیکل ٹینک کی صفائی کے دوران دم گھٹنے سے 4 مزدور جاں بحق

جاں بحق ہونے والے مزدوروں کی عمریں 22 سے 30 سال کے درمیان بتائی جاتی ہیں، پولیس


ویب ڈیسک January 03, 2022
جاں بحق ہونے والے مزدوروں کی عمریں 22 سے 30 سال کے درمیان بتائی جاتی ہیں، پولیس - فوٹو:فائل

شاہ لطیف ٹاؤن کے علاقے بھینس کالونی موڑ چوکنڈی اسٹاپ کے قریب گارمنٹس فیکٹری کے زیرِ زمین ٹینک کی صفائی کے دوران 4 افراد دم گھٹ جانے کے باعث جاں بحق ہوگئے جبکہ ایک کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر نے بتایا کہ فیکٹری ورکرز زیرِ زمین کیمیکل ٹینک کی صفائی کر رہے تھے کہ زہریلی گیس کے باعث دم گھٹنے سے جاں بحق ہوگئے، اس حوالے سے شاہ لطیف ٹاؤن پولیس واقعہ کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔

پولیس نے کہا کہ جاں بحق ہونے والوں کی لاشوں کو چھیپا کے رضا کاروں نے ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال پہنچایا جہاں ان کی شناخت شیراز، غلام حسین، عمران اور شہریار کے نام سے کی گئیں جن کی عمریں 22 سال سے 30 سال کے درمیان بتائی جاتی ہیں۔

جناح اسپتال میں موجود یعقوب خاصخیلی نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والوں میں غلام حسین اور شیراز آپس میں کزن اور دونوں ان کے بھتیجے ہیں جو کہ جام کنڈو گوٹھ شاہ لطیف ٹاؤن کے رہائشی ہیں اور مذکورہ گارمنٹس فیکٹری میں ملازمت کرتے تھے۔

انہوں ںے بتایا کہ کیمیکل گیس کی صفائی کے دوران زہریلی گیس سے دم گھٹنے سے 5 ملازمین متاثر ہوئے تھے جس میں سے 4 افراد دم توڑ گئے جبکہ ایک ورکر کو قریب ہی قائم نجی اسپتال میں طبی امداد فراہم دی جا رہی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔