انکشافات اور ثبوت عمران خان سمیت پی ٹی آئی کو فارغ کرنے کیلیے کافی ہیں مریم نواز

عمران خان کو صادق اور امین قرار دینے والے جواب دہ ہیں، مریم نواز


ویب ڈیسک January 04, 2022
عمران خان کی تلاشی لی تو بال بال چوری میں ڈوبا ہوا نکلا، مریم نواز (فائل فوٹو)

QUETTA: مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ انکشافات اور ثبوت عمران خان سمیت پوری تحریک انصاف کو فارغ کرنے کے لیے کافی ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف کی ممنوعہ فنڈنگ کے حوالے سے سامنے آنے والی الیکشن کمیشن کی اسکروٹنی رپورٹ پر ردعمل دیتے ہوئے مریم نواز نے کا کہنا تھا کہ دوسروں پر الزام لگانے والے عمران خان کا بال بال چوری میں ڈوبا ہوا ہے، ایسے بھیانک چہرے والے شخص کو صادق اور امین قرار دینے والے قوم کو جواب دہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 'عمران خان نے نا صرف چوری کی اور چھپائی بلکہ عوام کی جیبوں پر ڈاکا ڈالا، ان کی محنت اور خون پسینے کی کمائی پر عیاشی بھی کی'۔

مزید پڑھیں: پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن سے اکاؤنٹس چھپائے، اسکروٹنی رپورٹ میں انکشاف

مریم نواز نے کہا کہ اتنے سنگین فراڈ اور اسکینڈل ملکی تاریخ میں کسی جماعت کے سامنے نہیں آئے، انصاف کے نام پر پاکستان کو دھوکا دینے والے عمران خان کا بھانڈہ بیچ چوراہے پر پھوٹ چکا ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا پاکستان کی تاریخ میں عمران خان جیسا کرپٹ، جھوٹا اور سازشی حکمران آیا ہے۔؟

مسلم لیگ کی نائب صدر نے کہا کہ عمران خان کے بھیانک چہرے کو چھپانے اور اُسے صادق و امین قرار دینے والے جواب دہ ہیں۔

قبل ازیں الیکشن کمیشن آف پاکستان کی اسکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ جاری ہوئی، جس میں بتایا گیا کہ تحریک انصاف نے 77 میں سے صرف 12 اکاؤنٹس ظاہر کیے جب کہ 53 بینک اکاؤنٹس اور 31 کروڑ روپے کی رقم چھپائی گئی۔

بعد ازاں وفاقی وزیراطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسکروٹنی کمیٹی نے اسٹیٹ بینک کی جو رپورٹ پیش کی وہ مسلم لیگ (ن) کے دور میں تیار کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ 18 اکاؤنٹس میں سے پاکستان تحریک انصاف کے 8 اکاؤنٹس غیر فعال ہیں جبکہ 10 اکاؤنٹس میں سے 6 کو سبسڈی کے طور پر ڈیل کیا جاتا ہے، بعض جگہ رقم کو دو بار شمار کیا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں