کراچی میں آشنا کے ساتھ مل کر شوہر کو قتل کرنے والی بیوی گرفتار

ملزمہ کے آشنا کمال کی گرفتاری کے لیے پولیس چھاپے مار رہی ہے، پولیس


ویب ڈیسک January 03, 2022
ملزمہ کے آشنا کمال کی گرفتاری کے لیے پولیس چھاپے مار رہی ہے، پولیس - فوٹو:فائل

شاہ فیصل کالونی پولیس نے گرین ٹاؤن میں اتوار کو لیاقت نامی شخص کے قتل کا معمہ حل کرلیا۔ پولیس نے مقتول کی بیوی کو قتل کے الزام میں گرفتار کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ایس ایس پی کورنگی شاہجہاں خان کے مطابق اتوار 2 جنوری کو قتل کی واردات کے بعد جب پولیس نے تحقیقات کا آغاز کیا تو مالک مکان راشد نے پولیس کو بیان دیا کہ ایک ماہ قبل کمال نامی شخص نجمہ خاتون کے ہمراہ آیا تھا اور مکان کرایہ پر لیا تھا جبکہ ایک ہفتے قبل لیاقت نامی شخص بھی مکان میں آیا تھا جس کا کمال سے جھگڑا ہوا تھا جس کے بعد ہمیں پتہ چلا کہ نجمہ لیاقت کی بیوی ہے۔

پولیس کے مطابق جھگڑے کے دوران شور شرابہ ہونے پر کمال نامی شخص گھر سے بھاگ گیا جس کے بعد لیاقت کبھی کبھی اپنی بیوی سے ملنے آتا رہتا تھا، اس بیان پر شاہ فیصل کالونی پولیس نے شک کی بنا پر مقتول کی اہلیہ نجمہ سے پوچھ گچھ کی تو اس نے مبینہ طور پر قتل کا اعتراف کرلیا۔

مقتول کی اہلیہ نے پولیس کو بتایا کہ کمال کے ساتھ اس کے ناجائز تعلقات تھے اور ایک ماہ قبل ہم نے یہ مکان کرایہ پر لیا تھا اور میں اپنے شوہر سے ناراض ہو کر کمال کے ساتھ یہاں رہ رہی تھی چند روز قبل لیاقت کو پتہ چل گیا اور وہ یہاں آیا اور مجھے کمال کے ساتھ دیکھ کر اس کی کمال کے ساتھ تلخ کلامی ہوئی اور پھر اتوار 2 جنوری کو کمال مجھے اپنے ساتھ ملیر ہالٹ ریلوے اسٹیشن لے گیا جہاں پر بیٹھ کر ہم نے لیاقت کو قتل کرنے کا منصوبہ بنایا اور اسی دن شام کو میں نے لیاقت کو فون کر کے گھر بلایا جب لیاقت گھر میں آیا اور ٹی وی دیکھ رہا تھا تو کمال نے عقب سے اس کے سر میں ڈنڈا مارا اور تیز دھار آلے سے اس کے پیٹ اور کمر پر وار کیے جس سے وہ زخمی ہو گیا۔

مقتول کی اہلیہ کے مطابق بعدازاں لیاقت کے پاؤں باندھے اور اپنا دوپٹہ کمال کو دیا جس نے لیاقت کے گلے میں باندھ کر گلا دبایا جس سے وہ ہلاک ہوگیا بعدازاں کمال نے مجھ سے کہا کہ تم شور مچاؤ کے کچھ لڑکوں نے میرے شوہر کو چھریاں مار کر قتل کر دیا۔

خاتون کے بیان پر شاہ فیصل کالونی پولیس نے مقتول کی اہلیہ کو گرفتار کر کے قتل کی دفعہ کے تحت مقدمہ درج کرلیا جبکہ ملزمہ کے آشنا کمال کی گرفتاری کے لیے پولیس چھاپے مار رہی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں